Inquilab Logo

وبا کے سائے میں دوسری عید، احتیاط پر عمل

Updated: May 14, 2021, 7:32 AM IST | riyaz

کورونا سے نجات اور امن عالم کیلئے دعائیں، اہل غزہ کو خصوصی طور پر یاد رکھاگیا، کئی ممالک میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کا بھی اہتمام

Eid prayers were held in Bradford, northern England, keeping in mind the social distance.Picture:Agency
شمالی انگلینڈ کے بریڈفورڈ میں سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئےنماز عید ادا کی گئی تصویر: ایجنسی

جمعرات کو   مشرق وسطیٰ ،  افریقی ممالک، یورپ کے بیشتر ممالک ، بر اعظم امریکہ کے بیشتر ممالک اور بر صغیر میں پاکستان میں عید الفطر لگاتار دوسرے سال کورونا کے سائے میں جوش مگر  احتیاط   کے ساتھ منائی گئی۔   سالِ گزشتہ کی طرح امسال بھی کئی مقامات پر عیدگاہیں  ویران رہیں اور مسلمانوں نے کورونا کی تدابیر کو اپناتے ہوئے عید کی چھوٹی چھوٹی جماعتوں کا اہتمام کیالیکن جہاں جہاں  نماز عید عید گاہوں میں ادا کی گئی وہاں روحانی مناظر دیکھنے کو ملے۔ اس دوران   پرودگار عالم  سےکورونا سے نجات   اور امن امان  کی خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔غزہ میں  اسرائیلی بمباری  کے دوران اہل غزہ کو بھی دعاؤں میں یاد رکھا گیا اور کچھ ممالک میں نمازعید کے بعد اسرائیل کے خلاف احتجاج کابھی  اہتمام کیاگیا۔ برصغیر میں پاکستان کو چھوڑ کرتمام ممالک میں آج عید منائی جائے گی۔ 
مکہ اور مدینہ میں نماز عید
  مسجد حرام میں عید الفطر کی نماز کا اجتماع کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر کے ساتھ  منعقد ہوا۔ اس موقع پر مکہ مکرمہ صوبے کے گورنر اور خادم حرمین شریفین کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل اور ان کے نائب شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔نماز عید کی امامت شاہی دیوان کے مشیر اور مسجد حرام کے امام و خطیب ڈاکٹر صالح بن حُمید نے کی۔ اس موقع پر اپنے خطبے میں انہوں نے اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی حمد و ثناء کی اور مسلمانوں کو تقویٰ اختیار کرنے کی نصیحت کی۔ ادھر مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں نماز عید کا اجتماع ہوا۔ اس موقع پر مدینہ منورہ صوبے کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے نائب شہزادہ سعود بن خالد الفیصل بھی موجود تھے۔نماز عید کی امامت مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ احمد بن طالب بن حُمید نے کی۔ انہوں نے اللہ تعالی کی تکبیر و تحمید کے بعد ماہ رمضان میں روزے اور رات کے قیام کی نعمت ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔اس سے قبل مسجد حرام کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے حرمین شریفین میں عید کے دوران میں نمازیوں کے استقبال کے لیے اپنی تیاری کی سطح بلند کر دی تھی۔ ان خصوصی اور بھرپور انتظامات کا مقصد معتمرین اور نمازیوں کے لیے محفوظ اور پر سکون ماحول فراہم کرنا  تھا۔ 
اسرائیلی حملوں کے بیچ قبلہ اول میں بھی نماز عید ادا کی گئی 
 مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسلمانوں کے قبلۂ اوّل مسجد اقصیٰ میں ہزاروں فلسطینیوں نے جمعرات کی صبح عیدالفطر کی نماز ادا کی ہے۔ یاد رہے کہ اسی متبرک مسجد میں گزشتہ چند روز کے دوران میں اسرائیلی سیکوریٹی فورسیز نے فلسطینی عبادت گزاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ مسجد اقصیٰ میں  ایک ساتھ سیکڑوں مسلمانوں نے نماز ادا کی اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے دعا ء مانگی۔
پاکستان میں عید   
  پڑوسی ملک پاکستان میں بھی  جمعرات کو عیدالفطر منائی گئی ۔ اس دوران پاکستان کے متعدد شہروں میں نماز عید کے روح پرور  اجتماعات دیکھنے کو ملے ۔ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا ۔  یہاں نماز کے بعد کورونا کے خاتمے اور فلسطین میں امن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

نماز عید کے بعد جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی ۔ مظاہرین نے اسرائیل مخالف نعرے بازی کی۔   پڑوسی شہر راولپنڈی  کے لیاقت باغ میں بھی سب سے بڑا اجتماع نماز عید ہوا اور نماز ادا کی گئی۔   ان  شہروں کے علاوہ پاکستان کے سب سے بڑے شہروںکراچی اور  لاہور میں بھی عید کا تہوار روایتی تزک و احتشام سے منایا گیا۔ یورپ  کے بیشتر ممالک میں عیدمنائی گئی ۔براعظم یورپ میں برطانیہ سمیت متعدد ممالک میں جمعرات کو ہی عید منائی گئی ۔ برطانیہ کے لندن ، مانچسٹر ، بریڈ فورڈ برمنگھم اور دیگر شہروں میں اسلامی کمیونٹی سینٹرس میں نماز عید ادا کی گئی ۔ اس کے بعد مقامی کمیونٹیز کے ساتھ مل کر عید کا تہوار منایا گیا۔ برطانیہ کے علاوہ  فرانس ، نیدر لینڈ ، بلجیم ، اسپین ، بلغاریہ  اور دیگر ممالک میں بھی مقامی مسلمانوں نے عید کا تہوار منایا۔

eid namaaz Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK