Inquilab Logo

کسانوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیا جائےگا

Updated: November 16, 2021, 11:24 PM IST | saeed Ahmed | Mumbai

لکھیم پور کھیری میںوحشیانہ طریقے سے گاڑی سے روند کرقتل کئے گئے کسانوں کی کلش یاترا میںبڑی تعداد میںلوگ حصہ لے رہے ہیں۔کالے قوانین کی واپسی تک سنگھرش جاری رکھنے کا عہد

During the Ashti Kalash Yatra at Sion Koliwada, a large number of citizens paid homage.
سائن کولی واڑہ میں نکالی جانے والی استھی کلش یاترا کے دوران بڑی تعداد میں شہریوں نے گلہائے عقیدت پیش کیا۔

لکھیم پور کھیری میںوحشیانہ طریقے سے گاڑی سے روند کرقتل کئے گئے ۵؍ کسانوں کی  استھی کلش یاترا میںبڑی تعداد میںلوگ حصہ لے رہےہیںاوران کوخراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ اس کلش یاترا کے تحت ۱۴؍نومبر کی شام سے ۱۰؍روزہ بیداری مہم شروع کی گئی ہے جس کےتحت منگل ۱۶؍ نومبر کو سائن کولی واڑہ میںیہ یاترا نکالی گئی ۔اس میںبڑی تعداد میںلوگوںنے استھی پرگلہائے عقیدت نچھاور کئے اوریہ عہد کیا کہ کسانوں کی قربانی ضائع نہیںہونےدی جائے گی ،ان کسانوں کاخون ضرور رنگ لائے گا اورحکومت سیاہ زرعی قوانین واپس لینے پرمجبور ہوگی۔
 معروف سماجی خدمت گارمیدھا پاٹکرنے کہا کہ ’’ کسانوںکاسنگھر ش اورپُرامن احتجاج فیصلہ کن موڑپرآپہنچا ہے اوریہ احتجاج جسے ۲۶؍نومبر کو ایک سال پورے ہوجائیںگے ، کامیابی سے ہمکنار ہورہا ہے۔‘‘ان کے مطابق کسانوںکی کامیابی یہ ہے کہ اتنے طویل عرصے تک جاری رہنےو الےاحتجاج کو ناکام بنانے کی حکومت کی تمام کوششیں خود ناکام رہیںاورکسان مزید اتحاد و اتفاق سے اپنی لڑائی میںآگے بڑھتے رہے۔ کسان اس لئے حق پر ہیں کیونکہ ان پرایسا قانون تھوپا گیا ہےجو کسان اور کسانی کوبرباد کردے گا اورآج کسان جس آزادی کیساتھ کھیتی کررہے ہیں ، سیاہ قانون تھوپنے پران کی یہ آزادی ختم ہوجائے گی اوران پر کارپوریٹ گھرانوں کا قبضہ ہوگا ۔‘‘
 سی پی آئی کے ریاستی رکن نصیر الحق نے کہا کہ ’’ استھی کلش یاترا دراصل لوگوں کو جگانے اور حکومت کی ہٹ دھرمی کے خلاف لوگوں کوبیدار کرنے کا ایک طریقہ ہے جس سے گھر گھرتک کسانوںکے سنگھرش کی آوازپہنچ رہی ہے اورجو لوگ لکھیم پورکھیری نہیںپہنچ سکے تھے ،وہ کم ازکم ان کسانوں کی استھی کو دیکھ سکیں،ان پرگلہائے عقیدت نچھاورکرسکیںجنہوں نے سنگھرش کرتے ہوئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔ ان کی استھی یہ پیغام بھی دیتی ہے کہ اگرہم سنگھرش کرتے  ہوئے دنیا سے چلے گئے تو آپ لوگوں کی یہ ذمہ داری ہےکہ میدان میںآئیے اورکسان اورکسانی کوہی نہیںبلکہ آئین کوبھی بچانے کے لئے اپنا تعاون پیش کیجئے اوراپنی طاقت کاحکومت کو احساس بھی کروائیے۔‘‘
  استھیاں کسانوں کی قربانی کی گواہ ہیں
 سی پی آئی ممبئی کے سیکریٹری پرکاش ریڈی نے کہا کہ ’’ یہ استھیاںکسانوںکی قربانی کی گواہ ہیں، چنانچہ ہم سب پریہ لازم ہےکہ ہم ان کی قربانی کوگھرگھرلے جائیںاوریہ بتائیںکہ کس طرح حکومت کسانوں پرایسے کالے قانون تھوپ رہی ہے جس سے نہ کسان محفوظ رہےگا اورنہ کسانی بچ سکے گی۔‘‘ 
 کامریڈسہاس بنےنے کہاکہ ’’ ہم سب کو یہ طے کرلینا ہے کہ ہم کسانوں کوکسی طرح سے نقصان نہیںہونے دیںگے ۔اس کاطریقہ یہ ہے کہ ہم پوری طاقت لگادیں کہ کسی صورت یہ قانون پاس نہیں ہوسکے گا ۔اس کے لئےضروری ہے کہ ہم سب ایک رہیںاورجوپیغام سنیکت کسان مورچہ کی جانب سے دیا جارہا ہے اس کو سمجھیں اور اسے آگے بڑھاکرلوگوں کوجوڑیں،کیونکہ ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت اورکامیابی کی بنیاد ہے۔‘‘
 گرمیت سنگھ نے کہاکہ ’’ ہم ان کسانو ں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیںکہ آپ نے جس طرح اپنے جانوںکی قربانی دی ہے ،کسی صورت ہم سب اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے اوریہ بھی عہد کرتے ہیںکہ جس مقصدکےحصو ل کےلئے سنگھرش کرتے ہوئے آپ نے دنیا چھوڑی ہے ،ہم سب اسے اپنا مشن بنائیںگے اور اس وقت تک کوشش کرتے رہیں گے  جب تک کہ حکومت گھٹنے ٹیکنے اورسیاہ زرعی قوانین واپس لینے کا اعلان نہ کردے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK