Inquilab Logo

خواتین ہاکی ٹیم میڈل نہ جیت سکی مگر دِل جیت لیا

Updated: August 07, 2021, 2:39 AM IST | New Delhi

تمغہ ہارنے کے بعد مودی نے فون پر گفتگو کی، حوصلہ نہ ہارنے کی تلقین

Defender of the Indian team cried badly after the defeat. He was being consoled by team assistant Van Lomba. (PTI)
ہندوستانی ٹیم کی ڈیفنڈر شکست کے بعد بری طرح روپڑیں۔انہیں  ٹیم کے معاون وین لومبا تسلی دے کرلے جاتے ہوئے۔ (پی ٹی آئی)

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم  جمعہ کو حالانکہ کانسے کے تمغے کیلئے ہونے والا میچ بھی سخت مقابلے کے بعد ہار گئی مگر اس نے ہندوستانیوں کا دل جیت لیا ہے۔ جمعہ کو میچ ہارنے کے بعد ٹیم کی ہر کھلاڑی  جذباتی ہوگئی، کئی تو میدان میں ہی رو پڑیں تاہم ملک میں ان کی واپسی پر ان کے خیر مقدم کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ اس بیچ وزیراعظم نریندر مودی نے خود فون پر ویمنس ہاکی ٹیم    کی کھلاڑیوں سے بات چیت کی۔
 جمعہ کے مقابلے کے  بعد صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے خواتین ہاکی ٹیم کی پزیرائی کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ’’میدان میں  ویمنس ہاکی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہر ہندوستانی کا  دل جیت لیا۔ ہمیں آپ  پر فخر ہے۔‘‘    سرکاری  ذرائع  کے مطابق  وزیراعظم  نے جب   فون کر کے  ٹیم کی اراکین سے گفتگو کی تو وہ  پھوٹ پھوٹ کر روپڑیں مگر وزیراعظم نے انہیں حوصلہ نہ ہارنے  کی تلقین کی اور کہا کہ انہیں اپنی کارکردگی پر فخر ہونا چاہئے کیونکہ انہوں نے کوارٹر فائنل میں    تین بار کی عالمی چمپئن ٹیم کو صفر ایک سے شکست دی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ملک ٹوکیو۲۰۲۱ء میں  اپنی خواتین ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھے گا جنہوں نے  بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘‘ وزیراعظم کے مطابق’’ہم بھلے ہی تمغہ نہ جیت سکے ہوں مگر یہ ٹیم نئے ہندوستان کی نمائندگی کرتی ہے۔‘‘ عوامی سطح پر بھی خواتین ہاکی ٹیم کے بارے میں  زبردست جوش وخروش پایا جارہاہےجنہوں  نے نہ صرف یہ کہ سیمی فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کی بلکہ اپنے  قومی کھیل کے تعلق سے  ملک کے عوام  میں  نیا جوش  بھی بھر دیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK