Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیرالا: ۳؍ سالہ بچے کے وائرل ویڈیو کا اثر: ریاست کی انگن واڑیوں کے مینو میں بریانی کو شامل کیا گیا

Updated: June 05, 2025, 8:42 PM IST | Thiruvananthapuram

کیرالا کی آنگن واڑیوں کیلئے کھانے کے نئے مینو میں توانائی اور پروٹین سے بھرپور غذائیں شامل کی گئی ہیں جو بڑھتی عمر کے بچوں کیلئے ضروری ہیں۔ جبکہ نمک اور چینی کی مقدار کو کم کر دیا گیا ہے۔ نئے مینو میں سبزی پلاؤ اور انڈا بریانی شامل کی گئی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کیرالا حکومت کے محکمہ برائے ترقی خواتین و اطفال نے ریاست کی آنگن واڑیوں کے کھانے کے مینو میں تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔ چند ماہ قبل ایک تین سالہ بچے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ ترامیم سامنے آئی ہیں جس میں بچے نے آنگن واڑیوں میں اپما کی بجائے بریانی اور فرائیڈ چکن شامل کرنے کی مانگ کی تھی۔

جنوری ۲۰۲۵ء میں تین سالہ بچے ترجل ایس سندھر، جسے پیار سے شنکو کہا جاتا ہے، کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو اپنی ماں سے کہہ رہا تھا، "میں انگن واڑی میں اپما کے بجائے بریانی اور چکن فرائی کھانا چاہتا ہوں۔" اس کی والدہ نے شنکو کی ویڈیو اس وقت ریکارڈ کی جب وہ ۲۶ جنوری کو گھر پر بریانی کے مزے لے رہا تھا۔ والدہ نے اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر پوسٹ کیا جس کے بعد اگلے ہفتوں میں اسے بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: منی پور کے ’گرین ہیرو‘ انیس احمد ۳۰؍سال میں تقریباً ایک لاکھ درخت لگاچکے ہیں

ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے بھی یہ ویڈیو شیئر کی تھی اور آنگن واڑیوں کے کھانے کے مینو کا جائزہ لینے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے منگل کو پتھنم تھیٹا میں ریاستی سطح پر انگن واڑیوں کے دوبارہ کھلنے کے موقع پر "مثالی فوڈ مینو" کی باضابطہ نقاب کشائی کرکے اپنا وعدہ پورا کیا۔

یہ ہے وہ بچہ۔ تصویر: ایکس

نئے مینو میں تبدیلیاں

نئے مینو میں توانائی اور پروٹین سے بھرپور غذائیں شامل کی گئی ہیں جو بڑھتی عمر کے بچوں کیلئے ضروری ہیں۔ جبکہ نمک اور چینی کی مقدار کو کم کر دیا گیا ہے۔ کھانے کے نئے مینو میں سبزی پلاؤ اور انڈا بریانی شامل کی گئی ہے اور دودھ اور انڈوں کی فراہمی کو ہفتے میں دو بار سے بڑھا کر تین بار کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ، غیر محفوظ خوراک کی وجہ سے روزانہ ۱۶؍ لاکھ افراد بیمار

مینو میں مختلف دنوں کیلئے راگی آدا، سویا ڈرائی کری، مٹکی، رائتہ، پھل، غذائیت سے بھرپور لڈو، اور ’پریپو پیسم‘ شامل ہیں۔ ترمیم شدہ مینو میں کھانوں کے اجزاء اور ان کی مقدار بھی درج کی گئی ہے۔ ریاست بھر کی سبھی آنگن واڑیوں میں یکساں مینو اس تعلیمی سال سے نافذ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK