Inquilab Logo Happiest Places to Work

انتظار ختم، وزیراعظم مودی کا ۶؍ جون کو جموں کشمیر کا دورہ

Updated: June 03, 2025, 11:02 PM IST | Srinagar

سری نگر اور کٹرہ کے درمیان وندے بھارت ٹرین سروس اور دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل کا افتتاح کریں گے ، سیکوریٹی سخت

Prime Minister Modi`s visit was supposed to happen long ago but was postponed due to the Pahalgam attack.
وزیراعظم مودی کا یہ دورہ بہت پہلے ہونے والا تھا لیکن پہلگام حملے کی وجہ سے ٹلتا رہا

وزیراعظم نریندر مودی کا طویل عرصے سے جموں کشمیر دورے کی باتیں ہو رہی تھیں۔ اب جاکر انتظار ختم ہوا۔ وزیر اعظم ۶؍ جون کو جموںکشمیر کا دورہ کریں گے جہاں وہ سری نگر اور کٹرہ کے درمیان وندے بھارت ٹرین سروس کا افتتاح کرنے کے ساتھ ہی دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل’چینیب بریج‘کا بھی افتتاح کریں گے۔۲۲؍ اپریل کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد مودی کا جموں کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اس حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج نے پاکستان حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف ’آپریشن سیندور‘ شروع کیا۔
 وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے کہا کہ تاریخ بنانے میں صرف تین دن باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پل جموںکشمیر کے ریاسی ضلع میں بکل اور کوری کے درمیان دریائے چناب پر بنایا گیا ہے اور یہ ادھم پورسری نگربارہمولہ ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کا ایک اہم حصہ ہے۔چینیب پل کی اونچائی۳۵۹؍ میٹر ہے جو پیرس کے ایفل ٹاور سے۳۵؍ میٹر زیادہ ہے۔ یہ پل کٹرہ کو بانہال سے جوڑنے والا ایک اہم ریل لنک ہے جو تقریباً۳۵؍ ہزار کروڑ روپے  کے پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس پل نے تیز ہواؤں (۲۶۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ)، زلزلے، انتہائی درجہ حرارت اور پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کے اثرات جیسے سخت تجربات کامیابی سے پاس کئے ہیں۔ افتتاح کے بعد یہ پل۱۲۰؍ سال تک محفوظ اور پائیدار رہے گا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پل کی تعمیر ہندوستان کی ریلوے کی تاریخ میں انجینئرنگ کا سب سے بڑا چیلنج تھا۔ پل کے دونوں طرف ۲؍ دیوہیکل کیبل کرینوں کی مدد سے اسے مکمل کرنے میں تین سال کا عرصہ لگا۔یہ پل تقریباً دو دہائیوں کے انتظار کے بعد لوگوں کیلئے دستیاب ہو گا کیونکہ یہ پروجیکٹ۲۰۰۳ء میں شروع ہوا تھا لیکن حفاظت اور استحکام کے خدشات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی تھی۔ تعمیر کا ٹھیکہ منموہن سنگھ حکومت کے دوران ۲۰۰۸ء  میں دیا گیا تھا۔
 جموں پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمان جگل کشور شرما نے ۶؍ جون کو ملک کی تاریخ کیلئے ایک تاریخی موڑ قرار دیا، جب وزیر اعظم مودی کشمیر کو باضابطہ طور پر ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والے ریل پروجیکٹ کا افتتاح کریں  گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اس دن خصوصی طور پر ڈیزائن شدہ۲؍ وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو سری نگر سے کٹرہ  کے درمیان روانہ کریں گے جو کہ نہ صرف جموں کشمیر بلکہ پورے ملک کیلئے ایک انقلابی پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ منصوبہ ہے جو۴۲؍ سال قبل شروع ہوا تھا مگر مختلف وجوہات کی بنا پر مکمل نہیں ہو سکا۔ مودی جی کی قیادت میں اس منصوبے کو نئی رفتار ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلوے لنک نہ صرف کشمیر اور جموں کو قریب لائے گا بلکہ معاشی ترقی، روزگار کے مواقع، سیاحت کے فروغ اور قومی یکجہتی کو بھی نئی جہت دے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ قدم ’نئے  ہندوستان کے وژن‘ کا عملی مظہر ہے جہاں ملک کے دور دراز علاقوں کو مرکزی دھارے میں لایا جا رہا ہے۔
 خیال رہے کہ اس کاا فتتاح   اپریل ہی میں ہونےوالا تھا مگر سیکوریٹی کے پیش نظر وزیراعظم کا دورہ منسوخ ہوگیا تھا اور اس کے بعد ۲۲؍ جنوری کو پہلگام سانحہ پیش آگیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK