شیوسینا ( ادھو) ترجمان نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی لیڈران ہی نے فون کرکے تمام پارٹیوں سے کہا کہ حد بندی بل کی حمایت نہ کریں
EPAPER
Updated: April 22, 2026, 12:10 AM IST | Mumbai
شیوسینا ( ادھو) ترجمان نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی لیڈران ہی نے فون کرکے تمام پارٹیوں سے کہا کہ حد بندی بل کی حمایت نہ کریں
پارلیمنٹ میںخواتین یزرویشن بل کے نامنظور ہونے کے پس منظر میں شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے راوت نے یہ سنسنی خیز دعویٰ کیا ہےکہ بی جے پی میں پھوٹ پڑ چکی ہے اور اب پارٹی کے اندر ہی کچھ لوگ وزیر اعظم مودی کو برخاست کرنے کیلئے ساز باز کر رہے ہیں۔ سنجے رائوت منگل کے روز ممبئی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
سنجے راوت نے کہا’’کوئی ایسا بل گرایا نہیں گیا ہے ( نامنظور نہیں کیا گیا ہے) جس کا تعلق خواتین ریزرویشن سے ہو۔ اصل میں بی جے پی یا بی جے پی کے اندر کا کوئی گروپ نریندر مودی کو وزیر اعظم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا خواہاں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ مجھے نہیں معلوم کہ دیویندر فرنویس بھی اس گرو پ میں شامل ہیں یا نہیں مگر یہ گروپ مودی کے اقتدار چھوڑنے کے بعد اس ملک میں بی جے پی کا اقتدار برقرار رہے اس کی تگ ودو میں ہے۔ اسی لئے ۸۵۰؍ اراکین پارلیمان والی سازش رچی گئی ہے۔‘‘
شیوسینا (ادھو) لیڈر نے کہا’ ’یہ ہمارا الزام نہیں ہے کہ خواتین ریزرویشن بل کے آڑ میں پارلیمانی حلقوں کی حد بندی کی جانے والی تھی بلکہ یہ ایک حقیقت ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’ اب بھی، خواتین کو ریزرویشن فراہم کرنے کیلئے آپ کو فوری طور پر ۵۴۳؍ اراکین پارلیمان میں سے ۱۸۰؍ خاتون اراکین منتخب کرنے چاہئے۔ چاہے ہماری سیٹیں کیوں نہ چلی جائیں ہم اس کیلئے تیار ہیں۔‘‘ رائوت نے کہا’’اگر نریندر مودی یہ بات اپنے ذہن میں لاتے تو وہ اس بل کو پاس کروا سکتے تھے۔ اگر مودی واقعی ایسا چاہتے تو وہ خود اس پر بحث کرتے اور بہت سے لوگوں کو بل پاس کرنے پر آمادہ کرتے۔‘‘ رکن پارلیمان نے بتایا’’ اس بل کی شروعات کرنے والے امیت شاہ تھے۔ حد بندی بل میں خواتین کیلئے کوئی ریزرویشن نہیں ہے، میں دہراتا ہوں، امیت شاہ حلقہ بندی بل کو گلابی ساڑھی پہنا کر خواتین ریزرویشن کے طور پر لائے تھے۔ یہ بل اصل میں امیت شاہ کے ذہن کی اختراع تھی۔ یہ بل ان کے مستقبل کی سیاست کا آغاز ہے۔ راؤت نے تنقید کی کہ انہیں ۸۵۰؍ اراکین پارلیمان منتخب کرواکر اپنے طریقے سے الیکشن لڑنا اور جیتنا تھا۔
سنجے رائوت نے کہا ’’ ہم وکالت سیکھے بغیر وکیل بن گئے ہیں کیونکہ کیونکہ ہم ملک کیلئے جیل جا کر آئے ہیں۔ آپ ہی تھے جنہوں نے ہمیں جیل میں ڈالا تھا۔سنجے رائوت نے کہا میں کسی کا نام نہیں لوں گالیکن امیت شاہ نے ملک کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کو فون کیا اور بل پر حمایت طلب کی۔ ساتھ ہی ان کی پارٹی کے دیگر لوگوں انہی پارٹیوں کو فون کرکے کہا کہ اس بل کی حمایت نہ کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حد بندی بل کی نامنظوری دراصل بی جے پی کے اندر جاری تنازع کے سبب ہونے والی بغاوت ہے۔