Inquilab Logo

یوم آزادی کی تقریبات سے قبل دہلی میں سخت حفاظتی انتظامات

Updated: August 15, 2022, 11:56 AM IST | Agency | New Delhi

گاڑیوں کی نقل وحرکت پر نظر،چیکنگ میںدہلی سے۲؍بنگلہ دیشی گرفتار،یوپی،پنجاب اور آسام سے بھی مشتبہ افراد گرفتار،دہشت گردی کاشبہ

Tight security arrangements can be seen outside the Red Fort ahead of Independence Day. .Picture:PTI
یوم آزادی سے قبل لال قلعہ کے باہر سخت سیکوریٹی انتظامات دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر:پی ٹی آئی

 قومی دارالحکومت دہلی میں یوم آزادی کی تقریبات سےقبل سیکوریٹی سخت کر دی گئی ہے۔پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے تمام اضلاع میں حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ سرحدوں پرکمرشل اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی نقل و حرکت پرپابندی ہوگی۔ دہلی ٹریفک پولیس نے کہا  کہ ۱۴؍اگست کورات ۱۰؍بجے سےبجےسے اگلے دن صبح ۱۱؍ بجے تک کمرشل اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے ۱۸؍سرحدی داخلی راستے تک بند رہیں گے۔ پولیس کچھ ہاٹ سپاٹ اورحساس علاقوں میںچوکسی کر رہی ہے۔ اس نے حفاظتی انتظامات پر نظر رکھنے کے لیےاہم سڑکوں، گنجان بازاروں اور دیگر مقامات پر پیدل گشت بڑھا دیا ہے۔دہلی پولیس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہاںفول پروف سیکوریٹی کے لیے ۱۰؍ہزارسے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر دیپندرپاٹھک نے کہا،’’دہلی پولیس کی تمام اکائیوں کی طرف سے مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر سیکوریٹی کے انتظامات کیے جا رہےہیں اور اس سال ٹیکنالوجی کو فورس کی طاقت کو بڑھانے کے طریقے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔‘‘
 پولیس عوام سے اپیل کر رہی ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر حفاظتی وجوہات کی بنا پر اڑنے والی اشیاء کا استعمال نہ کریں۔ گشت تیز کر دیا گیا ہے اور سماج دشمن عناصر پر نظر رکھنے کے لیے اسٹریٹجک پوائنٹس پر اضافی پِکیٹ تعینات گئے ہیں۔
؍۲؍بنگلہ دیشی گرفتار،جعلی پاسپورٹ اور اسٹامپ برآمد
 اس کے علاوہ دارالحکومت میں۱۵؍اگست سے پہلے خصوصی چیکنگ مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔اس چیکنگ کے دوران  اتوار کو ۲؍بنگلہ دیشی شہریوںکو پولیس نےگرفتار کیا ہے۔ پولیس نےان کے پاس سے ایک درجن پاسپورٹ اور بنگلہ دیش کے وزیروںکی ۱۰؍جعلی مہریں(اسٹامپ)برآمدکی ہیں۔دوارکا کے ڈی سی پی ایم ہرش وردھن نے بتایا کہ پالم علاقے میں اتوار کو پکڑے گئے لوگوں کے نام محمد مصطفیٰ اور محمد حسین ہیں۔ دونوں سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔تفتیش کے دوران وہ اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دے سکے۔ بعد ازاں دونوں کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا۔
جیش محمد کا ایک اور دہشت گرد یوپی سے گرفتار
 یوپی اے ٹی ایس نےسنیچرکی رات ایک اور دہشت گرد کو گرفتارکیا ہے۔ فتح پور سے گرفتار دہشت گرد حبیبل (۱۹) سہارنپورسے گرفتار دہشت گرد ندیم کا ساتھی ہے۔۱۹؍سالہ حبیبل کا تعلق جیش محمد اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے تھا۔حبیبل ورچوئل آئی ڈی بنانے کا ماہر ہے۔ 
پنجاب میں بھی دہشت گردی کا ماڈیول پکڑا گیا
 پنجاب پولیس نے دہلی پولیس کی مدد سے اتوار کو پاکستان اوروہاں کی خفیہ تنظیم آئی ایس آئی کی حمایت کرنے والےدہشت گرد موڈیول کا پردہ فاش کیا۔ کینیڈامیں مقیم ارش ڈلہ اور آسٹریلیا میں مقیم گرجنت سنگھ سے منسلک ۴؍موڈیول ممبران کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی پنجاب کے مطابق ان کے قبضے سے۳؍ دستی بم، ایک آئی ای ڈی، دو۹؍ایم ایم پستول اور ۴۰؍زندہ کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔
آسام میں الفا کا رکن گرفتار
 آسام کے چرائیدیو ضلع کے سوناری سے الفا (آئی)کے ایک کیڈر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے پاس سے ایک پستول اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ پولیس اس سے تفتیش کر رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا ان کا یوم آزادی پر کوئی بڑا منصوبہ ہے۔
اسلحہ سمگل کرنے والا گروہ ۲؍ روز قبل پکڑا گیا
 دہلی پولیس نےجمعہ کو آنند وہار علاقے سے اسلحہ اسمگلنگ گینگ کے۶؍ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے پاس سے ۲؍ ہزار زندہ کارتوس سمیت بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا۔اے ایس پی وکرم جیت سنگھ نے بتایا کہ یہ کھیپ لکھنؤکیلئےتھی۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہواہے کہ یہ ایک مجرمانہ نیٹ ورک کا حصہ ہے۔

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK