اقتصادی ماہرین کے مطابق چند معاشی عوامل کے سبب بازار کے کاروبارمیں تیزی آسکتی ہے۔
EPAPER
Updated: October 03, 2023, 11:44 AM IST | Agency | Mumbai
اقتصادی ماہرین کے مطابق چند معاشی عوامل کے سبب بازار کے کاروبارمیں تیزی آسکتی ہے۔
رواں ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ہوسکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ آر بی آئی کی پالیسی میٹنگ، مینوفیکچرنگ اور خدمات کے اعدادوشمار، فیڈ تقریر، ایف آئی آئی کے بہاؤ، برینٹ خام تیل کی قیمتوں اور آئندہ آئی پی او پر نظر رکھے گی۔ اس ہفتے کے پہلے دن یعنی پیرکو گاندھی جینتی کے موقع پر بازار بند تھا۔
آر بی آئی پالیسی میٹنگ
ریزرو بینک آف انڈیا(آربی آئی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی میٹنگ۴۔۶؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے درمیان ہونے والی ہے۔ اس میٹنگ کے نتائج کا اعلان۶؍ اکتوبر کو کیا جائے گا۔ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ آر بی آئی ریپو ریٹ یعنی سود کی شرح کو برقرار رکھ سکتا ہے جیسا کہ یہ لگاتار چوتھی بار ہے۔ اس کے پیچھے بڑی وجہ خردہ افراط زر ہے۔ریپو ریٹ کا فیصلہ کرنے میں خردہ افراط زر ایک اہم عنصر ہے۔ اس کے علاوہ امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو نے اپنی حالیہ میٹنگ میں شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
مینوفیکچرنگ اور خدمات کے اعداد وشمار
ہندوستان کا مینوفیکچرنگ پی ایم آئی۳؍ اکتوبر کو جاری کیا جائے گا تاکہ معلوم ہو سکے کہ ستمبر میں ملک میں مینوفیکچرنگ کی سرگرمیاں کیسی تھیں۔ سروسیز پی ایم آئی، جو سروس سیکٹر کی سرگرمیوں کا حساب لگاتا ہے ۵؍ اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔
فیڈ تقریر
اگست میں امریکہ میں ذاتی کھپت کے اخراجات(پی سی ای) انڈیکس میں۲۰۲۰ء کے بعد ماہانہ بنیادوں پر سب سے کم رفتار سے اضافہ ہوا۔ یہ افراط زر کا اندازہ لگانے کیلئے فیڈرل ریزرو کا بنیادی میٹرک ہے۔ اب فیڈ ممبران آنے والے ہفتے میں بہت سے پروگرامز میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ ۲؍ اکتوبر کوفیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول اور پیٹرک ہارکر پنسلوانیا میں کاروباری مالکان کے ساتھ گول میز مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ بومن بدھ کو ایک بینکنگ کانفرنس میں خطاب کرنے والے ہیں۔
تیل کی قیمتیں
برینٹ فیوچرتقریباً۲ء۲؍ فیصد بڑھ کر ۹۵ء۳۱؍ ڈالر فی بیرل ہو گیا۔ تیسری سہ ماہی میں اس میں۲۷؍ فیصد اضافہ ہواتھا۔ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ(ڈبلیو ٹی آئی ) ہفتے کیلئے ۱؍فیصداور سہ ماہی کیلئے ۲۹؍فیصدپربند ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں کی رفتار کا فیصلہ اب۴؍ اکتوبر کو ہونے والے اوپیک اجلاس میں کیا جائے گا تاہم روس اور سعودی عرب سے سپلائی بڑھنے سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔
ایف آئی آئی فلو
گزشتہ ہفتے غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی ) نے خالص ۸۴۳۰ء۷۷؍ کروڑ روپے کے حصص فروخت کئے جبکہ گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ڈی آئی آئی ) نے خالص ۸۱۴۳ء۲۸؍کروڑ روپے کے حصص خریدے۔ ستمبر کے پورے مہینے میں ایف آئی آئی نے ۲۶۶۹۲ء۱۶؍ کروڑ روپے کے خالص ایکویٹی حصص فروخت کئے ہیں جبکہ ڈی آئی آئی نے ۲۰۳۱۲ء۶۵؍ کروڑ روپے کے خالص ایکویٹی حصص خریدے ہیں۔
آئی پی او کا جاری ہونا
ابتدائی عوامی پیشکش یعنی آئی پی او کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرائمری مارکیٹ اس ہفتے بھی فعال رہے گی۔ اس ہفتے پلازہ وائرس کا آئی پی او ۵؍اکتوبر کو بند ہو جائے گا اور ویلینٹ لیبریٹریز کا آئی پی اور ۳؍ اکتوبر کو بند ہو جائے گا جبکہ جے ایس ڈبلیو انفراسٹرکچر اور جیولری ریٹیلر ویبھو جیولرس ۳؍ اکتوبر کو اسٹاک مارکیٹ میں درج ہوں گے۔ آنے والے ہفتے میں بہادر لیبارٹریز کو بھی درج کیا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں گراوٹ دیکھی گئی
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز یعنی جمعہ کو اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی۔ سینسیکس ۳۲۰؍ پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ۶۵۸۲۸؍ پر بند ہوا۔ نفٹی میں بھی۱۱۴؍ پوائنٹس کا اضافہ ہوا، یہ۱۹۶۳۸؍ کی سطح پر بند ہوا جبکہ پچھلے کاروباری ہفتے میں۳۰؍ حصص والے بی ایس ای سینسیکس میں۰ء۲۷؍ فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔ نفٹی میں بھی۰ء۱۸؍ فیصد کی گراوٹ آئی تھی۔