شدید گرمی کے سبب مزیدپریشانی ۔ریلوے انتظامیہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ۱۵؍اپریل تک کام پورا کرلیا جائے گا ۔
کرلا اسٹیشن پربغیرچھت والے فٹ اوور بریج سے لوگ گزررہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
کرلا میں ریلوے اسٹیشن پرپرانےفٹ اووربریج (نہرو نگر کی جانب )پر چھت نہ ہونے سے مسافروں اور طلبہ کو زبردست دقتوں کا سامناکرناپڑرہا ہے۔اب تیز گرمی کے سبب مزیدپریشانی ہورہی ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے اس مسئلے کا اعتراف کیاہے اوراسے جلد حل کرنے کا یقین دلایا ہے۔
اس تعلق سےمقامی سماجی خدمت گار محمدخالد انصاری نے نمائندۂ انقلاب سےبات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ یہ مسئلہ آج کا نہیں بلکہ ۶؍ ماہ سے زائد عرصے سے یہی صورتحال ہے۔ بڑی تعداد میں مسافر، طلبہ اور بزرگ پریشان ہورہے ہیں مگر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کوئی توجہ نہیںدی جارہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ اس وقت گرمی کی شدت ہے، مسافروں کوکس طرح کی پریشانی ہورہی ہے، اسے سمجھنا مشکل نہیں ہے۔ اس لئے اسے جلد سے جلد مکمل کیاجائے تاکہ مسافروں اورطلبہ کوراحت مل سکے ۔‘‘
یہیں قریب میں رہنے والے عبداللہ خان نے بتایا کہ’’ یہ صحیح ہے کہ کئی مہینے سےیہ مسئلہ ہے۔ خاص بات یہ ہےکہ ریلوے انتظامیہ کواس مسئلے سےآگاہ کرانے کی ضرورت نہیںہے کیونکہ سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر طریقوں سے پورے ریلوے اسٹیشن کی نگرانی کی جاتی ہے،جی آر پی اور آر پی ایف کے جوان گشت کرتے رہتے ہیں، اس کےباوجود اگرمسئلہ کئی ماہ سے حل نہیںکیا گیا ہے تو اسےریلوے کی کھلی لاپروائی کے علاوہ اور کیا کہا جاسکتا ہے۔‘‘
اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کےچیف پی آر او ڈاکٹرسوپنل نیلا سے استفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ ’’مینٹیننس ڈپارٹمنٹ سے تفصیل حاصل کرتا ہوں۔‘‘ مذکورہ ڈپارٹمنٹ سے حاصل کردہ تفصیلات کے ذریعے انہوں نے بتایاکہ ’’ٹوٹی ہوئی چھت کی چادروں اورشیڈ وغیرہ کی تبدیلی کا کام کرلا اسٹیشن پرجاری ہے۔ کلیان کی جانب( کرلا مشرق)کے اس پرانے فٹ اووربریج پر شیڈ ڈالنے اوردیگر کاموں کی تکمیل کا وقت ۱۵؍ اپریل مقرر کیا گیا ہے۔ اس وقت تک یہ کام پورا کرلیاجائے گا اور مسافروں کومزید وقت تک پریشانی نہیں ہوگی۔ ‘‘