ہانڈی والی مسجد میں احتجاجی جلسۂ عام کا انعقاد۔ امن وسلامتی اورمظلوم فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعا کااہتمام کیا گیا۔
EPAPER
Updated: March 14, 2026, 11:48 AM IST | Mumbai
ہانڈی والی مسجد میں احتجاجی جلسۂ عام کا انعقاد۔ امن وسلامتی اورمظلوم فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعا کااہتمام کیا گیا۔
جمعہ کو شہر کی معروف تاریخی ہانڈی والی مسجد( سیفی جبلی اسٹریٹ ) میں آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء، رضا اکیڈمی اور جمعیۃ علمائے اہلِ سنت (ممبئی ) کے زیرِ اہتمام ’یومِ القدس‘ وقار اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مسجد اقصیٰ کی آزادی اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں ممبئی اور مضافاتی علاقوں کے علمائے کرام، ائمہ مساجد، دینی و سماجی شخصیات، طلبہ اور عوام الناس نے شرکت کی۔
اس اجتماع کا مقصد امت ِ مسلمہ کے دلوں میں مسجدِ اقصیٰ کے تقدس و عظمت کو اجاگر کرنا اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔ جلسہ میں شریک افراد ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئےتھے جن پر ’مسجدِ اقصیٰ کی حفاظت کرو، فلسطین کو آزاد کرو‘ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ‘ اور صہیونی مظالم بند کرو ‘ جیسے نعرے درج تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’تنگدستی میں پڑھائی کی مگر قرآن کی برکت نےعُسر کو یُسرمیں تبدیل کردیا‘‘
ہانڈی والی مسجد کے امام مولانا اعجاز احمد کشمیری نے کہا کہ یومِ القدس دراصل امتِ مسلمہ کے ضمیر کی بیداری اور مظلوم انسانیت کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسجد اقصیٰ کی آزادی کا مسئلہ صرف فلسطین کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے ایمان اور تاریخ سے وابستہ مسئلہ ہے۔ ‘‘ رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے کہاکہ’’ مسجد اقصیٰ کے ساتھ مسلمانوں کی محبت اور عقیدت دراصل ان کے ایمان کا حصہ ہے ۔ ‘‘ جلسہ کے اختتام پر مسجد ِاقصیٰ کی آزادی، مظلوم فلسطینیوں کی نصرت، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور ملک میں امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔