Updated: December 08, 2025, 7:59 PM IST
| New Delhi
شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر کے رام موہن نائیڈو نے پیر کو پارلیمنٹ میں کہا کہ حکومت ملک کے ہوابازی کے شعبے میں مزید ایئرلائنز کے داخلے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور ملک کے تیزی سے بڑھتے ہوئے بازار میں ۵؍ بڑی ایئرلائنز کے کام کرنے کے لیے وافر مواقع موجود ہیں۔
وزیر نائیڈو۔ تصویر:آئی این این
شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر کے رام موہن نائیڈو نے پیر کو پارلیمنٹ میں کہا کہ حکومت ملک کے ہوابازی کے شعبے میں مزید ایئرلائنز کے داخلے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور ملک کے تیزی سے بڑھتے ہوئے بازار میں ۵؍ بڑی ایئرلائنز کے کام کرنے کے لیے وافر مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے نجی ایئر لائن کمپنی انڈیگو کی پروازوں میں حالیہ بحران کو اس کے ڈیوٹی چارٹ کے داخلہ مسئلے کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور اگر کوئی غلطی یا کوتاہی پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ نائیڈو نے راجیہ سبھا میں وقفہ سوال کے دوران شہری ہوابازی کے بازار میں انڈیگو کے تسلط پر اراکین کی تشویش کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ہوابازی بازار میں پانچ-چھ بڑی ایئرلائنز کے کام کرنے کی جگہ ہے اور حکومت نئی ایئرلائنز کے داخلے کو فروغ دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ٹیم انڈیا کٹک میں اپنے مضبوط ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم
پرواز کی حفاظت کے حوالے سے کسی بھی معاملے میں سمجھوتہ نہ کرنے کے موقف کو واضح کرتے ہوئے نائیڈو نے کانگریس کے پرمود تیواری کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ انڈیگو کی خدمات میں خلل کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے نہیں بلکہ ایئر لائن کے ڈیوٹی روسٹر کی داخلی پیچیدگیوں کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر لائنز کو پائلٹوں کے کام اور آرام کے اوقات کے حوالے سے فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمٹ کے ہدایتی ضابطے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد طے کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے:سعودی کلب الہلال کی محمد صلاح میں دلچسپی، جنوری میں باضابطہ پیشکش کے لیے تیار
اس معاملے میں کل ۲۲؍ ضابطوں میں سے ۱۵؍ جولائی میں اور ۷؍ یکم نومبر سے نافذ تھے۔ اس طرح یہ بحران تمام قواعد کے نافذ ہونے کے ایک ماہ بعد شروع ہوا۔ ان قواعد کی پابندی کرتے ہوئے اپنے عملے کے انتظام کی ذمہ داری ایئر لائنز کی تھی۔ پروازیں منسوخ ہونے سے تین دسمبر کو بحران شدت اختیار کر گیا۔ وزیر نے کہا کہ ہم خاموش نہیں بیٹھے ہیں۔ جانچ جاری ہے، کوئی غلطی یا کوتاہی پائی گئی تو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ انڈیگو اپنے گھریلو نیٹ ورک کے۱۳۸؍ میں سے پیر کو ۱۳۷؍ مقامات کے لیے۱۸۰۲؍ پروازوں کا آپریشن کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ آج اس کی۵۰۰؍ پروازیں منسوخ ہوں گی۔