Inquilab Logo

ملک کے ۳۵؍ شہروں میں کانگریس کی ۳۵؍ پریس کانفرنس

Updated: March 30, 2023, 10:43 AM IST | new Delhi

ممبئی ، گوا ، دہلی ، احمد آباد، بنگلور، شملہ ، ترواننت پورم ،سورت اور وارانسی اور دیگر شہروں میںکانگریس لیڈروںکامیڈیا سے خطاب۔ رکنیت کی منسوخی،مودی سرکار کی پالیسیاں، اڈانی گھوٹالہ اور ملک میں بڑھتی نفرت اہم موضوعات

Ashok Gehlot addressing the media in Ahmedabad. (Photo: PTI)
احمد آباد میں اشوک گہلوت میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

مرکز کی بی جے پی حکومت کی من مانی ، اڈانی معاملے میں ہٹ دھرمی اورراہل گاندھی کی رکنیت منسوخ کرنے کے معاملے میں جلد بازی کے خلاف کانگریس پارٹی پوری طرح کیل کانٹوں سے لیس ہوکر میدان میں اترگئی ہے۔ اس نے ملک کے طول و عرض میں  مقامی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نہ صرف بی جے پی حکومت پر سنگین الزامات عائد کئے بلکہ مطالبہ کیا کہ سرکار اپنے طور طریقے تبدیل کرے ورنہ عوام اسے تبدیل کرنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔یاد رہے کہ پارٹی نے منگل اور بدھ کو ملک کے ۳۵؍ شہروں میں پریس کانفرنس کا اعلان کیا تھا ۔ اس کے تحت منگل کو ۴؍ شہروں لکھنؤ، حیدر آباد، چنڈی گڑھ اور جموں میںمیڈیا سےخطاب کیا گیا جبکہ بدھ کو احمد آباد، گوا، ممبئی ، وارانسی ، بنگلور ، سورت ، ترواننت پورم ،شملہ اور دیگر شہروں میں مختلف لیڈروں نے میڈیا سے خطاب کیا۔
 احمد آباد میں راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے میڈیا سے گفتگو کی ۔ انہوں نےوزیر داخلہ امیت شاہ اور ان کی وزارت پر یہ سنگین الزام عائد کیا کہ وزارت داخلہ اپوزیشن لیڈروں کے خلاف مقدمات درج کرواتی ہے اور پھر مقدمات میںکیا پیش رفت ہوئی اس کی مانیٹرنگ کرتی ہے تاکہ اپوزیشن لیڈروں کو الجھا کر رکھا جاسکے۔  پارٹی ترجمان پروفیسر گورو ولبھ نے وارانسی میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ انہوں نے یہاں مودی حکومت کی پالیسیوں اور مہنگائی بڑھانے کے اس کے اقدامات پر جم کر تنقید کی۔ انہوں نے سرکار سے پوچھا کہ آخر پیٹرول، ڈیزل اور سلنڈر کے دام کب کم ہوں گے؟
 گجرات کانگریس کے صدر شکتی سنگھ گوہل نے شملہ میں پریس سے خطاب کیا اور اس موقع پر انہوں نے جہاں مودی حکومت پر متعدد الزامات عائد کئے وہیں راہل گاندھی کی رکنیت کی منسوخی پر بی جے پی کے ہی ایک رکن پارلیمنٹ کو سزا ملنے کا حوالہ دیا اور بتایا کہ کیسے سپریم کورٹ نے ان کی سزا پر عمل نہیں کیا تھا تاکہ وہ جس حلقے کی نمائندگی کرتے  ہیں وہاں سے نمائندگی ختم نہ ہو جائے۔ انہوں نے یہ مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت جب بی جے پی کے ایک رکن کے مجرم ہوتے ہوئے بھی محض اس لئے اس کی سزا پر عمل در آمد نہیں کررہی ہے کیوں کہ وہ حلقہ نمائندگی سے محروم نہ ہو جائے ، تو مرکزی حکومت اس مثال پر عمل کیوں نہیں کرسکتی ؟  
  گوا کی راجدھانی پنجی میں کانگریس کی قومی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد نے پریس کانفرنس میں اڈانی کے معاملے پر مودی حکومت کی خاموشی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ’پرم متر‘    گوتم اڈانی کو بچانے کے  لئے وزیر اعظم مودی ملک کی  جمہوریت کو شدید نقصان پہنچارہے ہیں۔
  کانگریس کی شعلہ بیان مقرر سپریہ شرینیت نے چنڈی گڑھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہل گاندھی کی رکنیت کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منصوبہ بند طریقے سے ختم کی گئی حالانکہ کانگریس لوگوں کی آواز دبائے جانے کے خلاف جیت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چوروں اور گھوٹالے بازوں کو بچانے کے  لئے مودی حکومت راہل گاندھی کو ہدف بنا رہی ہےلیکن نہ راہل گاندھی خوفزدہ ہیں اور نہ کانگریس پارٹی کسی کے ڈرانے سے کبھی ڈرے گی۔ 
 کشمیر کی راجدھانی سری نگر میں سینئر کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے میڈیا سے کہا کہ مرکزی حکومت راہل گاندھی کو کمزور کرنے کے لئے سب کچھ کرے گی لیکن ہم سبھی ان کے ساتھ کھڑے ہونے اور اپنی جمہوریت کو بچانے کے  لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ کیرالا کی راجدھانی منیش تیواری نے سوال کیا کہ اڈانی کے میگا گھوٹالے پر سوال پوچھنے کے  لئے راہل گاندھی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے کہا تھا کہ اڈانی سے جڑی شیل کمپنیوں میں ۲۰؍ہزار کروڑ روپے آئے ہیں، یہ پیسہ کس کا ہے؟
 گجرات کے جنوبی شہر سورت میں کنہیا کمار نے اپنے جانے پہچانے انداز میں بی جے پی پر سوالوں کی بوچھار کردی۔ انہوں نے اڈانی گھوٹالے پر خاص طور پر کئی چبھتے ہوئے سوال پوچھے۔ ایسی ہی ایک پریس کانفرنس پون کھیڑا نے ممبئی میں کی۔ 

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK