Inquilab Logo

مودی کرپشن کا جو اسکول چلا رہے ہیں، انڈیا اتحاد اس پر تالا لگا دے گا:راہل گاندھی

Updated: April 21, 2024, 8:07 AM IST | Agency | New Delhi

ایکس پرایک پوسٹ میں راہل نے کہا کہ ’کرپشن سائنس‘ کے موضوع کے تحت `چندے کا دھندہ سمیت ہر باب مودی خود تفصیل سے پڑھا رہے ہیں، راہل نے بھاگلپور میں ریلی سے بھی خطاب کیا۔

Rahul Gandhi and Tejashwi Yadav during a rally in Bhagalpur. Photo: INN
راہل گاندھی اور تیجسوی یادوبھاگلپور میں جلسہ کے دوران۔ تصویر : آئی این این

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جس طرح بدعنوان لیڈروں کی حوصلہ افزائی کر کے بدعنوانی کو فروغ دے رہے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ وہ خود کرپشن کا اسکول چلا رہے ہیں۔راہل گاندھی نے کہا ’’نریندر مودی ملک میں `کرپشن کا اسکول چلا رہے ہیں جہاں وہ ’کرپشن سائنس‘ کے موضوع کے تحت `چندے کا دھندہ سمیت ہر باب خود تفصیل سے پڑھا رہے ہیں۔‘‘ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ  میں انہوں نے مودی حکومت کی بدعنوانی کے طریق کار کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیسے چھاپے کے ذریعے چندے کیسے بٹورے جاتے ہیں، کیسے عطیات لینے کے بعد ٹھیکے تقسیم کیے جاتے ہیں، بدعنوان لیڈروں کو دھونے والی واشنگ مشینیں کیسے کام کرتی ہیں؟ ایجنسیوں کو ریکوری ایجنٹ بنا کر، `بیل اورجیل کا کھیل کیسے ہوتا ہے۔‘‘راہل گاندھی نے مزیدکہا ’’بدعنوان لوگوں کی آماجگاہ بن چکی بی جے پی نے اپنے لیڈروں کیلئے اس `کریش کورس کو لازمی کر دیا ہے جس کی قیمت ملک کے عام لوگ ادا کر رہے ہیں۔ انڈیا اتحاد کی حکومت بدعنوانی کے اس اسکول پر تالا لگا کر اِس کورس کو ہمیشہ کے لئےبند کر دے گی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: نونیت رانا کے تعلق سے نازیبا الفاظ پر سنجے رائوت کو کوئی افسوس نہیں

دوسری جانب بھاگلپور میں ایک ریلی سے خطاب کے دوران کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سنیچر کو کہا کہ بی جے پی آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو غریبوں سے سب کچھ چھین لیا جائے گا۔  را ہل نے کہاکہ ’’آج ملک میں جمہوریت اور آئین کو بچانے کا انتخاب ہے۔ ایک طرف کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کا انڈیا اتحاد ہے جو ملک کے آئین اور جمہوریت کو بچانے میں مصروف ہے تو دوسری طرف آر ایس ایس-بی جے پی کا نظریہ ہے جو آئین اور جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ۴۰۰؍ سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کرنے والی بی جے پی ۱۵۰؍ سیٹوں تک محدود رہ جائے گی۔
 کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ آج ہندوستان میں۲۲؍ ایسے لوگ ہیں جن کے پاس۷۰؍ کروڑ ہندوستانیوں جتنی دولت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی عوام کی توجہ ہٹا رہے ہیں اور ملک کی ساری دولت امبانی-اڈانی کو دے رہے ہیں۔اگر انڈیا گروپ کی حکومت بنتی ہے تو ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کو ہر ماہ ساڑھے آٹھ ہزار روپے دیے جائیں گے۔بے روزگاری پر بحث کرتے ہوئے  را ہل گاندھی نے کہاکہ ’’آج نوجوان بے روزگار ہیں اورمودی نے ہندوستان کو بے روزگاری کا مرکز بنا دیا ہے۔ انہوں نے سبھی گریجویٹ نوجوانوں کو پرائیویٹ یا سرکاری کمپنیوں میں ایک سال تک ایک لاکھ روپیہ ملے گا ۔ ایک سال اپرنٹس پر گریجویٹ نوجوان ٹریننگ لیں گے اورآئندہ سال پرماننٹ ہوجائیں گے۔بھاگلپور میں ریلی کے دوران راہل کے ساتھ تیجسوی یادوبھی موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK