برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) اور نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی ) کے ہیڈکوارٹرس، میئر دفتر، امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ اور بیلاپور کی عدالت کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھرے ای میل موصول ہونے کے بعد جمعرات کو سیکوریٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) اور نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی ) کے ہیڈکوارٹرس، میئر دفتر، امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ اور بیلاپور کی عدالت کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھرے ای میل موصول ہونے کے بعد جمعرات کو سیکوریٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔
حکام کے مطابق یہ دھمکی بھرا ای میل صبح میونسپل کارپوریشن کے سرکاری ای میل آئی ڈی پر آیا۔ ای میل بھیجنے والے نے بی ایم سی ہیڈکوارٹرز اور امیتابھ بچن کے جوہو میں واقع بنگلے کے علاوہ مہالکشمی علاقے، مہالکشمی ریس کورس اور ممبئی میٹرو اسٹیشنوں پر بھی بم رکھے جانے کا دعویٰ کیا۔ ممبئی پولیس نے اس پیغام کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور بتائے گئے مقامات پر جانچ اور تلاشی شروع کر دی ہے لیکن کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ چار مہینوں میں میونسپل کارپوریشن کو موصول ہونے والا یہ اس طرح کا پانچواں دھمکی آمیز ای میل ہے جس کے پیش نظر سائبر اور پولیس ٹیموں نے بار بار بھیجے جا رہے ان پیغامات کے ماخذ اور مقصد کا پتہ لگانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آج سے آزاد میدان میں سُنّی دعوت اسلامی کا سہ روزہ اجتماع
اس سے قبل بھی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوچکے ہیں
قابل ذکر ہے کہ امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو پہلے بھی اسی طرح بم کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوچکا ہے جس کے بعد’جلسہ‘ کے باہر سیکوریٹی سخت کر دی گئی تھی اور اداکار نے اپنے معمول کے اتوار کے پروگرام کے دوران بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے مداحوں کا استقبال کیا تھا۔ یہ پیش رفت شہر میں فلمی شخصیات کی سیکوریٹی کے حوالے سے بڑھتے خدشات کے درمیان سامنے آئی ہے جہاں حالیہ دنوں میں اداکار سلمان خان، ٹائیگر شراف اور فلمساز روہت شیٹی کو دھمکیوں اور فائرنگ کے واقعات درج کئے گئے ہیں۔
موصول ہونے والے ای میل میں دلجیت دوسانجھ کا بھی ذکر
دریں اثناء نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی )اور بیلا پور میں واقع عدالت کو بم سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل پولیس ہیڈ کوارٹرز کو موصول ہوا۔
نوی ممبئی کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر سدیش نائک نے اس بارے میں بتایا کہ جمعرات کو دوپہر ڈیڑھ سے۲؍ بجے کے درمیان نوی ممبئی کے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک ای میل آیا جس میں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن اور بیلا پور کی عدالت کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔ اس میں ممبئی میں ہوئے دلجیت دوسانجھ کے پروگرام کا بھی ذکر ہے لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس پروگرام اور دھمکی کا کیا کنکشن ہے۔ اطلاع ملتے ہی دونوں جگہ کو خالی کروا دیا گیا اور بم سکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ نے چپے چپے کی تلاشی لی لیکن کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی۔ اس طرح یہ افواہ ثابت ہوئی۔ پولیس یہ ای میل بھیجنے والے کی تلاش کر رہی ہے ۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی نوی ممبئی کی اہم جگہوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی مل چکی ہے۔