• Mon, 26 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج یوم جمہوریہ کے پیش نظرسخت سیکوریٹی بندوبست

Updated: January 26, 2026, 12:56 PM IST | Nadeem Asran/Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۲۰؍ ہزار سے زائدپولیس افسران و اہلکار شہر کے چپے چپےپر تعینات،ریلوے اسٹیشنوںپر۵؍ ہزار جوان پہرہ دیں گے۔

The Chhatrapati Shivaji Maharaj Terminus building in Mumbai is bathed in the tricolour. Picture: PTI
ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس کی عمارت ترنگے کی روشنی سے نہلائی گئی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی
آج یوم جمہوریہ کے پیش نظر ۲۰؍ ہزار سے زائدپولیس افسران و اہلکاروں کو شہر کے چپے چپےپر تعینات کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل اتوار کو شام ۶؍بجے سے ہی شہر میںداخلی اور بیرونی راستوں پر نہ صرف ناکہ بندی کر دی گئی بلکہ شراب پی کر گاڑی چلانے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قدغن لگانے کے لئے بھی ٹریفک پولیس کے اہلکار و افسران کوشہر کی تمام شاہراہوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ 
  اطلاعات کے مطابق یوم جمہوریہ کا جشن جوش خروش سے منانے اور اس دوران کسی بھی قسم کی مجرمانہ یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے ممبئی پولیس کمشنر دیوین بھارتی اور نظم و نسق کے جوائنٹ کمشنر ستیہ نارائن چودھری کی سربراہی میں ایڈیشنل کمشنر و ڈپٹی کمشنر کی قیادت میںنہ صرف ۲۰؍ ہزار سے زائد فورس تعینات کی گئی بلکہ ممبئی پولیس کمشنر کے احکامات کو عمل میں لاتے ہوئے شہر اور مضافات میں شر پسندانہ سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے جدید تکنیکی آلات کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ہزاروں کی تعداد میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ شہر کے چپہ چپہ پر نظر رکھی جارہی ہے ۔
  اطلاعات کے مطابق سیکوریٹی کو مزید مستحکم کرنے اور ممکنہ شر پسندانہ سرگرمیوں پر قابو پانے کے لئے بڑی تعداد میں پولیس جوانوں کے علاوہ کوئیک ریسپانس ٹیم ( کیو آر ٹی ) اور بم و ڈاگ اسکواڈکو بھی حفاظتی دستہ میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ شر پسندانہ اور مجرمانہ ذہنیت کے حامل افراد پر قابو پانے اور ان کی تلاش کیلئے تمام ۹۵؍ پولیس اسٹیشن کے افسران اور اہلکاروں کی ٹیموں نے شہرکے لاج اور ہوٹلوں کا جائزہ بھی لیا ہے اور حفظ ماتقدم کے تحت کئی مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا ہے ۔اس موقع پر ٹریفک پولیس نے بھی مقامی پولیس کے ہمراہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر شکنجہ کسنے اور خصوصی طو رپر شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کے مقصد سے شہر اور مضافات میں سخت ناکہ بندی کی ہے ۔
ریلوےاسٹیشنوں پر بھی زبر دست سیکوریٹی 
آج پیر ۲۶؍ جنوری کو ۷۷؍ ویں یوم جمہوریہ کا جشن منایا جائے گا ۔ریلوے اسٹیشنوں پر سی ایس ایم ٹی تا کلیان ، چرچ گیٹ تا ویرار اور دھانو روڈ وغیرہ تک پولیس کے۵؍ ہزارجوان پہرہ دیں گے ۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) ،ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف )، ریلوےپروٹیکشن اسپیشل فورس (آر پی ایس ایف )کےعلاوہ ریلوے مہاراشٹر اسپیشل فورس (آر ایم پی )کے جوان تعینات رہیں گے۔ یہ جوان ٹرینوں ،اسٹیشنوں اورٹرمنس پرتعینات کئے جائیں گے۔ 
۲۶؍جنوری کو سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے ہیڈکوارٹر پرجنرل منیجرس کے ذریعے ترنگا لہرانے کے وقت بھی بڑی تعداد میںحفاظتی دستہ تعینات کیاجائےگا ۔ سخت حفاظتی بندوبست کا مطلب ریلوے پولیس کی جانب سے یہ بتایا گیا کہ امن وامان کے ساتھ جشن ِجمہوریہ کی تقریبات اور پرچم کشائی کی جائے گی اورکسی کو گڑبڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ریلوے پولیس کمشنر ایم کلاساگرکی جانب سے ماتحت پولیس افسران کوپہلے ہی یہ ہدایت دے دی گئی ہے کہ وہ اپنی حدود میں حفاظتی انتظامات کے تئیں خصوصی توجہ دیں اور مسلح جوانوں کی نگرانی کےساتھ سادہ لباس میں بھی پولیس کےجوان نگرانی کریں۔ خاص طور پر ان اسٹیشنوں اور ٹرمنس پر مزید سخت حفاظتی بندوبست کیاجائے جہاں زیادہ بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے ۔اس کے ساتھ ہی ڈاگ اسکواڈ کے ذریعے تلاشی مہم چلائی جائے اوربم ڈسپوزل دستہ کو بھی الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی کوبھی امن وامان میں خلل ڈالنے اورجشن جمہوریہ کے موقع پرگڑبڑ کرنے کی ہمت نہ ہو اور اگر کہیں سے کوئی اطلاع ملے تو بلا تاخیر وہاں پہنچ کر ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام کیا جاسکے۔
ریلوے پولیس کمشنر کا یہ بھی کہنا ہے کہ چہار جانب سے حفاظتی پہرہ اس انداز میں سخت کیا گیا ہے کہ۲۶؍جنوری کی تقریبات پُرامن اور شاندار طریقے سے اطمینان کے ساتھ انجام دی جا سکیں۔ اگرکسی نے کہیں بھی گڑبڑکرنے کی کوشش کی تواسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔اسی طرح کی تفصیلات سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا اور ونیت ابھیشیک کی جانب سے بھی بتائی گئیں کہ ریلوے پولیس پوری طرح سےتیار ہے اورہر جگہ اس کےجوان پہرہ دیںگے،کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے اوردشمن کو خاک چٹانے کےلئے ریلوے پولیس کے جوان الرٹ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK