ہنگامی حالات کیلئے مختص کوٹے سے پانی سپلائی کرنے کی ریاستی حکومت سے اجازت ملنے کے بعد بی ایم سی کااعلان
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 11:27 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ہنگامی حالات کیلئے مختص کوٹے سے پانی سپلائی کرنے کی ریاستی حکومت سے اجازت ملنے کے بعد بی ایم سی کااعلان
ایک طرف جہاں وقت سے قبل مانسون کے آنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔وہیں دوسری طرف شدید گرمی اور بڑھتے درجہ ٔحرارت کے سبب عروس البلاد ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ تیزی سے کم ہو رہا ہے جس کے سبب یہ اندیشہ ظاہر کیاگیا تھا کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) کی جانب سے پانی کٹوتی نافذ کی جاسکتی ہے ۔ اسی اندیشہ کے دوران پیر کو شہری انتظامیہ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہےکہ ممبئی میں پانی کٹوتی نہیں کی جائے گی کیونکہ ہنگامی حالات کیلئے مختص کئے گئے کوٹے سے ریاستی حکومت نے ممبئی کیلئے پانی سپلائی کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ریاستی حکومت نے مذکورہ ریزرو کوٹے سے ۳۱؍جولائی تک پانی سپلائی کرنے کی اجازت دی ہے۔اس اعلان سے ممبئی کے شہریوں کو بڑی راحت ملی ہے۔
ممبئی کے شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کیلئے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے پیر(۵؍ مئی ) کو بی ایم سی کے صدر دفتر میں اعلیٰ افسران کی میٹنگ طلب کی تھی۔ اس میٹنگ میں ذخیرہ شدہ پانی کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر ( پروجیکٹ) ابھیجیت بانگر، ہائیڈرولک انجینئر پرشوتم مالودےاور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔میٹنگ میں جہاں ڈیم پر موجود پانی کے ذخیر ہ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور موجودہ ذخیرہ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا وہیں شدید گرمی اور بڑھتے درجۂ حرارت کے خطرہ کے پیش نظر پانی کٹوتی سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لئےلائحہ عمل بھی تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے شہریوں کو تلسی ، ویہار، بھاتسا ، تانسا ، اَپر ویترنا ، مڈل ویترنا اور موڈک ساگر ان ۷؍ جھیلوں سے پینے کاپانی سپلائی کیاجاتا ہے۔یہ جھلیں ممبئی ، تھانے ، پال گھر اور ناسک اضلاع میں واقع ہیں۔ان جھیلوں سے ممبئی کے شہریوں کو یومیہ ۳؍ہزار ۸۵۰؍ ملین لیٹر پانی سپلائی کیاجاتا ہے۔
میٹنگ میں میونسپل کمشنر کو بتایا گیا کہ پیر کی صبح ۶؍ بجے تک ممبئی کی ۷؍ جھیلوں میں مجموعی طو رپر ۲۲ء۶۶؍ فیصد ہے۔ یہی نہیں، مہاراشٹر حکومت نے بھاتسا جھیل اور اپر ویترنا جھیل سے ہنگامی حالت کیلئے مختص(کونٹین جینسی ریزرو)سے اضافی پانی کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ممبئی کیلئے ۳۱؍ جولائی تک پانی فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس لئے اس وقت پانی سپلائی میں کٹوتی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
میونسپل کمشنر کے بقول شہری انتظامیہ جھیلوں میں موجود پانی کے ذخیرہ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ساتھ ہی مانسون کی آمد کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے ساتھ مل کر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اگلا فیصلہ کیا جائے گا۔
شہریوں سے پانی کفایت شعاری سے استعما ل کرنے کی اپیل
میونسپل کمشنر نے ممبئی کے شہریوں سے عاجزی کے ساتھ اپیل کی ہے کہ وہ کفایت شعاری کےساتھ پانی کا استعمال کریں اور پانی بچانے میں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ساتھ تعاون کریں۔
واضح رہے کہ شدید گرمی کے سبب جھیلوں سے بھاپ بننے کی مقدار میں اضافہ رہا ہے جس سے یہ اندیشہ ظاہر کیاجارہا تھا کہ آبی ذخیرہ تیزی سے کم ہو سکتا ہےاور اسی لئے ممبئی کے شہریوں پر پانی کی کٹوتی نافذ کی جاسکتی ہے لیکن پیر کو ہونے والی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یہ صاف کر دیا ہے کہ ممبئی کے شہریوں پر پانی کی کٹوتی نافذ نہیں کی جائے گی۔