Inquilab Logo

دیونار مذبح میں جانور لانے والے بیوپاری تذبذب کا شکار

Updated: June 13, 2021, 7:43 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

تاجروں کی جانب سے عید قرباں کیلئے حکومت اور کارپوریشن کو خط لکھ کر متوجہ کیا گیالیکن اب تک کوئی جواب نہیں ملا، ہر سال دیونار مارکیٹ میں جانور وں اور تاجروں کے رہنے کیلئےشیڈ اور باڑے وغیرہ بنائےجاتے تھے لیکن اس سال اب تک اس طرح کا کوئی کام بھی شروع نہیں ہواہے،سرکار کی جانب سے قربانی کی کوئی گائیڈ لائن جاری نہ کئے جانے سے بھی بے چینی

Many questions are circulating in the minds of traders regarding the importation of animals in Deonar.Picture:PTI
دیونارمیںجانور لائے جانے کے تعلق سے تاجروں کے ذہن میںکئی سوال گردش کررہے ہیں

دیونار مذبح میں عید قرباں کیلئے متعدد ریاستوں سے آنے والے بڑے جانوروں کے علاوہ بکرے ،بھیڑ او ر دنبہ  لانے والے بیوپاری  تذبذب کا شکارہیں ۔ کیوں کہ  اب تک حکومت کی جانب سے قربانی کیلئے کوئی گائیڈ لائن جاری نہیں کی گئی ہے ۔ ہر سال دیونار مارکیٹ میں جانور وں اور تاجروں  کے رہنے کیلئے شیڈ اور  باڑے وغیرہ بنائےجاتے تھے لیکن اس سال  اب تک اس طرح کا کوئی کام بھی شروع نہیں کیاگیاہے۔ایک ہفتہ قبل اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ اور میونسپل کارپوریشن کو تاجروں کی ایک تنظیم  کے ذریعہ خط دے کر اس جانب توجہ بھی دلائی گئی تھی لیکن اب تک اس کا کوئی جواب نہیں ملا ۔ البتہ دیونار میں واقع سبربن بیف ڈیلرس اسوسی ایشن نے یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے ممبران سے گفتگو کررہے ہیں اور بہت  جلد  دیونار  سلاٹر ہاؤس کےجنرل منیجر اور متعلقہ حکام سے بات چیت کریں گے ۔ 
 آل مہاراشٹر کھٹک اسوسی ایشن اینڈ پبلک ٹرسٹ کے صدر عقیل تائڑے نے نمائندہ ٔ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیونار مذبح میں قربانی کی تیاریاں تقریباً ایک ماہ قبل شروع کردی جاتی ہیں اور کم از کم ۱۰؍ دن پہلے قربانی کے بڑے اور چھوٹے جانور آنا شروع ہوجاتے ہیں ۔ملک کی دوسری ریاستوں سے آنے والے جانوروں اور  تاجروں کی رہائش کیلئے بہتر انتظامات میں عارضی شیڈ ، تاجروں اور جانوروں کیلئے پانی ، بجلی ، سی سی ٹی وی کیمرے، باڑے ، سیکوریٹی گارڈ ، صفائی کا خصوصی انتظام اورکینٹین وغیرہ بنائے جاتے ہیں ۔ عید قرباں میں  صرف ایک مہینہ باقی ہے اور اب تک انتظامی کاموں کی شروعات بھی نہیں ہوسکی ہے ۔ اس لئے دیونار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کی طرح  ریاستی حکومت اس سال بھی عید قرباں پر کوئی خاص توجہ نہیں د ے رہی ہے ۔ جبکہ گزشتہ برس قربانی سے ایک روز پہلے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر صرف بڑے جانوروں میں بھینس اور پاڑے کی  دیونار سلاٹر ہاؤس میں قربانی کی اجازت دی گئی تھی اور تینوں دنوں میںتقریباً  ساڑھے۴۰۰؍ بڑے جانوروں کی قربانی ادا کی گئی تھی۔ 
  عقیل تائڑے نے مزید کہا کہ۴؍ جون کو ہم نے عید قرباں کیلئے ایک خط وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور ممبئی  میونسپل کمشنر کوسونپ کر عیدالاضحی کے موقع پر شہر میں بکروں اور دیونار مذبح میں بڑے جانوروں کی قربانی کیلئے توجہ دلاتے ہوئے جواب مانگاہے کہ اگر کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوتا ہے تو حکومت اس جانب خصوصی توجہ دے کر قربانی کے جانوروں کو  دیونار میں لانے سے لے کر قربانی کرنے تک کی گائیڈ لائن جاری کرے اور واضح طور پر یہ بتائے کہ قربانی کیلئے کیا احتیاط اور ضابطےملحوظ رکھے جائیں  ۔ ہم حکومت کی گائیڈلائن کا احترام کرتے ہوئے اس پر عمل کریں گے ۔
 دیونار میں جانوروں کے تاجر شریف چاند محمد قریشی نے بتایا کہ میں بڑے اورچھوٹے جانوروں کیلئے اب تک دیونار جنرل منیجر ڈاکٹر یوگیش شیٹے کی جانب سے کوئی  ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے کہ امسال دیونار مذبح میں قربانی ہوگی کہ نہیں اور نہ  ہی حکومت مہاراشٹر نے بھی کوئی گائیڈ لائن جاری کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ دیونار میں قربانی کے جانور لانے والے راجستھان ، دہلی ، کانپور ، بریلی ، اجمیر اور دوسرے متعدد علاقوں  کے تاجر تذبذب کا شکار ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس سلسلے میںابھی سے وضاحت کردی جائے توقربانی کے جانوروں کے تاجر اسی حساب سے اپنا کاروبار شروع  کریں گے ۔
 ممبئی کے ایک تاجر نے  نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے گزشتہ برس عدالت میں پٹیشن دائر کرکے بڑے جانوروں کی قربانی کی اجازت حاصل کی تھی۔ اس سال تو ابھی تک کسی نے بھی عدالت کا دروازہ بھی نہیں کھٹکھٹایا ہے ۔ اس لئےتاجروں اورممبئی کے مسلمانوں میں بے چینی اور مایوسی پائی جارہی ہے ۔ اسی طرح دیونار مذبح میں واقع سبربن بیف ڈیلرس اسوسی ایشن کے نائب صدر انتظار قریشی نے کہا کہ اس سلسلے میں  روزنامہ انقلاب کی پیش قدمی کے بعد ہم نے فوری طور پراسوسی ایشن کے ممبران سے بات چیت شروع کردی ہے اور بہت جلد عید قرباں کے متعلق حکومت کے نمائندے  اور دیونار کے جنرل منیجر سے بات چیت کرکے قربانی کے جانوروں کو دیونار مذبح میں لانے سے لے کر ذبح کرنے تک کی اجازت حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ دیونار کے ایک افسر کے مطابق ابھی تک حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی گائیڈ لائن یا ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے ۔ دیونار جنرل منیجر ڈاکٹر یوگیش شیٹے نے اس موضوع پر پیر یا منگل کوگفتگو کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔  

deonar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK