• Sat, 28 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اِن حفاظ نے ۵؍۶؍ اور۷؍روزہ تراویح میں قرآن مکمل کیا

Updated: February 28, 2026, 2:58 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

انہیں قرآن کریم پختہ یاد ہے اورپورے سال کئی کئی پارے یومیہ تلاوت کا معمول رہتا ہے۔ اسی سبب وہ ۵؍ ۶پارے بآسانی پڑھا لیتے ہیں۔

Hafiz Danish, Hafiz Ghulam Sarwar Maulana Sadrul Haq, Hafiz and reciter Hajj Muhammad Israr Rizvi, Hafiz Hidayatullah. Photo: INN
حافظ دانش، حافظ غلام سرور مولانا صدر الحق، حافظ و قاری الحاج محمد اسرار رضوی، حافظ ہدایت اللہ۔ تصویر: آئی این این

اِن حفاظ نے ۵؍۶؍ اور۷؍ روزہ تراویح میں قرآن مکمل کیا۔ انہیں قرآن کریم پختہ یاد ہے اور پورے سال کئی کئی پارے یومیہ تلاوت کا معمول رہتا ہے۔ اسی سبب وہ ۵؍ ۶ پارے بآسانی پڑھا لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہےکہ اگر اس سے زائد بھی پڑھانا ہو توانہیں دقت نہیں ہوگی۔ 
بھنڈی بازار کی ثقلینی مسجد میں حافظ و قاری الحاج محمد اسرار رضوی (خطیب و امام سنی مسجد واڑی بندر)نے ۵؍ روزہ تراویح میں ۴؍ رمضان المبارک کو قرآن کریم مکمل کیا۔ قاری محمد اسرار کا ثقلینی مسجد میں ۲۶؍ برس سے ۵؍ دن میں قرآن کریم مکمل کرنے معمول ہے۔ اس کےبعد وہ واڑی بندرمسجد میں بھی تراویح میں قرآن کریم پورا کرتے ہیں۔ قاری محمداسرار دارالعلوم حنفیہ رضویہ قلابہ کے شعبۂ حفظ کے سینئر استاد ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ سال بھر بکثرت تلاوت کے معمول کے سبب ۵؍ دن میں آسانی کے ساتھ قرآن پاک پورا کرلیتے ہیں۔ ان کے شاگردوں کی بڑی تعداد ہے جو عروس البلاد اور دیگر شہروں میں گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 
حافظ ہدایت اللہ، جو امام صاحب سے بھی مشہور ہیں، نے ۶؍ روزہ تراویح جامعہ عربیہ منہاج السنہ(مالونی ) میں پڑھائی۔ وہ یہاں ۲۶؍برس سے ۶؍روزہ تراویح پڑھا رہے ہیں۔ حفظ مکمل کرنے کےبعد سے تراویح پڑھانے کا ان کا یہ ۴۴؍واں سال ہے۔ حفظ مکمل کرنے کے بعد وہ اپنے آئی وطن دربھنگہ میں، اس کے بعد کئی سال کولکاتہ میں اورممبئی میں متعدد مساجد میں پڑھا چکے ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے دیارِ مدینہ مسجد (مہاڈا، مالونی) میں تراویح پڑھارہے ہیں۔ ایک بھائی، دو بیٹے اور پانچ بھانجے بھی حافظ ہیں -‘‘
حافظ دانش نے ۷؍روزہ تراویح مدرسہ تعلیم الاسلام (مالونی ) میں پڑھائی۔ ۷؍روزہ تراویح پڑھانے کا ان کا یہ تیسرا سال تھا جبکہ اس سے قبل ۹؍سال وہ دیگر مساجد میں الگ الگ ترتیب سے پڑھا چکے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک توعمر ابھی کم ہے، دوسرے پورے سال قرآن پاک کی پابندی سے تلاوت کا معمول رہتا ہے اس لئے ۷؍روزہ تراویح تنہا پڑھانے میں کوئی دقت محسوس نہیں ہوئی۔ اگر اس سے بھی زیادہ پڑھانا ہو توکوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ 
حافظ غلام سرور مولانا صدرالحق نے امسال میراروڈ میں شمس مسجد کے پیچھے میرج ہال میں ۶؍ روزہ تراویح میں قرآن پاک مکمل کیا۔ ۶؍روزہ تراویح میں قرآن مکمل کرنے کا ان کا یہ ۸؍واں سال تھا۔ جامعہ قرآنیہ سمراہ (ضلع بیتیا، بہار) سےحفظ کرنے کےبعد وہ ۱۵؍برس سے تراویح پڑھا رہے ہیں ۔ 
حافظ غلام سرور الیکٹریشین ہیں اور مغرب تا عشاء بچوں کو مکتب میں پڑھاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکٹریشین کا کام کرنےکے باوجود پورے سال پابندی سے قرآن کریم کی تلاوت کا معمول رہتا ہے۔ اسی لئے رمضان المبارک میں بغیرکسی دشواری کے ۶؍دن میں قرآن پاک تراویح میں مکمل کرلیتا ہوں۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK