Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیارہویں میں داخلہ کی میرٹ لسٹ میں تاخیرکا امکان

Updated: June 25, 2025, 11:05 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

طلبہ اور والدین میں تشویش ۔آج شام ۵؍بجے اس بارےمیں اعلان متوقع ۔ ایک مہینےمیں ۱۱؍ویں کےداخلے سےمتعلق ۳، ۴؍ مرتبہ تاریخیں دی جاچکی ہیں

Students and their parents are worried due to the delay in the admission process for class 11. (File photo)
گیارہویں میں داخلہ کی کارروائی میں تاخیر کے سبب طلبہ اور ان کے والدین پریشان ہیں۔(فائل فوٹو)

ریاستی محکمہ تعلیم نے ۱۱؍ویں میں داخلہ کی پہلی میرٹ لسٹ ۲۶؍جون کو جاری کرنےکااعلان کیاہے لیکن ابھی بھی میرٹ لسٹ کا کام مکمل نہیںہوسکا ہے۔جمعرات کی شام ۵؍بجے بتایاجائے گاکہ میرٹ لسٹ کب جاری کی جائے گی۔  اگرلسٹ آج نہیں جاری کی گئی تو مزید تاخیر ہونے کا امکان ہے۔جس سے طلبہ اور والدین میں تشویش پائی جارہی ہے۔
 واضح رہےکہ گیارہویں کے داخلوں کیلئے پہلی سلیکشن لسٹ کےبارےمیں جمعرات ۲۶؍جون کو شام ۵؍بجے تک سرکاری اطلاع دی جائے گی۔میرٹ لسٹ پر ٹیکنیکل ٹیم اور محکمہ تعلیم کے افسران کام کر رہے ہیں۔ بدھ کی شام تک کام مکمل ہونے کی صورت میںجمعرات کومیرٹ لسٹ کا اعلان ہو گا۔ دوسری صورت میں، تھوڑی تاخیر (ٹائم ٹیبل میں تبدیلی) ہوسکتی ہے، محکمہ تعلیم کے ایک سینئر اہلکار نےیہ اطلاع دی ہے۔
 حالانکہ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن (ایم ایس ایس ای) نے دسویں بورڈ کے امتحان کے نتائج کا اعلان ہر سال کے مقابلے امسال ۱۵؍دن پہلے کر دیا ہے، اس کےباوجود ابھی تک گیارہویں میں داخلہ کا عمل باقاعدہ شروع نہیں ہوسکاہے۔طلبہ اور والدین گیارہویں کے داخلے کیلئے دی جانے والی تاریخ پر تاریخ کے اعلانات سے مایوس ہیں۔ گزشتہ ایک مہینےمیں ۱۱؍ویں کےداخلے سےمتعلق ۳۔۴؍ مرتبہ تاریخیں دی جاچکی ہیں۔جس کی وجہ سے طلبہ اور والدین کے ذہنوں میں یہ سوال پیداہورہاہےکہ گیارہویں کے داخلوں کیلئے پہلی میرٹ لسٹ کا اعلان ۲۶؍ جون کو کیاجائے گایانہیں ؟موصولہ اطلاعات کے مطابق ۲۶؍جون کو میرٹ لسٹ کا اعلان ہونے کا امکان کم ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ محکمہ تعلیم ابھی تک پوری  تیاری نہیں کرسکاہے۔گیارہویں میں داخلے کیلئے ریاست کے ۹؍ہزار۴۳۵؍ جونیئر کالجوں میں ۲۱؍ لاکھ ۲۳؍ہزار۴۰؍ سیٹیں دستیاب ہیں، لیکن صرف ۱۲؍لاکھ ۷۱؍ہزار ۲۱۰؍ طلبہ نے داخلہ کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ان میں سے ۶۰؍ہزار ۴۸۷؍ طلبہ کو ادارتی اور اقلیتی کوٹے کے تحت داخلہ دیاگیاہے۔ اس لئے اب ۲۰؍ لاکھ سے زائد نشستوں کیلئے بقیہ ۱۲؍لاکھ طلبہ کی اس انتخابی فہرست کی طرف توجہ مرکوز ہے۔ 
 اس مرتبہ ۱۱؍ویں کے آن لائن داخلہ کے عمل سےمتعلق انتظامیہ کو مکمل طور پر غیر منصوبہ بند اور افراتفری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ٹائم ٹیبل میں مسلسل تبدیلیوں کی وجہ سے طلبہ اور والدین کو شدید اذیت برداشت کرنی پڑ رہی ہے۔ اسی طرح گیارہویں کے داخلے کے عمل کے ٹائم ٹیبل میں ایک اور تبدیلی کا امکان ہے۔
  ریاست میں گیارہویں کے داخلے کیلئے آرٹس اسٹریم کیلئے ۶؍لاکھ ۷۲؍ہزار، سائنس اسٹریم کیلئےساڑھے ۵؍لاکھ اور سائنس اسٹریم کیلئے ۸؍لاکھ ۷۰؍ ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔ ریاست کے ۵۲۷؍جونیئر کالجوں میں داخلہ کی گنجائش کے نصف تک بھی درخواستیں موصول نہیں ہوئی ہیں۔ اس لئے اس سال ۵؍لاکھ سے زیادہ سیٹیں خالی رہیں گی۔شیڈول کے مطابق گیارہویں جماعت کے داخلوں کیلئے پہلی سلیکشن لسٹ ۲۶؍ جون کو جاری کی جائے گی، جبکہ طلبہ کو ۲۷؍ جون سے۳؍ جولائی کے درمیان کالج میں اپنے داخلے کی تصدیق کروانی ہوگی۔ دوسرے راؤنڈ کیلئے ۱۵؍جولائی سے درخواستیں دی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK