Inquilab Logo

لوکل ٹرین میں عام مسافروں کو سفر کی اجازت سےمتعلق ریلوے کے پاس کوئی جواب نہیں

Updated: July 09, 2021, 12:21 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

پی آر اونےکہا: اس سلسلے میں ریاستی حکومت کے فیصلے کے مطابق عمل کیا جائے گا،ویسے پوری تیاری سے لوکل ٹرینیں پہلے سے ہی چلائی جارہی ہیں

No decision has yet been made on whether to allow ordinary passengers to travel on local trains.Picture:Inquilab
لوکل ٹرینوں میںعام مسافروں کو سفر کی اجازت دینے کے تعلق سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکاہے تصویر انقلاب

 شہرمیں کورونا کے معاملات میں خاطر خواہ کمی کے باوجود لوکل ٹرینوں میں عام مسافروں کو سفر کی اجازت ابھی تک نہیں دی گئی ہے اور نہ ہی اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ انہیں یہ اجازت کب تک دی جاسکتی ہے۔ ریلوے نے پہلے کی طرح پھر اسے ریاست کا معاملہ بتاکر گیند  ریاستی حکومت کے پالے میں ڈال دی ہے اور موجودہ حالات کے سبب فیصلہ ریاستی حکومت پر چھوڑا ہے۔ اس لئے ممبئی واسیوں کو لوکل ٹرینوں میں سفر کیلئے ابھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔ حالات میں تیزی سے آنے والی بہتری اور کووڈ کیسز میں‌کمی کے سبب  یہ امید کی جارہی تھی کہ شاید عنقریب یہ بتادیا جائے کو فلاں تاریخ سے عام مسافر لوکل ٹرینوں میں دوبارہ  پہلے کی طرح سفر کرسکیں گے لیکن اب بھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ذمہ دار اور حالات پر نگاہ رکھنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک لوکل ٹرین خدمات پوری طرح بحال نہیں‌ ہوں گی اس وقت تک نہ تو کاروبار قاعدے سے شروع ہو گا اور نہ ہی شہر کا مضافات سے مکمل رابطہ بحال ہوسکے گا۔
 سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار  اور ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکور نے صحت عامہ کو ریاست کا‌ معاملہ قرار دے کر اس سلسلے میں کوئی واضح جواب دینے سے انکار کیاہے۔ ساتھ ہی یہ بھی دہرایا کہ کووڈ وباء کے اس دور میں صحت عامہ اور سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے محض لازمی خدمات پر مامور عملہ کو ہی ٹرینوں میں سفر کی اجازت دی ہے۔ اس لئے عام مسافروں کو کب اجازت دی جائے گی، فی الوقت  ریلوے کے پاس اس کا واضح جواب نہیں ہے بلکہ اس کا جواب ریاستی حکومت ہی دے سکتی ہے۔ ویسے ریلوے نے اپنی تیاری پہلے سے ہی پوری کر لی ہے اور تمام احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے لوکل خدمات مہیا کروائی جا رہی ہیں۔‌ریلوے انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ عام مسافروں کیلئےلوکل ٹرین چلانے کے لئے بھیڑ بھاڑ پر قابو پانا سب سے اہم مسئلہ ہے ۔اس سلسلے میں جہاں تک ریاستی حکومت کا معاملہ ہے تو شہری انتظامیہ کی جانب سے کووڈ کیسز میںکمی کا اعتراف تو کیا گیا ہے لیکن خطرہ برقرار رہنے کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کی وضاحت بی ایم سی کمشنر اقبال سنگھ چہل نے کی ہے۔ ان غیر یقینی حالات سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ ممبئی واسیوں کو ابھی کچھ وقت تک لوکل ٹرینوں کے بجائے دیگر ذرائع سفر سے ہی کسی صورت اپنی منزل تک پہنچنا ہوگا۔یہ الگ بات ہے کہ دیگر ذرائع پوری طرح سے ناکافی ثابت ہورہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK