Updated: August 09, 2025, 10:00 PM IST
| New Delhi
نان فلائنگ اسٹاف کے لیے بھی تبدیلی ہوگی۔ایئر انڈیا میں تقریباً۲۴؍ہزار ملازمین کا عملہ ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ ایئر انڈیا کے کیبن کریو کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کیا گیا ہے یا نہیں۔ فی الحال ایئر انڈیا میں پائلٹوں اور دیگر ملازمین دونوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر۵۸؍ سال ہے۔
ایئر انڈیا طیارہ۔ تصویر:آئی این این
ٹاٹا گروپ کی ایئر لائن ایئر انڈیا اپنے پائلٹوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا کر۶۵؍ سال کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر ملازمین یعنی نان فلائنگ اسٹاف کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر۶۰؍ سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ فی الحال ایئر انڈیا میں پائلٹوں اور دیگر ملازمین دونوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر ۵۸؍ سال ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کا اعلان ایئرلائن کے ٹاؤن ہال میں سی ای او اور ایم ڈی کیمبل ولسن نے کیا۔
ایئر انڈیا میں تقریباً۲۴؍ہزار ملازمین کا عملہ ہے۔ ان میں تقریباً۳۶۰۰؍ پائلٹ اور تقریباً۹۵۰۰؍ کیبن کریو ممبران شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ایئر انڈیا کے کیبن کریو کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کیا گیا ہے یا نہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ کی عمر اس وقت۵۸؍ سال ہے۔
وستارا میں ریٹائرمنٹ کی عمرپائلٹوں کے لیے۶۵؍ سال اور نان فلائنگ عملے کے لیے۶۰؍ سال تھی۔ وستارا ٹاٹا اور سنگاپور ایئر لائنز کا مشترکہ منصوبہ تھا۔ وستارا کا نومبر۲۰۲۴ء میں ایئر انڈیا کے ساتھ انضمام ہوا۔ انضمام کے دوران ایئر انڈیا کے پائلٹوں کے ایک طبقے میں اس بات پر عدم اطمینان تھا کہ ان کے اور وستارا میں ان کے ہم منصبوں کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر مختلف تھی۔
حالیہ دنوں میں کچھ پائلٹ اور کیبن کریو کے اراکین ایئر انڈیا چھوڑ چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر انڈیا کے پائلٹس کی ریٹائرمنٹ کی عمر اس وقت۵۸؍ سال ہے لیکن زیادہ تر پائلٹس کے لیے اسے بڑھا کر۶۵؍ سال کر دیا گیا ہے۔ یہ عمر تجارتی پائلٹوں کے لیے ہوا بازی کے ریگولیٹرڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) کے ذریعے منظور شدہ زیادہ سے زیادہ حد بھی ہے۔