Inquilab Logo

ناسک ضلع میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک ہزار ۴۱۶؍ تک پہنچ گئی

Updated: June 06, 2020, 4:30 AM IST | Mukhtar Adeel | Nasik

مالیگائوں کے بھی ۱۰۵؍ مریض شامل ،ناندگائوں سب سے زیادہ متاثر،۳۷؍مریضوں کی نگہداشت جاری ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

کووڈ ۱۹؍ کے پھیلائو سے وہ علاقے متاثر ہورہے ہیں جہاں گزرے ڈھائی مہینے سے مریضوں کی تعداد صفر تھی ۔ضلع ناسک کے چاندوڑ ،دنڈوری ،نپھاڑ ،دیولہ ، ناندگائوں ، ایولہ ،اگت پوری ، باگلان اور مالیگائوں دیہی علاقے میں متاثر پائے گئے ہیں ۔ان قصبوں میں سب سے زیادہ خراب صورتحال ناندگائوں کی ہے۔یہاں ۳۷؍پازیٹیو کیسز ہیں جبکہ ایولہ میں ۱۷؍مریض پائے گئے ہیں ۔یہ وہ علاقے ہیں جو لاک ڈائون کے ۴؍مراحل میں کورونا سے بالکل پاک تھے ۔کئی علاقوں میں آج بھی مریضوں کی تعداد صفر ہے۔ پونے اور ممبئی کے بعد ریاست کے تیسرے کورونا ہاٹ اسپاٹ مالیگائوں میں صورتحال قابو میں مگر متاثرین کی تعداد میں اضافہ برقرار ہے۔مالیگائوں کے مغربی حصے میں کورونا کے متاثرین بڑھ رہے ہیں جبکہ مشرقی حصے میں جہاں مسلم بستیاں ہیں مریضوں کی تعداد میں گراوٹ آئی ہے۔فاران اسپتال اور جیون اسپتال میں باالترتیب ۱۲؍ اور ۷؍مریضوں کے ایڈمٹ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ حج ٹریننگ سینٹر میں ۹؍مریضوں کو نگہداشت کیلئے رکھا گیا ہے ۔اسی طرح ایم جی ودیامندرٹرسٹ کی عمارت میں بنے کووڈ کیئر سینٹر میں ۳۷؍مریضوں کے زیر علاج ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
  اس سلسلے میں ضلع ناسک کے کلکٹر سورج مانڈھرے نے کہا کہ مالیگائوں میونسپل کارپوریشن حدود میں ایکٹیو کیسز کی تعداد ۱۰۵؍ ہے جبکہ مالیگائوں دیہی علاقے سے ۴؍مریض سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا خاتمہ کرنے کیلئے ضروری ہیکہ اس بیماری سے متاثرہ شہری علاج کیلئے سامنے آئیں ۔ ادھرمالیگائوں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے قرنطینہ قرار د ئیے گئے علاقوں میں تخفیف وتوسیع کا سلسلہ جاری ہے۔میونسپل کمشنر دیپک کاسار نے کہا کہ ایسے علاقے جو قرنطینہ میں شامل نہیں ہیں وہاں کاروباری تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے شہری انتظامیہ کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے تحت ایک دن راستے کی ایک جانب اور دوسرے دن راستے کی دوسری جانب دکانیں کھولی جائیں گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK