• Tue, 18 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہم خیال پارٹیوں سے ہی اتحاد ہوگا‘‘

Updated: November 18, 2025, 10:37 AM IST | Inquilab News Network | Azad Maidan

پریس کانفرنس میں ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان سچن ساونت کا بی ایم سی الیکشن سے متعلق اعلان

Sachin Sawant expressing his views at the press conference. Party officials are also seen. Photo: INN
پریس کانفرنس میں سچن ساونت اظہار ِ خیال کرتے ہوئے ۔پارٹی عہدیداران بھی نظر آرہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
’’برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) میں کانگریس ایسی ہی پارٹیوں کے ساتھ   اتحاد کر سکتی ہے جو ’ہم خیال‘   ہو یعنی جو  کانگریس کے سیکولر اور ہر مذہب کے ماننے والوں کو ساتھ لے کر چلنے والے نظریات پر عمل کرنے والی ہو۔‘‘ یہ اعلان ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری سچن ساونت نے پیر کو راجیو گاندھی بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا ۔
  کانگریس نے واضح کیا ہے کہ شہرکیلئے کسی بھی طرح کا سیاسی تنازع نہیں بلکہ ترقی، سبھی کی شمولیت اور انسانی قدروں پر مبنی حکمرانی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ پارٹی نے بی جے پی اور ایم این ایس کی مذہب اور علاقائیت   پر مبنی سیاست کو ممبئی کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ میونسپل الیکشن میں وہ اپنی آئینی، جمہوری اور سیکولر فکر سے کسی قسم کی مفاہمت کئے بغیر ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ آزادانہ اتحاد کر کے میدان میں اترے گی۔
پریس کانفرنس میں سچن ساونت نے یہ بھی کہا کہ ’’ممبئی کی تعمیر نو اور شہری نظام کی بہتری کیلئے باہمی تعاون، رواداری، شفافیت اور انسانی بنیادوں پر مبنی پالیسی ناگزیر ہے۔ بی ایم سی انتخابات کو مذہب، زبان اور شناخت کی بنیاد پر بانٹنے کی کوششیں دراصل شہر کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہیں اور کانگریس شہریوں کے حقوق، ترقی کی ضرورتوں اور انتظامیہ میں شفافیت کے ایجنڈے کو مرکزی حیثیت دینے کیلئے آزادانہ طور پر میدان میں اتر رہی ہے۔‘‘انہوںنے مزیدکہا کہ ’’ آج ملک میں دو نظریات کے درمیان   واضح کشمکش جاری ہے۔ ایک وہ جو ملک کی وحدت، تکثیریت اور ہم آہنگی کی حفاظت کی داعی ہے، جس کی نمائندہ کانگریس ہے اور دوسری وہ جو فرقہ وارانہ تقسیم، عدم برداشت،   خوف اور نفرت کی سیاست کے ذریعے اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ممبئی جیسے حساس، کثیرالثقافتی اور عالمی شہرت یافتہ شہر میں نفرت اور زہر آلود سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘‘سچن ساونت نے بی جے پی کی سیاست کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی شہر میں ہندومسلم تفریق کو ہوا دے کر انتخابی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔انہوں نے بی جے پی لیڈروں کے حالیہ بیانات کو  اشتعال انگیز قرار  دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK