طلبہ کی تعداد بڑھانےکیلئے حکومت نے اسکالر شپ امتحان کی سطح میں تبدیلی کی
EPAPER
Updated: October 19, 2025, 9:44 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
طلبہ کی تعداد بڑھانےکیلئے حکومت نے اسکالر شپ امتحان کی سطح میں تبدیلی کی
حکومت نے پری اپر پرائمری اور پری سیکنڈری اسکالرشپ امتحان کی سطح پنجم سے چہارم اور ہشتم سے ہفتم کی تبدیلی کو منظوری دے دی ہے۔ اسکالرشپ امتحان میں تبدیلی تعلیمی سال ۲۶۔ ۲۰۲۵ء سے نافذ کی جائے گی۔ اس کی وجہ سے، تعلیمی سال ۲۶۔ ۲۰۲۵ءمیں کلاس پنجم اور ہشتم کے امتحانات فروری ۲۰۲۶ء کے دوسرے یا تیسرے اتوار کو منعقد کئے جائیں گےجبکہ کلاس چہارم اور کلاس ہفتم کے امتحانات اپریل یا مئی ۲۰۲۶ء کے کسی اتوار کو منعقد کئے جائیں گے۔ ۲۷۔ ۲۰۲۶ء سے چہارم اور ہفتم کے اسکالر شپ امتحانات ہی منعقد کئے جائیں گےجبکہ پنجم اور ہشتم کے اسکالرشپ امتحانات بندکردیئے جائیں گے۔ چونکہ امسال ان جماعتوں کے طلبہ نے بھی اسکالرشپ امتحانات کی تیاری کی ہے اس لئے ان کے امتحانات لئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسکالر شپ امتحان کا انعقاد شہری اور دیہی علاقوں کے پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے غریب، ہونہار اور ذہین طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی مزید تعلیم کیلئے مالی مدد فراہم کرنے اور تعلیم میں آگے بڑھنے کی ترغیب دینے کے مقصد سے کیا جاتا ہے۔ اسکالرشپ امتحان۱۷۔ ۲۰۱۶ء سے کلاس پنجم اور ہشتم کے طلبہ کیلئے باقاعدگی سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اسکالرشپ امتحان دینے والے طلبہ کی مجموعی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہونے سے طلبہ کی تعداد بڑھانے، طلبہ اور اساتذہ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے حکومت اسکالرشپ امتحان کی سطح تبدیل کرنے پر غور کر رہی تھی جس کے تحت پانچویں کےبجائے چوتھی اور آٹھویں کے بجائے ساتویں جماعت کے طلبہ کیلئے اسکالرشپ امتحانات منعقد کرنے کا فیصلہ کر کے اس تعلق سے سرکیولر بھی جاری کر دیاہے۔
درجہ چہارم کیلئےاسکالرشپ کی رقم سالانہ ۵؍ہزار روپے اور ہفتم کیلئے ساڑھے ۷؍ ہزار روپے منظور کی گئی ہے۔
امسال جماعت چہارم اور پنجم کیلئے ۱۶؍ہزار ۶۹۳؍ اور ہفتم اور ہشتم کیلئے ۱۶؍ہزار ۵۸۸؍ اسکالر شپ سیٹیں منظور کی گئی ہیں۔
اسکالر شپ امتحان کیلئے طالب علم کو مہاراشٹر کا رہائشی ہونا چاہئے۔ اسے حکومت سے منظور شدہ سرکاری، امداد یافتہ، غیر امدادی، مستقل غیر امدادی اور خود مختار اسکول میں جماعت چہارم یا ہفتم میں پڑھنا چاہئے۔ پرائمری اسکالرشپ امتحان کیلئے، تمام زمروں کے طلبہ کی زیادہ سے زیادہ عمر یکم جون کو ۱۰؍ سال سے زیادہ اور معذور طلبہ کیلئے ۱۴؍ سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ اپر پرائمری اسکالرشپ امتحان کیلئے تمام زمروں کے طلبہ کی عمر ۱۳؍سال سے زیادہ اور معذور طلبہ کیلئے ۱۷؍سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔