Inquilab Logo

شندے کابینہ کی تشکیل پرکہیں تائید کہیں مخالفت

Updated: August 10, 2022, 9:58 AM IST | murud

کابینہ میں ایوت محل کے سینا لیڈر سنجے راٹھوڑ کو وزارت ملنے پربی جےپی لیڈر چترا واگھ کواعتراض ، سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوجا چوان کی موت کے کیس میںملزم رہ چکے ہیں، اُدھو کے قریبی سمجھے جانے والے بچو کڑو کو وزارت نہ دئیے جانے سے حامیوں میںناراضگی ،دیپک کیسرکر کو کابینہ میں شامل کرنے سےنتیش اور نارائن رانےمایوس 

Bachhu Kadu  says that the ministry is his right
بچو کڑو جن کا کہنا ہے کہ وزارت ان کا حق ہے

ایکناتھ شندے گروپ اور بی جے پی کی مشترکہ حکومت کی کابینہ میں توسیع کی گئی ہے۔  کابینہ کی توسیع میں شندے گروپ کے۹؍ اور بی جے پی کے۹؍ وزراء نے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں شندے  گروپ کے ایم ایل اے سنجے راٹھوڑ نے بھی جو پوجا چوان موت کیس میں ملزم رہ چکے ہیں،  وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔ بی جے پی لیڈر چترا واگھ نے راٹھوڑ کی بطور وزیر تقرری پر سخت تنقید اور اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میں نے خبردار کیا تھا کہ میں پوجا چوان کو انصاف دلانے کےلئے راٹھور کے خلاف لڑائی جاری رکھوں گی۔‘‘  اس دوران ایک مراٹھی نیوز چینل سےگفتگو کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر گریش مہاجن نے چترا واگھ کے ردعمل سے پہلو تہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چترا واگھ کی ذاتی رائے ہے۔ گریش مہاجن نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سنجے راٹھوڑ کو وزارتی عہدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنجے راٹھوڑ کی مخالفت کرنا یہ چترا واگھ کی ذاتی معاملہ ہے اور وہ اس کیس میں پہلے ہی سے بولتی آرہی ہیں۔ میرے خیال میں اس معاملہ کی تفتیش ہو چکی ہے اور کچھ پوچھ گچھ جاری ہے جس کےبعد واضح ہوجائیگا کہ سنجے راٹھور قصوروار ہیں یا نہیں۔
 ادھر امراوتی  میں  اچل پور کے رکن اسمبلی بچوکڑو کو وزارت نہ ملنے پر پارٹی کارکنان  نےناراضگی کا اظہار کیا ہے۔بچوکڑو کے حامیوں کویقین تھا کہ  ریاستی کابینہ کی توسیع میں اچل پور کے رکن اسمبلی بچو کڑو کو ضرور موقع ملے گا لیکن اُن کا یہ خواب پورا نہیں ہوا۔
کابینہ میں میرا نا م ہوتو بھی اچھا ، نہ ہو تو بھی اچھا  : بچو کڑو
 بچوکڑو نے کہا کہ میرا نام کابینہ میں رہے بھی تو اچھا  اور نہ رہے  تب بھی کوئی بری بات نہیں لیکن، وزارت ہمارا حق ہے، ہم اسے حاصل کرکے رہیں گے۔ کڑو جو ادھو ٹھاکرے حکومت میں وزیر تھے، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے گروپ میں شامل ہوئے۔ اس شمولیت پر ان کے کارکنوں نے حیرت کا اظہار بھی کیا تھا۔ کڑو کو شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کا قریبی سمجھا جاتا تھا۔ لیکن بچو کڑو نے شندے کی بغاوت کی حمایت کی اور ہمیشہ اقتدار میں رہنے کے اپنے ارادے کو ظاہر کیا۔ کڑو کی پرہار پارٹی نے شندے حکومت کی حمایت کی ہے۔ کڑو کے ساتھ پرہار کے دو ایم ایل اے شندے کے حق میں ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بچو کڑو نے تلخ لہجے میں کہا کہ  وزارتی عہدہ نہ ملنے سے ہم پریشان نہیں ہیں۔ میرا نام ہو تو اچھا اور نہ ہو تو بھی اچھا ۔ کسانوں کے مسائل ہمارے لئے وزارت سے زیادہ اہم ہیں۔ ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ معذوروں ا ور معمر شہریوں کےبہت سے مسائل زیر التوا ہیں، انہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حکومت میں آزاد رکن اسمبلی اور پرہار کو اہم مقام حاصل ہے۔ اس کے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکتی۔ ہم وزیر اعلی شندے سے براہ راست ملاقات کریں گے اور وزارت کا عہدہ ہمارا حق ہے۔
سندھو دُرگ سے  دیپک کیسرکر کو وزارت 
 ایکناتھ شندے کی نئی کابینہ میں خطہ کوکن کے دو اراکین اسمبلی کی شمولیت پر رتناگیری اور سندھودرگ اضلاع میں جشن کا ماحول ہے ۔ دوسری طرف سندھودرگ ضلع کے دیپک کیسرکر کو کابینہ میں شامل کرنے سے نتیش رانے کافی ناراض ہیں۔اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق سندھو دُرگ کی سیاست میں رانے خاندان اور دیپک کیسرکر کا گہرا رشتہ ہے۔ دونوں گروہ ایک دوسرے پر مسلسل سیاسی حملے کرتے رہتے ہیں۔ اب تک دونوں سیاسی جماعتوں میں مخالف عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں لیکن اب دونوں حکمراں جماعتوں میں ہیں۔ اس کے باوجود یہ دونوں گروہ ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہتے ہیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے سندھودرگ ضلع میں نتیش رانے کو وزارت کا عہدہ ملنے کی زوردار بحث چل رہی تھی ۔ اس کے برعکس دیپک کیسرکر کی وزارت  میں شمولیت کے بارے میں کوئی بات نہیں ہو رہی تھی لیکن  بالکل برعکس  صورتحال سامنے آگئی۔  دیپک کیسرکر کو سندھو درگ کی سرپرست وزیر کا عہدہ ملنے کے آثار ہیں۔ جب دیویندر فرنویس وزیر اعلیٰ تھے تو شیوسینا کے کوٹے سے دیپک کیسرکر وزیر مملکت تھے لیکن ادھو حکومت میں کیسرکر کو وزارت کا موقع نہیں ملا۔ اسی سے ناراض ہو کر انہوں نے شندے گروپ میںشمولیت  اختیار کی تھی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK