Inquilab Logo Happiest Places to Work

پی این جی کنکشن لینے پر کمپنیوں نے خصوصی ترغیبی اسکیم شروع کی

Updated: March 16, 2026, 8:07 PM IST | New Delhi

حکومت نے پیر کو عوام سے اپیل کی کہ جہاں ممکن ہو وہ رسوئی گیس کے لیے ایل پی جی کے بجائے پائپ کے ذریعے پی این جی کنکشن لیں، جس کے لیے کمپنیاں خصوصی ترغیب دے رہی ہیں۔

PNG Connection.Photo:INN
پی این جی کنکشن۔ تصویر:آئی این این

حکومت نے پیر کو عوام سے اپیل کی کہ جہاں ممکن ہو وہ رسوئی گیس کے لیے ایل پی جی کے بجائے پائپ کے ذریعے پی این جی کنکشن لیں، جس کے لیے کمپنیاں خصوصی ترغیب دے رہی ہیں۔  کچھ کمپنیوں نے ۵۰۰؍ روپے کی مفت گیس اور کچھ نے ضمانت کی رقم معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ جن لوگوں کے پاس ایل پی جی اور پی این جی دونوں کنکشن ہیں وہ ایل پی جی کنکشن واپس کر دیں۔  
حکومت نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا کے بحران کے باوجود رسوئی گیس صارفین کو سلنڈر کی باقاعدہ سپلائی کی جا رہی ہے، کئی ریاستوں میں کمرشیل  سلنڈر کی سپلائی شروع ہو گئی ہے اور ملک میں گھریلو ایل پی جی کی پیداوار بھی بڑھ کر ۳۶؍ فیصد ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ۹۲۷۰۰؍ ٹن ایل پی جی سے لدے دو ہندوستانی ٹینکروں میں سے ایک شوالک آج شام گجرات کے منڈرا بندرگاہ پر پہنچ رہا ہے اور دوسرے کے کل تک پہنچنے کی امید ہے۔ یہ دونوں ٹینکر چند دن پہلے ہی آبنائے ہرمز سے محفوظ نکلے تھے۔ 
مغربی ایشیائی ممالک میں پھنسے ہندوستانیوں میں سے دو لاکھ ۲۰؍ ہزار ہندوستانی اب تک وطن واپس آ چکے ہیں۔ پیٹرولیم اور قدرتی گیس وزارت میں مشترکہ سکریٹری سجاتا شرما نے  میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایل پی جی استعمال کرنے والے کمرشیل  ادارے اپنی متعلقہ سٹی گیس ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے ای میل، صارف پورٹل، خط یا کال سینٹر کے ذریعے رابطہ کر کے پی این جی میں منتقل ہو سکتے ہیں۔ کمپنیوں کی تفصیلات پی این جی سروس ویب سائٹوں پر دستیاب ہیں۔  
انہوں نے کہا کہ صاف ایندھن کی طرف عوام کو راغب کرنے کے لیے کئی کمپنیوں نے ترغیبی اسکیمیں شروع کی ہیں۔ اندرپرستھ گیس لمیٹڈ اور گیل گیس لمیٹڈ گھریلو صارفین کو ۳۱؍مارچ سے پہلے پی این جی کنکشن لینے اور گیس کی خرید شروع کرنے پر ۵۰۰؍ روپے مالیت کی مفت گیس دے رہی ہیں۔ مہانگر گیس لمیٹڈ نے نئے گھریلو صارفین کو رجسٹریشن فیس میں ۵۰۰؍ روپے کی رعایت کی پیشکش کی ہے۔  

یہ بھی پڑھئے:شان پین کا تیسرا آسکر، مگر تقریب میں غیرحاضری نے سب کو حیران کر دیا

کمرشیل  صارفین کے لیے اس نے اور بی پی سی ایل نے جمع رقم معاف کرنے کی بات کہی ہے۔ اس زمرے کے صارفین کے لیے سیکوریٹی ڈپازٹ ایک لاکھ روپے سے پانچ لاکھ روپے تک ہوتا ہے۔ افسران نے بتایا کہ پیٹرولیم اور قدرتی گیس ریگولیٹری بورڈ نے بھی کمپنیوں کو اضافی وسائل تعینات کرنے اور پی این جی کنکشن کے پھیلاؤ کی رفتار بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔  

یہ بھی پڑھئے:رافینہ کی ہیٹ ٹرک؛ بارسلونا کی سیویلا کے خلاف بڑی جیت

 شرما نے بتایا کہ صورتحال اب بھی تشویشناک ہے لیکن صارفین کو سلنڈر کی سپلائی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ڈسٹری بیوٹر کے پاس گیس ختم ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے صارفین سے آن لائن بکنگ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ۹۰؍ فیصد بکنگ آن لائن ہو رہی ہے۔   انہوں نے کہا کہ ڈیلیوری آتھنٹیکیشن کوڈ  کی شرح میں بھی بہتری آئی ہے، جو پہلے ۵۳؍ فیصد تھی لیکن کل یہ ۷۲؍ فیصد ہو گئی۔ انہوں نے کہاکہ ’’میں کمرشیل  ایل پی جی کے بارے میں بھی کہنا چاہوں گی کہ کئی ریاستوں میں کمرشل سلنڈر کی تقسیم شروع ہو گئی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK