پروازوں کا شیڈول جاری ، روانگی کا مرکز تبدیل نہیں کیاگیا، ممبئی کے مقابلے اورنگ آباد کا ہر حاجی ۸۸؍ ہزار روپے اور ناگپور کا ہر حاجی ۶۲؍ ہزار روپے اضافی کرایہ دیگا
EPAPER
Updated: May 26, 2023, 9:43 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai
پروازوں کا شیڈول جاری ، روانگی کا مرکز تبدیل نہیں کیاگیا، ممبئی کے مقابلے اورنگ آباد کا ہر حاجی ۸۸؍ ہزار روپے اور ناگپور کا ہر حاجی ۶۲؍ ہزار روپے اضافی کرایہ دیگا
سفر حج کے کرائے کے اضافی بوجھ سے بچنے کیلئے اورنگ آباد اور ناگپور کے عازمین نےروانگی کامرکز تبدیل کرکے ممبئی کرنے کی اپیل کی ہےمگر ان کو نظر انداز کرتے ہوئے جمعرات کو حج کمیٹی آف انڈیا نے مہاراشٹر سے حج پروازوں کی روانگی کا شیڈول جاری کردیا۔اس طرح ناگپور اور اورنگ آباد سے روانہ ہونے والے۴؍ ہزار ۱۹۶؍ عازمین ممبئی سے روانہ ہونے والے عازمین کے مقابلے میں مجموعی طور پر ۳۰؍ کروڑ ۷۵؍ ہزار ۵۰؍ ہزار روپے اضافی کرایہ ادا کریں گے۔
خرچ میں غیر معمولی فرق
پروازوں کا شیڈول جاری ہو جانے کے بعد اب روانگی کا مرکز تبدیل ہونے کا امکان نہ کے برابر رہ گیا ہے۔ ناگپور سے ۲؍ ہزار ۳۷۳؍ اور اورنگ آباد سے ایک ہزار ۸۲۳؍ عازمین حج کیلئے روانہ ہوں گے۔ ممبئی سے جانے والے عازمین کاخرچ ۳؍لاکھ ۴؍ہزار۸۴۳؍ روپے ہے جبکہ اورنگ آباد سے جانے والے عازمین کو ۳؍لاکھ ۹۲؍ہزار۷۳۸؍ روپے ادا کرنا پڑے گا۔ اسی طرح ناگپور کے عازمین کاخرچ ۳؍ لاکھ ۶۷؍ہزار ۴۴؍ روپےہے۔ اس طرح اورنگ آباد کے عازمین کو کم وبیش ۸۸؍ ہزار روپے اور ناگپور کے عازمین کو ۶۲؍ ہزار روپے اضافی خرچ کرنے پڑیں گے۔
اخراجات کا تخمینہ جاری ہونے کے بعد سے یہ سوال پوچھا جارہاہے کہ ممبئی سے چند سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ان شہروں سے حج پر جانے والوں کا خرچ اتنا زیادہ کیسے ہوسکتا ہے۔ یہ بھی سوال کیا جارہاہے کہ امسال سب سے سستا حج(۳ء۰۳؍ لاکھ ) بنگلور کے حاجیوں کیلئے کیوں ہے، کیا اس کی وجہ وہاں ہونےوا لا الیکشن تھا۔ واضح رہے کہ بنگلور کے بعد حج پر جانے کا سب سے کم خرچ ممبئی کے عازمین کو اد اکرنا پڑ رہا ہے جو۳؍لاکھ ۴؍ ہزار ۸۴۳؍ روپے ہے ۔
احتجاج اور درخواتیں بے نتیجہ، امیدیں معدوم
حکومت اورمرکزی حج کمیٹی کوریاستی لیڈران، وزراء، خدمتِ حجاج کمیٹی اورنگ آباد کی جانب سے مکتوب اور میمورنڈم بھیجے گئے مگر کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔احتجاج تک کیاگیا مگر بات نہیں بنی۔ پروازوں کی روانگی کا شیڈول جاری ہو جانے کے بعد حالانکہ روانگی کا مرکز تبدیل ہونے کے امکانات معدوم ہوچکے ہیں تاہم ناگپور اور اورنگ آباد کے عازمین اب بھی پُرامید ہیںکہ ممبئی سے حج بیت اللہ کیلئےجانے کی ان کی درخواست قبول کی جائے گی اور اضافی مالی بوجھ سے انہیں راحت ملے گی۔
معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عازمین نے اپنی سہولت کیلئے خود ہی اورنگ آباد اورناگپور امبارکیشن پوائنٹ کاانتخاب کیا ہے، لہٰذا یہ حکومت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ عازمین کا فیصلہ ہے۔ایسے میںیہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تواسے حل کرنا اورعازمین ِ حج کے مفاد کو پیش نظررکھنا کیا حج کمیٹی اور حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے ۔ اس کےعلاو ہ اس دفعہ حج فارم بھرنے کی تاریخ سے لے کرقرعہ اندازی اورحج خرچ یعنی حج کا پورا پروسیس کافی تاخیر سے کیاگیا ۔ اس سے پہلے ہمیشہ کئی ماہ قبل ساری چیزیں واضح کردی جاتی تھیں۔ اسی طرح اگراس دفعہ بھی حج خرچ بالکل اخیر کےبجائے پہلے بتادیا جاتا توشاید یہ نوبت ہی نہ آتی اوراورنگ آباد اورناگپور کے عازمین رقم جمع کرانے سے قبل ہی اضافی خرچ کو دیکھتے ہوئے روانگی کا مرکز ممبئی رکھتے اور اس طرح انہیںحکومت سے بار بار روانگی کا مرکز تبدیل کرنے کی درخواست نہ کرنے پڑتی۔