سلنڈرپھٹنے سے زوردار آواز کے ساتھ مکان ڈھہ گیا۔ بھابھا اسپتال میں داخل کرائے گئے ۸؍ زخمیوں کی حالت بہتر
EPAPER
Updated: July 18, 2025, 11:29 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
سلنڈرپھٹنے سے زوردار آواز کے ساتھ مکان ڈھہ گیا۔ بھابھا اسپتال میں داخل کرائے گئے ۸؍ زخمیوں کی حالت بہتر
باندرہ (مشرق) بھارت نگر میں چال نمبر ۳۷؍میں نماز کمیٹی مسجد کے قریب واقع ۳؍ منزلہ مکان سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکے کے ساتھ منہدم ہوگیا اور ۱۱؍ مکین زخمی ہوگئے۔ کچھ لوگ ملبے میں دب گئے تھے مگر انہیں جلد ہی نکال لیا گیا۔ خیر یہ ہوئی کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
جمعہ کی صبح ۵؍بجکر ۵۶؍منٹ پر یہ واقعہ پیش آیا اور ۶؍بجکر ۱۹؍ منٹ فائر بریگیڈ عملہ جائے وقوعہ پہنچا اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو بھابھا اسپتال(باندرہ) میں داخل کرایا گیا۔حادثے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مقامی بی ایم سی وارڈ کا عملہ، فائر بریگیڈ، ممبئی پولیس، ایمبولنس سروس اور مقامی نوجوان بھی پہنچ کر بچاؤ میں مصروف رہے۔ نماز کمیٹی مسجد کی جانب سے بھی فائربریگیڈ کو راستہ دیا گیا جس سے راحت وبچاؤ کے کام میں آسانی ہوئی۔
مقامی ۲؍ نوجوانوں محمد نعمان اور سمیر سے بات چیت کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ جس وقت مکان گرا اس وقت زوردار آواز آئی اور سلنڈر پھٹ گیا اور یہی حادثے کا سبب تھا۔ اس کی وجہ سے صبح کا وقت ہونے کے باوجود افراتفری مچ گئی۔ ان نوجوانوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ فائربریگیڈ آنے سے پہلے مقامی لوگ پہنچ گئے اور انہوں نے اپنے طور پر بھی کوشش شروع کی۔
ایک فائر افسر کے مطابق چونکہ مکان کا ملبہ چھوٹے سے حصّے میں جمع تھا اس لئے راحت رسانی میں دشواری ہوئی مگر احتیاط کے ساتھ کام کیا گیا اور وقت پر سبھی زخمیوں کو اسپتال پہنچادیا گیا۔اس کے علاوہ راستہ تنگ تھا اور احتیاطاً اس حصے میں بجلی بھی بند کردی گئی۔
۱۱؍زخمیوں کے نام
محمد عرفان لاریب (۱۱)، ریحانہ انصاری (۶۵)، محمد انصاری(۶۸)، ان تینوں کی حالت زیادہ خراب ہے اور ۵۰؍فیصد جھلس گئے ہیں۔ان کے علاوہ ۸؍زخمیوں میں مصطفیٰ ابراہیم سید(۵۷)، شبانہ مصطفیٰ سید (۴۲)، نوری عرفان خان (۳۵)، محمد عرفان خان (۵۰)، عبدالرحمن عرفان خان (۲۲) , الفیہ مصطفیٰ سید،(۱۸)، عالیہ مشتاق سید (۱۶) اور ظفر جمال خان (۸۰) شامل ہیں۔ ان میں سے ۳؍ زخمی ایک ہی گھر کے ہیں۔ ان ۸؍زخمیوں کی حالت بہتر ہے ۔ شدید زخمیوں اور ۵۰؍ فیصد جھلس جانے کو خصوصی نگہداشت والے شعبے میں رکھا گیا ہے۔