وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا دعویٰ ،کہا کہ وہاں پاکستان مخالف جذبات پنپ رہے ہیں اس لئے ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2023, 9:04 AM IST | Agency | New Delhi
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا دعویٰ ،کہا کہ وہاں پاکستان مخالف جذبات پنپ رہے ہیں اس لئے ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ملک کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان مقبوضہ کشمیر سے متعلق ایک بڑا اور سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے ایک میڈیا چینل سے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) پر حملے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہمیں جنگ چھیڑنے کی ضرورت ہے کیوں کہ وہ خطہ خود ہی ہندوستان میں شامل ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے اس تعلق سے ایک سال پہلے ہی پیش گوئی کر دی تھی کہ مقبوضہ کشمیر بہت جلد ہندوستان میں شامل ہو جائے گا۔
راجناتھ سنگھ نے ’ٹی وی نائن بھارت وَرش‘ سے بات چیت کے دوران کہا کہ ہم نے سال بھر پہلے سری نگر میں جا کر کہا تھا کہ پاکستان پر حملہ یا پی او کے پر قبضہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پی او کے خود (ہندوستان میں ملنے کا) مطالبہ کرے گا۔ آج دیکھیے وہاں سے کتنا تیز مطالبہ ہو رہا ہے۔ ۷۰؍ سے ۷۵؍سال پہلے تو ہمارے ساتھ ہی تھا اور ہمیں یہ یقین ہے کہ وہ دوبارہ ہم سے مل جائے گا۔ آج وہاں انضمام کا مطالبہ تیز ہو رہا ہے۔‘‘مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کو پاک مقبوضہ کشمیر سے متعلق کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جس طرح سے پاکستان حکومت اس خطے کو نظر انداز کر رہی ہے، اس سے خود بخود ایسا ماحول بن رہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ ضم ہو جائے۔ لیکن میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم کسی خاص علاقہ پر قبضہ کر کے اس کو حاصل کرنے کی منشا نہیں رکھتے ہیں۔ راجناتھ کے مطابق ہم امن چاہتے ہیں اور ہمیشہ امن کے ساتھ رہے ہیں لیکن اگر کوئی سامنے سے حملہ کرے یا ہماری سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو ہم برداشت نہیں کریں گے ۔