Inquilab Logo

’حجاب پر پابندی ہٹانے کے اعلان پر واویلا غیر ضروری ہے‘

Updated: December 25, 2023, 9:51 AM IST | Agency | Bengaluru

وزیر داخلہ نے’’آئین کے مطابق‘‘فیصلے کی یقین دہانی کرائی، پولیس کی ’اینٹی کیمونل وِنگ‘ میں مزید بھرتیوں کا اعلان بھی کیا۔

The removal of the ban has been welcomed by the students. Photo: INN
پابندی ہٹنے کا طالبات نے خیر مقدم کیا ہے۔ تصویر : آئی این این

کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی ہٹانے کے وزیراعلیٰ سدارمیا کےاعلان پرزعفرانی عناصر تلملا اٹھے ہیں۔ ان کے ردعمل پر وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت اس سلسلے میں فیصلہ’’آئین کے مطابق‘‘ کرے گی۔اس سلسلے میں میڈیا کے نمائندوں  کے سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ’’اس پر کوئی تنازع کھڑا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ 
 انہوں نے کہا کہ ’’مسلم خواتین  پہلے سے حجاب پہنتی رہی ہیں۔ ریاست میں بی جےپی کے اقتدار میں  آنے کے بعد حجاب کی الگ الگ تشریح کی گئی۔‘‘ پابندی ہٹانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں  نے کہا کہ ’’اس سلسلے میں فیصلہ آئین کے دائرہ میں رہ کرکیا جائےگا۔ سابق وزیراعلیٰ بسوراج بومئی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کی حکومت نے ریاست میں حجاب پر پابندی کیلئے کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا تھا۔ ‘‘یاد رہے کہ بی جےپی سرکار نے اسکولوں اور کالجوں میں ’یونیفارم‘ کو بنیاد بنا کر حجاب کو ممنوع قراردیا تھا۔  سارا واویلا حجاب پر ہندو انتہا پسندوں کے اعتراض  سے شروع ہواتھا۔ ایسے عناصر کو قابو میں رکھنے کیلئے کرناٹک کی کانگریس حکومت  نے پولیس میں ’’اینٹی کمونل وِنگ ‘‘ قائم کی ہے۔ وزیرداخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے اس میں  مزید بھرتیوں  کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس وِنگ میں مزید اسٹاف کی ضرورت ہے۔‘‘ 
انہوں نے شرپسند عناصر کی حرکتوں پر بڑی حدتک قدغن لگنے کا حوالہ دیتے ہوئے اندیشہ ظاہر کیا کہ حجاب پر پابندی ختم ہونے کے اعلان سے ایسے عناصر پھر سرگرم ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم محتاط ہیں۔ میں  نے کمشنر آف پولیس، سپرنٹنڈنٹ اور آئی جی بی کو اس ضمن میں  ہدایات جاری کردی ہیں۔‘‘
حجاب پر پابندی کو ختم کرنے کے فیصلے کو بی جےپی ’’منہ بھرائی کی سیاست‘‘اور ’’پھوٹ ڈالنے‘‘ کی پالیسی کا حصہ قراردیتے ہوئےمسلسل تنقید کررہی ہے تاہم کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے فرزند اور ریاستی وزیر پریانک کھرگے نے اس تنقید کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ کرناٹک بی جےپی کو اپنی فکر کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے جونیئر کھرگے نے کہا ہے کہ ’’کرناٹک سرکار جو کچھ بھی کررہی ہے وہ قانون اور آئین کے دائرہ میں رہ کر کررہی ہے۔ بی جےپی کو اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہونا چاہئے۔ اس کو چاہئے کہ وہ اپنی فکر کرے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK