Inquilab Logo

دنیا کی کل آبادی امسال۷۵؍ ملین بڑھ کر ۸؍ارب ہوگئی،۷؍ سے ۸؍ارب ہونے میں ۱۲ء۶؍سال لگے

Updated: December 30, 2023, 9:37 AM IST | Agency | Washington

امریکی مردم شماری محکمہ کی رپورٹ ،کہاکہ۱۹۵۰ء کی دہائی کے بعد سے ہی دنیا کی آبادی میں اضافے کی رفتار کم ہو رہی ہے،۲۰۵۵ء تک ۱۰؍ارب کا ہندسہ چھونے کا امکان۔

The report claims that the US population has grown at a slower pace. Photo: INN
رپورٹ کا دعویٰ ہے کہ امریکی آبادی میں سست رو اضافہ ہوا ہے۔ تصویر : آئی این این

دنیا کی آبادی امسال ۷۵؍ ملین بڑھی ہے ۔ امریکہ کے   مردم شماری بیورو کا کہنا کہ ۲۰۲۳ء میں دنیا کی آبادی میں۷۵؍ ملین افراد کا اضافہ ہوا اور شرح نمو۰ء۹۵؍ فیصد رہی۔ سال نو کے روز دنیا کی مجموعی آبادی ۸؍ارب سے بھی زیادہ ہو چکی ہو گی۔
امریکہ کے مردم شماری بیورو نے جمعرات کے روز جو نئے اعداد و شمار جاری کیے، اس میں کہا گیا ہے کہ ۲۰۲۳ء کے دوران دنیاکی آبادی میں۷۵؍ ملین افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسکے مطابق نئے سال کے پہلے دن دنیا کی مجموعی آبادی۸؍ ارب سے بھی زیادہ افراد پر مشتمل ہوگی۔ یکم جنوری ۲۰۲۴ء کو دنیا کی متوقع آبادی ۸؍ارب ایک کروڑ۹۸؍لاکھ ۷۶؍ہزار ۱۸۹؍ ہونے کا امکان ہے۔ ۲۰۲۳ء کے پہلے دن کے مقابلے میں اس میں۰ء۹۵؍  فیصد کی شرح سے ۷؍کروڑ۵۱؍لاکھ ۶۲؍ہزار ۵۴۱؍ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ مردم شماری بیورو کے مطابق ۲۰۲۴ء  کے آغاز میں دنیا بھر میں ہر سیکنڈ کے دوران ۴ء۳؍ افراد کی پیدائش اور ۲؍ لوگوں کی موت کا اندازہ ہے۔ امریکی آبادی میں سست رو اضافہ ہوا ہے۔  امریکہ کی شرح نمو۰ء۵۳؍فیصد رہی، جو دنیا بھر کے دیگر ملکوں کے اوسط اعداد و شمار کے نصف سے بھی زیادہ ہے۔ اس برس امریکہ میں تقریباً ۱۷؍ لاکھ افراد کا ہی اضافہ ہوا اور نئے سال کے روز اس کی مجموعی آبادی۳۳۵ء۸؍  ملین افراد پر مشتمل ہو گی۔ 
رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۴ء کے آغاز میں امریکہ میں ہر ۹؍ سیکنڈ میں ایک بچے کی پیدائش اور ہر۹ء۵؍ سیکنڈ میں ایک شخص کی موت کا امکان ہے۔ لیکن امیگریشن کی وجہ سے ملک کی آبادی میں کمی نہیں آئے گی۔ بین الاقوامی نقل مکانی سے ہر۲۸ء۳؍ سیکنڈ میں امریکی آبادی میں ایک شخص کے اضافے کی توقع ہے۔ امریکی مردم شماری بیورو کا تخمینہ ہے کہ۲۶؍ ستمبر۲۰۲۳ء  کو دنیا کی آبادی ۸؍ ارب تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم اقوام متحدہ  کے اندازہ کے مطابق ایسا۱۵؍ نومبر۲۰۲۲ء کو ہی ہو گیا تھا۔۱۹۵۰ء کی دہائی کے بعد سے ہی دنیا کی آبادی میں اضافے کی رفتار کم ہو رہی ہے۔ عالمی آبادی کو۷؍ ارب سے ۸؍ ارب تک پہنچنے میں ساڑھے ۱۲؍برس کا وقت لگا۔ لیکن مردم شماری بیورو کا کہنا ہے کہ اسے ۸؍ ارب سے ۹؍ ارب تک پہنچنے میں۱۴ء۱؍ سال  لگیں گے۔ یعنی  ۲۰۵۵ء تک دنیا کی آبادی ۱۰؍ارب تک پہنچ سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK