وزیر اعظم نریندر مودی نے سڈنی میں اپنے خطاب میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے رشتوں پر روشنی ڈالی ، ۳؍سی سے ۳؍ ای تک کے سفر کو بھی واضح کیا ۔ یہ بھی کہا :ہم ملک کو ایک خاندان کے طورپر دیکھتے ہیں اور دنیا کو بھی ایک خاندان سمجھتے ہیں۔ وطن عزیز کی بھی خصوصیات بیان کیں، کہا: ہندوستان ہزاروں سال کی زندہ تہذیب ہے، ہندوستان جمہوریت کی ماں ہے
منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے سڈنی میں ہندوستانی برادری سے خطاب کے دوران ہندوستان اور آسٹریلیا کے تعلقات کے مختلف پہلو ؤ ںپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہند- آسٹریلیا کے رشتے کی سب سے مضبوط بنیاد باہمی اعتماد اور باہمی احترام ہے۔ ساتھ ہی اپنے ہندوستان کی خصوصیات بیان کیں اور اپنی حکومت کی حصولیابیاں بھی بتائیں۔ اس دوران آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ہندوستان کا نیا قونصل خانہ کھولنے کا بھی اعلان کیا۔
منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم انٹونی البنیز کے ساتھ ہندوستانی برادری کے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ،’’ ایک وقت تھا جب ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کی تعریف ۳؍سی سے کی جاتی تھی، یہ تینوں کامن ویلتھ، کرکٹ اور کری تھے۔ اس کے بعد ۳؍ ڈی بنا جو ڈیموکرسی (جمہوریت)، ڈائیسپورا( تر ک وطن ) اور دوستی ہے۔جب یہ۳؍ ای بنا تو یہ انر جی(توانائی)، اکنامک( معیشت) اور ایجوکیشن (تعلیم )کے بارے میں تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کی اصل گہرائی ان ’سی، ڈی اور ای‘ سے آگے ہے۔اس رشتے کی سب سے مضبوط اور سب سے بڑی بنیاد دراصل باہمی اعتماد اور باہمی احترام ہے اور اس کی اصل وجہ غیرمقیم ہندوستانی برادری ہے۔‘‘
انہوں نے کہا ،’’ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کتنا بھی جغرافیائی فاصلہ کیوں نہ ہوں؟ بحر ہند ہمیں جوڑتا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ دونوں ممالک کا طرز زندگی کتنا ہی مختلف ہے؟یوگ ہمیں متحد کرتا ہے۔ کرکٹ ایک ایسی چیز ہے جس نے ہمیں مدتوں سے جوڑے رکھا ہے۔ اور اب ٹینس اور سینما دیگر ستون ہیں جو دونوں ملکوں کو متحد کرتے ہیں۔‘‘
وزیراعظم نے یہ بھی کہا ،‘‘ ہم ملک کو ایک خاندان کے طور پر دیکھتے ہیں اور دنیا کو بھی ایک خاندان سمجھتے ہیں۔جب ہندوستان ماحولیات کے تحفظ کیلئے شمسی توانائی کیلئے بڑے اہداف طے کرتا ہے تو وہ کہتا ہے – ایک سورج، ایک دنیا، ایک گرڈ۔ جب ہندوستان عالمی برادری کی صحت مند ہونے کی خواہش ظاہر کرتا ہے تو وہ کہتا ہے –کہ ایک کرۂ ارض ، ایک نظام صحت۔‘‘
وزیر اعظم نے ۹؍ سال مکمل ہونے پر اپنی حصولیابیاں بھی بتائیں۔ ان کا کہنا تھا،’’ ہندوستان نے گزشتہ۹؍ سال میں بہت ترقی کی ہے۔ ہم نے غریبوں کیلئے تقریباً۵۰؍ کروڑ بینک اکاؤنٹس کھولے ہیں ۔‘‘انہوں نے ہندوستان کے خصوصیات بیان کرتےہوئے کہا ، ’’ ہندوستان ہزاروں سال کی زندہ تہذیب ہے۔ ہندوستان جمہوریت کی ماں ہے۔ ہم نے وقت کے ساتھ خود کوہم آہنگ کیا اورہمیشہ اپنے بنیادی اصولوں پر قائم رہے ہیں۔‘‘ وزیراعظم کےبقول:’’ غیر مقیم ہندوستانی برادری کے دیرینہ مطالبہ کے جواب میں میں یہ اعلان کرتاہوں کہ ہندوستانی قونصل خانہ جلد ہی برسبین میں قائم کیا جائے گا۔‘‘