Inquilab Logo

چین کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی کے اہم اجلاس کا آغاز

Updated: October 17, 2022, 1:31 PM IST | Agency | Beijing

چین کے صدر شی جن پنگ نے۲۰؍ ویں قومی کانگریس کے اجلاس کا افتتاح کیا ،مسئلۂ تائیوان کو اپنے خطاب میں خصوصی اہمیت دی ، کہا :ہم نے ہمیشہ تائیوان میں اپنے ہم وطنوں کا احترام کیا ، ان کاخیال رکھا اور انہیں فائدہ پہنچایا۔ قومی دفاع اور فوج کو جدید بنانے پر زور دیا ۔ سخت حفاظتی انتظاما ت کئےگئے

Chinese President Xi Jinping in the important meeting..Picture:AP/PTI
اہم اجلاس میں چین کے صدر شی جن پنگ۔ تصویر: اےپی / پی ٹی آئی

 اتوار سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی)  کی۲۰؍ ویں   قومی کانگریس کے اہم  اجلاس کا آغاز ہوا ۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق  چین کے صدر شی جن پنگ نے اتوار کو دارالحکومت بیجنگ کے ’گریٹ ہال آف دی پیپل‘ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے  اجلاس کا  افتتاح کیا۔  انہوں نے  بیجنگ میں منعقد ہونے والے  اجلاس میں  ۱۹؍ویں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی۲۰؍ویں قومی کانگریس میں رپورٹ پیش کی۔حکمراں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کا  یہ اجلاس ۷؍ دنوں تک جاری رہے گا۔ بیجنگ میں  کمیونسٹ پارٹی کایہ اجلاس ہر پانچ سال بعد ہوتا ہے۔ اسی دوران چین کے صدر شی جن پنگ نے اتوار کو کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) تائیوان کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ایک جامع پالیسی پر عمل درآمد کرے گی اور قومی یکجہتی کے مقصد کو آگے بڑھائے گی۔۲۰؍ویں سی پی سی نیشنل کانگریس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا، ’’تائیوان کا حل چین کے عوام کا معاملہ ہے، اسے یہاں کے عوام کو حل کرنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا، ’’ہم سب سے  پوری ایمانداری کے ساتھ دوبارہ  پرامن  اتحاد کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے لیکن ہم طاقت کے استعمال کو ترک کرنے کا وعدہ کبھی نہیں کریں گے اور ہم تمام ضروری اقدامات کرنے کا’ اختیار‘ محفوظ رکھتے ہیں۔ کچھ علاحدگی پسند ’تائیوان کی آزادی‘  اور اپنی علاحدگی پسند سرگرمیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ کسی بھی طرح سے ہمارے تائیوان کے ہم وطنوں کے جذبات کی ترجمانی نہیں   ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ،’’ تاریخ کا پہیہ چین کے اتحاد اور قوم کے احیاء کی طرف رواں دواں ہے۔   ہمارے ملک کے مکمل انضمام کو محسوس کیا جانا چاہئے اور اسے کسی شبہ کے بغیر سمجھا جا سکتا ہے۔‘‘
 انہوں نے یہ بھی کہا ،’’ ہم نے ہمیشہ تائیوان میں اپنے ہم وطنوں کا احترام کیا ، ان   کاخیال رکھا  اور انہیں فائدہ پہنچایا۔ ہم آبنائےتائیوان میں اقتصادی، ثقافتی تبادلے اور تعاون کو فروغ دینا جاری رکھیں گے۔‘‘ دریں اثناء چین کے صدر شی جن پنگ نے  مزید کہا ،’’ ۲۰۲۷ء میں پیپلز لبریشن آرمی کے صد سالہ اہداف کو حاصل کرنے اور عوام کی مسلح افواج کو تیزی سے عالمی معیار کے مطابق بنانے سے ایک جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر ہو گی۔‘‘ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی۲۰؍ویں قومی کانگریس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جن پنگ نے پارٹی کارکنوں سے متعلق کہا، ’’ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ وہ ہمیشہ پارٹی کے احکامات پر عمل کریں۔ ہم عوام کی مسلح افواج میں پارٹی کی گرفت کو مضبوط کریں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا ،’’ پارٹی مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین کے ساتھ ساتھ  اہم ذمہ داری  سنبھالنے والے اداروں اور طریقہ کار میں اصلاحات کرے گی۔‘‘ جن پنگ نے کہا ،’’ سی پی سی عوامی مسلح افواج میں پارٹی تنظیموں کو مضبوط کرے گی، معمول کی سرگرمیاں انجام دے گی اور فوج کے سیاسی کام کاج کو بہتر بنانے کیلئے ادارے قائم کرے گی۔ یہ فوج کے طرز عمل کو بہتر بنانے، نظم و ضبط کے نفاذ اور بدعنوانی سے نمٹنے کیلئے بھی مسلسل کوششیں کرے گی۔‘‘  جن پنگ نے کہا ،’’ سی پی سی فوجی تربیت کی تیز کرے گی اور پورے بورڈ میں جنگی تیاریوں میں اضافہ کرے گی۔ ملٹری گورننس کو مضبوط کرے گی۔  مربوط قومی حکمت عملیوں  اور دیگر صلاحیتوں کو مضبوط کرے گی   اوراسے بڑھائے گی۔‘‘  اجلاس کے دوران دارالحکومت بیجنگ میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔ مسافروں کو اضافی سیکوریٹی سے گزرنا پڑ ۔ رضاکاروں کی ایک فوج ہر محلے میں  مامور کی گئی جو کسی بھی غیرمعمولی حرکت کی اطلاع دے گی۔  چین نے امریکہ یاکسی  کانام لئے بغیر یہ بھی کہا ،’’چین ہر طرح کی بالادستی اور طاقت کی سیاست کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ سرد جنگ کی ذہنیت کی مخالفت کرتا ہے، دوسرے ممالک کی ملکی سیاست میں مداخلت کی مخالفت کرتا ہے، دوہرے معیار کی مخالفت کرتا ہے۔ ‘‘چین کے صدر شی جن پنگ کا  یہ بھی کہنا تھا کہ بیجنگ موسمیاتی تبدیلی کیخلاف عالمی جنگ کیلئے پرعزم ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK