Inquilab Logo

این سی پی کے تین لیڈر ان مستقبل کے وزرائے اعلیٰ

Updated: February 24, 2023, 10:21 AM IST | pune

ممبئی میں این سی پی کے دفتر کے باہر لگایا گیا ایک پوسٹر بحث کا موضوع ، اس میں سپریا سلے کو مستقبل کی وزیر اعلیٰ کے طور پر دکھایا گیا ، اس سے پہلے اجیت پوار اور جینت پاٹل کے پوسٹر بھی لگ چکے ہیں، شردپوار نے کہاکہ یہ کارکنوں کے جذبات ہیں،سپریہ سلے نے کہا کہ انہیں اس طرح کے پوسٹر کی کوئی اطلاع نہیں ہے

Posters announcing Ajit Pawar, Supriya Slay and Jayant Patil as future Chief Ministers are hanging.
اجیت پوار،سپریہ سلے اور جینت پاٹل کو مستقبل کا وزیر اعلیٰ بتانے والے پوسٹرآویزاں ہیں

مہاراشٹر میں دو اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کیلئے۲۶؍ فروری کو پولنگ ہو نے والی ہے۔ مہاوکاس اگھاڑی نے پونے کے قصبہ پیٹھ سے کانگریس امیدوار اور چنچوڑ سے این سی پی کے امیدوار کو بی جے پی کے خلاف کھڑا کیا ہے۔ تاہم، چنچوڑ میں ٹھاکرے گروپ کے باغی امیدوار کھڑے ہوئے ہیں جس سے مہاوکاس اگھاڑی کو دھچکا لگا ہے۔۲۰۲۴ء میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ دریں اثنا، ممبئی میں این سی پی کے دفتر کے باہر لگایا گیا ایک پوسٹر بحث کا موضوع بن رہا ہے۔ پوسٹر میں سپریا سلے کو مستقبل کی وزیر اعلیٰ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ٹی وی ۹؍ کی ایک خبر کے مطابق اس سے پہلے اجیت پوار اور جینت پاٹل کے پوسٹر بھی لگ چکے ہیں۔اس سےظاہر ہوتا ہےکہ این سی پی میںکوئی اندرونی چپقلش ہے۔
 دو دن پہلے این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ایسا ہی ایک پوسٹر بحث میں آیا تھا۔ اس پوسٹر کو لگانے والے شخص نے جینت پاٹل کو مہاراشٹر کے مستقبل کے وزیر اعلیٰ کے طور پر بھی دکھایا۔گزشتہ روز ایسا ہی ایک پوسٹر مہاراشٹر کی قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجیت پوار کا بھی نظر آیا۔ ان پوسٹروں  کے تعلق سے صحافیوں نے گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں شرد پوار سے  پوچھا بھی تھا کہ این سی پی میں کیا چل رہا ہے؟
یہ کارکنوں کے جذبات ہیں: شردپوار 
 شرد پوار کاکہنا ہےکہ یہ کارکنوں کے جذبات ہیں۔ ان کے مطابق ’’ فی الحال این سی پی میں  وزیراعلیٰ کے  امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔سمجھا جارہا ہےکہ سپریہ سلےکا یہ پوسٹر اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے لگایاگیا کہ  وہ این سی پی میں مستقبل کے وزیر اعلیٰ کی دوڑ سےپیچھے نہ رہ جائیں ۔ یہ کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے جو امریکہ کی ریپبلکن پارٹی میں ہوا  تھا۔ وہاں نکی ہیلی نے ڈونالڈ ٹرمپ کو پارٹی کے اندر چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح، اب یہ بھی سمجھا جا رہا ہے کہ اجیت پوار، جو این سی پی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے سب سے مضبوط دعویدار سمجھے جاتے ہیں،  انہیں سپریہ سلے کی شکل میں چیلنج درپیش ہے۔
این سی پی میں جینت پاٹل بمقابلہ اجیت پوار بمقابلہ سپریہ سلے؟
 اپنی پارٹی میں شرد پوار نے شروع میں ریاست کی باگ ڈور بھتیجے کو دی اور بیٹی کو مرکز کی سیاست میں مصروف کیاتھا۔ سپریہ سلے ایم پی اور اجیت پوار ایم ایل اے بنے تھے،بعد ازاں  لیڈر آف اپوزیشن اور ڈپٹی چیف منسٹر بن گئے۔ سیاسی گلیاروں میں یہ  قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ اگر شرد پوار اصرار کرتے تو ایسے مواقع تھے کہ اجیت پوار وزیر اعلیٰ بن سکتے تھے لیکن پوار خود انہیں وزیر اعلیٰ نہیں بنانا چاہتے تھے۔ اسی لیے این سی پی کی مخلوط حکومتوں میں وزیر اعلیٰ کبھی کانگریس کا رہا اورکبھی شیوسینا کا اوراجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے سے خود کو مطمئن کرنا پڑا ۔ لیکن اجیت پوار کا جو پوسٹر گزشتہ دنوں لگایا گیا تھا اس میں انہیں مستقبل کے وزیر اعلیٰ کے طور پر دکھایا گیا ۔اس کے جواب میں سپریا سلے کا ایسا ہی پوسٹر آیا۔
کیا اجیت اور جینت کی لڑائی کے درمیان سپریہ کی راہ ہموار ہوگی؟ 
 ان  سب کے پیچھے ایک کڑی ہے جو چند سال پہلے سے جڑتی ہے۔ پچھلے کچھ سال سے شرد پوار بار بار یہ بات کہہ رہے ہیں کہ مہاراشٹر کی قیادت ایک عورت کے ہاتھ میں ہونی چاہئے۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کیلئے پوار ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ اجیت پوار زیادہ طاقتور نہ بن جائیں۔ مثال کے طور پر جینت پاٹل کو اجیت پوار کے متوازی بنایا گیا ہے۔ جینت پاٹل اس وقت این سی پی کے ریاستی صدر ہیں۔ جب جینت پاٹل کو ودھان سبھا کے سرمائی اجلاس کے دوران بدسلوکی پر معطل کیا گیا تھا تو اس کے خلاف اجیت پوار نے ایوان میں کوئی سخت احتجاج نہیں کیا تھا۔ اگلے دن شرد پوار کو انہیں فون کرنا پڑا اور ایوان میں اس کی سخت مخالفت کرنے کو کہا۔
پوسٹر لگانے والا کون ہے ؟
 سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا شرد پوار کا یہ خواتین کارڈ مستقبل میں کام کرے گا؟ کیا سپریہ سلے کیلئے جینت پاٹل اور اجیت پوار کے درمیان ہونے والے جھگڑے سے کوئی راستہ نکلے گا؟ اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا ، فی الحال پوسٹر جنگ جاری ہے۔ اندرونی رسہ کشی شروع ہو گئی ہے اور یہ بات معمہ بنی ہوئی ہے کہ این سی پی کے بڑے لیڈروں کے مختلف پوسٹر کون لگا رہا ہے؟ آخر کیا بات ہے کہ پوسٹر لگانے والا سامنے نہیں آ رہا ہے۔
میں نہیں جانتی کہ یہ سب کس نے کیا: سپریا سلے
 اس بارے میں پونے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپریہ سلے نے کہا’’ میرے `مستقبل کے وزیر اعلیٰ کے طور پر ممبئی میں ایک پوسٹر لگا ہے۔ مجھے نہیں معلوم  یہ کہاں ہے۔ میں نے نہیں دیکھا۔ کسی کے پاس اس کی تصویر ہو تو پہلے تصویر لائے ، میں پھر  اس پر اپنا رد عمل ظاہرکروں گی ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK