Inquilab Logo

فلسطینیوں کی گرفتاریوں میں غیرمعمولی اضافہ ،اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کیا

Updated: December 03, 2023, 9:01 AM IST | Gaza

مشرقی القدس اور مقبوضہ مغربی کنارے سے ۳؍ہزار سے زائد گرفتاریاں، اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی اموات اور قیدیوں پر تشدد کی تحقیقات کی جائے:انسانی حقوق کے ہائی کمشنر

Israeli soldiers arresting a Palestinian man and taking him away
اسرائیلی فوجی ایک فلسطینی شخص کو گرفتار کرکے لے جاتے ہوئے

فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفترنےاسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی گرفتاریوں میں نمایاں اضافہ پرگہری تشویش کا اظہارکیا اور کہا کہ یہ بڑھتی ہوئی یہ گرفتاریاں قابل تشویش ہیں۔ ہائی کمشنر نے اسرائیل کی جیلوں میں قیدفلسطینیوں کی اموات اور قیدیوں پر تشدد کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔دفتر سےجاری بیان میں کہاگیاہےکہ اسرائیل نے ۷؍اکتوبر کو غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد سے مشرقی القدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں ۳؍ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتار کیاہے۔  ریکارڈتعداد میں فلسطینیوں کوبغیر کسی الزام یا مقدمہ کے گرفتار کیا گیا ہے۔خبروںکےمطابق انہوں نے مزید کہا کہ دو ماہ کے اندر اسرائیلی جیلوں میں۶؍فلسطینیوں کی موت ہوئی ہے۔ کئی دہائیوں میں اتنی مختصر مدت میں اموات کی یہ سب سے بڑی تعدادہے۔بہت سے لوگوں نے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کو گارڈز نے مارا پیٹا اور بدسلوکی کی جس میں عصمت دری کی دھمکیاںبھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حراست میں ہونےوالی تمام اموات اور تشدد اور دیگر اقسام کے ناروا سلوک کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے اور احتساب کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔اسرائیل جیل سروس نےکہا کہ اس کے تمام قیدیوں کو قانون کی دفعات کے مطابق حراست میں لیا گیا ہے اور قیدیوں کی موت کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
اسرائیلی فوج نے مہلوک یرغمالیوں کے اہل خانہ کواطلاع کر دی
 اسرائیلی فوج کی طرف سےجمعہ کے روز اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ اس نے غزہ میں ہلاک ہونے والے ۵؍یرغمالیوں کے خاندانوں کو اس بارے میںحتمی طور پر بتا دیا ہےکہ ہلاکتوں کی یہ خبر درست ہے۔ فوجی حکام کے مطابق ان میں سے ایک ہلاک شدہ یرغمالی کی لاش بھی اسرائیل منتقل کر دی گئی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان رئیر ایڈمرل ڈینئیل ہگاری نے اس سلسلے میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ `حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوج اور پولیس نے یرغمالیوں ایلی یاہو مارگالیت، مایا گورین، رونن اینجل اور آری زلما نووٹز کے اہل خانہ کو بتا دیا گیا ہے کہ ان کی ہلاکت ہو چکی ہے۔فوجی ترجمان ڈینئیل ہگاری نے مزید کہاکہ ` ایک پانچویں یرغمالی اوفیر سرفتی کی لاش شناخت ہونے پر پہلے ہی غزہ سے اسرائیل منتقل کی جا چکی ہے۔ ہگاری کے مطابق اب بھی حماس کی قید میں ۱۳۶؍ اسرائیلی موجود ہیں۔ جن میں سے۱۷؍ عورتیں اور بچے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK