• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سے آزاد میدان میں سُنّی دعوت اسلامی کا سہ روزہ اجتماع

Updated: November 27, 2026, 11:22 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

پہلا دن خواتین کیلئے مخصوص ہے۔ ملک و بیرونِ ملک سے علماء اور مشائخ کی آمد کا سلسلہ جاری۔ اجتماع گاہ میں ہینڈی کیمرے، لیپ ٹاپ، بیٹری،ماچس باکس، لائٹر اور دیگرالیکٹرانک سامان لانے پر پابندی۔

A view of the vast venue prepared for the 34th International Annual Gathering of Sunni Dawat-e-Islami at Wadi-e-Noor (Azad Maidan). Photo: Inquilab
وادیٔ نور (آزادمیدان) میں سنی دعوت اسلامی کے ۳۴؍ویں بین الاقوامی سالانہ اجتماع کیلئے وسیع وعریض اجتماع گاہ کا منظر۔ تصویر: انقلاب

سنّی دعوت اسلامی(ایس ڈی آئی) کا ۳۴؍ واں سالانہ اجتماع آج ( جمعہ )سے یہاں کے وسیع وعریض آزادمیدان (وادیٔ نور)  میں شروع ہو رہا ہے ۔ اجتماع کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ ملک و بیرونِ ملک سے علماء اور مشائخ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔پولیس کی ہدایت کے مطابق سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اجتماع کے پہلے دن خاتون شرکاء کی نگرانی اور مدد کیلئے ایک ہزار سے زیادہ خاتون رضاکار تعینات ہوں گی۔  اجتماع گاہ میں ہینڈی کیمرے، لیپ ٹاپ، بیٹری،ماچس باکس، لائٹر اور دیگر الیکٹرانک سامان لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

اجتماع کا باقاعدہ آغاز بعد نماز ِ جمعہ ہوگا ۔۳؍ روزہ اجتماع کا پہلادن خواتین کیلئے مختص ہے۔  اجتماع کے اختتام پر اجتماعی دعا  ہوگی جس میں ہزاروں افراد اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی کے طلبگار ہوں گے ۔رو روکر اللہ سے اپنے لئے اور ملک وملت کی بہتری کیلئے دعا کریں گے۔

 اجتماع کوبراہ راست ایس ڈی آئی چینل سے نشر کیا جائے گا

سنی دعوت اسلامی کے میڈیا انچارج مولانا مظہر حسین علیمی نے اجتماع کے تعلق سے انقلاب کو بتایا کہ ’’ اجتماع کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ ملک وبیرون ملک سے  علماء ، مشائخ کی آمد شروع ہوچکی ہے ۔اجتماع کے پہلے دن مفتی محمدنظام الدین رضوی ، مولانا شاکر نوری( امیرسنی دعوت اسلامی)، معروف خطیب سید امین القادری سمیت متعدد ممتاز علماء ومبلغین اہم دینی موضوعات پر تقاریر کریں گے ۔ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی اجتماع کوبراہ راست ایس ڈی آئی چینل سے نشر کیا جائے گا۔‘‘ 

سیکوریٹی کے سخت انتظامات

اجتماع گاہ کی سیکوریٹی سےمتعلق انہوںنے بتایا کہ ’’پولیس کی ہدایات پر ۳۰؍ ڈورفریم میٹل ڈٹیکٹر اور۴۵؍سی سی ٹی وی کیمرےنصب کئے گئے ہیں۔ اسی طرح حفاظتی بندوبست کے تحت پورے اجتماع گاہ میں ۶۰؍ سے زائد کیمرے جگہ جگہ نصب کئے گئےہیں۔پولیس نے بھی شرکائے اجتماع سے ہینڈی کیمرہ ، لیپ ٹاپ ، بیٹری، ماچس باکس، لائٹر، نیل کٹر اور دیگر الیکٹرانک سامان نہ لانے کی اپیل کی ہے ۔اس طرح کا سامان لانے والوں کو اجتماع گاہ میں داخلہ نہیں دیا جائے گا ساتھ ہی سیکوریٹی کے پیش نظر آزاد میدان کے آس پاس موٹر سائیکل یا کوئی بھی گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ فوڈ اینڈڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے )کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے خصوصی تیاری کی گئی ہے ۔ شرکائے اجتماع کی سہولت کیلئے بڑی تعداد میں وضو اوراستنجا خانے بنائے گئے ہیں ۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: کیلیفورنیا کی سیلیکون ویلی فلسطینیوں پر اسرائیل کی جنگ کا مرکز

اجتماع میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل

مولانا محمد شاکر نوری نے لوگوںسے کہا ہےکہ ’’پہلے دن کے اجتماع میں اپنے گھروں کی خواتین کو بڑی تعداد میں اجتماع گاہ بھیجیں  تاکہ وہ دینی تعلیمات سیکھ کر اپنی اصلاح اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کرسکیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’یہاںتلاوت قرآن پاک، ذکرِ الٰہی، رقت آمیز دعاؤں اور توبہ و استغفار کے وہ لمحات میسر آتے ہیں جو پتھر دلوں کو بھی موم کر دیتے ہیں۔ روزمرہ کی زندگی کے ضروری مسائل، مسنون طریقے اور اسلامی آداب انتہائی موثر انداز میں سکھائے جاتے ہیں ،چنانچہ عام مسلمانو ں سے بڑی تعداد میں شرکت  کی اپیل ہے۔‘‘

آج خواتین کے اجتماع کیلئے ضروری ہدایات

وقت پر اجتماع گاہ پہنچیں،سیکوریٹی جانچ میں تعاون کریں، داخلے کے وقت پولیس، سیکوریٹی عملے اور خاتون رضاکاروں سے مکمل تعاون کریں ، ممنوعہ اشیاء ساتھ نہ لائیں، پارکنگ سے متعلق  پابندی پرعمل کریں،پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنےکی بھرپور کوشش کریں، پولیس اور رضاکاروںکی ہدایات پر عمل کریں، اجتماع گاہ میں تعینات منتظمین اور خاتون رضاکاروں کی رہنمائی پرعمل کریں ، دستیاب سہولتوں کا استعمال کریں، وضو خانوں اور بیت الخلاء کی سہولت کا ذمہ داری سےاستعمال کریں، صاف صفائی کا خیال رکھیں،نظم و ضبط برقرار رکھیں،غیر ضروری بھیڑ بھاڑ سے گریز کریں، داخلے اور اجتماع گاہ سے باہر نکلنے کے راستوںکو کھلارکھنے، بزرگوں اور ضرورتمند شرکاء کی مدد کرنے ،بچوں اور اپنے سامان کا خیال رکھنے ،یہاں کے روحانی ماحول کا احترام کرنے ،غیر ضروری گفتگو سے گریز کرنے اور اجتماع کے پُرسکون اور روحانی ماحول کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK