Inquilab Logo

سیاسی مفادات کیلئے دیش واسیوں کو بانٹنے کی حکمراں محاذ کی کوشش

Updated: May 06, 2023, 9:24 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

پلوامہ ، بالا کوٹ ،کیا ہے سوال اورکیا ہے حقیقت ؟عنوان پر۱۰؍ سماجی ورفاہی تنظیموں کی جانب سے مراٹھی لائبریری دادرمیںمنعقدہ سمینار میں اہم شخصیات کا اظہارخیال

RPI senior leader Shyam Dada Gaikwad expressing his views at a seminar held in Dadar.
آرپی آئی کے سینئرلیڈر شیام دادا گائیکواڑ دادر میں منعقدہ سمینار میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے۔

پلوامہ ، بالا کوٹ ،کیا ہیںسوال اورکیا ہے حقیقت ؟عنوان پر۱۰؍ سماجی ورفاہی تنظیموں کی جانب سے مراٹھی لائبریری دادرمیںجمعرات کی شب میںایک سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سمینار کے انعقاد کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اس حادثے کی سچائی عام آدمی جانے اور اسے سمجھنے کی کوشش کرے اوریہ ذہن میں رکھے کہ سیاسی مفادات کے لئے کس طرح سے سازش کےتحت جوانوں کی شہادت پرپردہ ڈال دیا جاتا ہے۔
پلوامہ حملہ دیش کے ساتھ سب سے بڑا دھوکا 
 ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل سی جے راناڈے نے کہا کہ ’’ یہ بالکل صاف ہے کہ پلوامہ اوربالاکوٹ سازش کانتیجہ ہے۔میں کشمیرمیںکئی برس تک رہ چکا ہوں، جب بھی کوئی فوجی قافلہ گزرتا ہے یا کسی جگہ بڑے پیمانے پرنقل وحرکت ہوتی ہے توہرچیز کی جانچ کی جاتی ہے، ان راستوں کی معلومات خفیہ رکھی جاتی ہے، لیکن پلوامہ کے سانحے نے خود ہی سب کچھ بیان کردیا ہے۔ اسکے علاوہ سابق گورنر ستیہ پال ملک نے ہر چیزکواور کھول کر رکھ دیا ہے ۔‘‘ 
 آرپی آئی کے سینئرلیڈر شیام دادا گائیکواڑنے کہا کہ ’’پلوامہ حملہ دیش کے ساتھ سب سے بڑا دھوکا  ہے ۔ دیش کے جو موجودہ حالات ہیںاورجس طرح نفرت اورتشدد کے ذریعے لوگوں کولڑایا اور بانٹا جارہا ہے ایسے میںسمویدھان ،جمہوریت ، آزادی اورامن وبھائی چارا میںیقین رکھنے والے تمام ہندو مسلم سکھ عیسائی کو چاہئے کہ وہ قسم کھائیں  کہ وہ بی جے پی اورآر ایس ایس کواکھاڑ پھینکیں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ستیہ پال ملک نے حکمراں محاذ کے چہرے سے نقاب اتار دی ہے۔‘‘ 
 شیام گائیکواڑنے یہ بھی کہا کہ ’’ آئین کو ماننے والے ایک ہوں ،نفرت ختم کریںکیونکہ نفرت سے دیش نہیں چل سکتا۔ اندازہ کیجئے کہ ملک کے وزیراعظم محض سیاسی فائدے کیلئے کرناٹک اسمبلی انتخابات میںیہ کہہ رہے ہیںکہ ای وی ایم کااس طرح بٹن دباؤ کہ ووٹ بجرنگ بلی کو جائے ۔‘‘
سوال قائم کرنے والوں پردیش دروہ کا الزام  
 دلت پینتھرس سورن مہوتسو سمیتی کے صدر سبودھ مورے نے کہاکہ ’’ دیش واسی خوف کے ماحول میںجی رہے ہیں۔پلوامہ کی سچائی سامنے آتے ہی مودی حکومت کوسانپ سونگھ گیا اورایک لفظ کہنے کی ہمت نہیں ہوئی ۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’ سوال کرنے والو ں کودیش دروہی کہا جاتا ہے اوردیش بھکتی کے نام پرلوگوں کوبہکایا جارہا ہے۔ ‘‘ سبودھ مورے نے یہ بھی کہا کہ ’’ حکومت کی غلطی اورنا اہلی کے سبب ۴۰؍جوان شہید ہوئے ۔اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ سوال یہ ہے کہ ستیہ پال ملک کےحقیقت بیان کرنے پربی جے پی کیوں تلملا گئی ؟وہ تو بی جے پی کے ہی لیڈرہیں ۔ان کو خاموش کرنے کا کیا راز ہے ؟اسے عام آدمی جاننا چاہتا ہے۔‘‘ 
 کانگریس کی لیڈر اورنظامت کرنےوالی نیلا لمئے نے کہاکہ ’’پلوامہ ہو یا بالاکوٹ یادیگرسانحے ، سب کچھ ظاہر ہوگیا ہے کہ کس طرح سے ہوا اور کیا سازِ ش رچی گئی اورکس کی ناکامی کے نتیجے میں ہمارے جوانوں کی شہادت ہوئی ۔ اس لئے اب یہ طے کیجئے کہ تبدیلی لانی ہے اوراس کے لئے آپ کواپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہوگا ۔‘‘ 
 ۴؍سوالوں کےحکومت کوجواب دینا ہوگا
 فیروزمیٹھی بوروالا نےکہاکہ’’ ہم لوگوں نے سب سے پہلے پلوامہ حملے پرسوالات قائم کئے تھے تو ہم لوگو ںپرسوال کیا جارہا تھا،آج سچائی سب کے سامنے ہے۔انہوںنے ستیہ پال ملک کےبیان کردہ ۴؍ اہم نکات پر حاضرین کی توجہ دلائی ۔اول یہ کہ حادثے کی اطلاع دینے کے بعد نریندرمودی اور اجیت ڈوبھال نے انہیں خاموش رہنے کو کیوں کہا؟ دوسرےانتہائی سخت سیکوریٹی زون میں۳۰۰؍کلو آرڈی ایکس لے کر وہ گاڑی ۱۰؍ دن تک کیسے گھومتی رہی ؟ تیسرے انٹلی جنس الرٹ کے باوجود اسے نظرانداز کیوں کیا گیا ؟ چوتھے جوانوںکوہیلی کاپٹر کیوں مہیا نہیں کروائے گئے ؟ 
 اس موقع پریہ بھی اعلان کیا گیا کہ اس انتہائی اہم موضوع کوعام کرنے اورلوگوں کو جوڑنے کیلئے مہم چلائی جائے گی تاکہ ہر ہندوستانی تک جوانوں کی شہادت کی حقیقت پہنچ سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK