اس کا ڈیزائن تو پہلے جیسا ہی ہے لیکن اندرونی خصوصیات کافی عمدہ ہیں، بیٹری ۱۲؍ہزار ایم اے ایچ کی ہے جو کافی دیر تک ساتھ نبھاتی ہے۔
ریڈ می پیڈ ۲؍ پرو ۵؍ جی۔ تصویر: آئی این این
حالیہ برسوں میں سستے داموں دستیاب ٹیبلٹس نے خاصی ترقی کی ہے اور اب یہ مناسب قیمت پر قابلِ اعتماد کارکردگی فراہم کرنے لگے ہیں۔ اب شیاؤمی کے ذیلی برانڈ کی جانب سے ریڈمی پیڈ۲؍ پرو۵؍جی پیش کیا گیا ہے۔
قیمت
ہندوستان میں ریڈمی پیڈ۲؍ پرو۵؍جی کی قیمت۸؍ جی بی ریم اور۱۲۸؍جی بی اسٹوریج کے ساتھ صرف وائی فائی ماڈل کے لیے ۲۲؍ ہزار ۹۹۹؍روپے سے شروع ہوتی ہے، جبکہ اسی ترتیب کے ساتھ وائی فائی پلس۵؍ جی کنیکٹیویٹی والا ماڈل ۲۵؍ہزار ۹۹۹؍ روپےمیں دستیاب ہے۔
ڈیزائن
ڈیزائن کے اعتبار سے ریڈمی پیڈ۲؍پرو۵؍جی تقریباً وہی طرزِ تعمیراپنائے ہوئے ہے جو پچھلے سال کے ریڈمی پیڈ پرو۵؍جی میں دیکھنےکوملا تھا۔ اس کا دھاتی یونی باڈی ڈیزائن اسے مضبوط اور باوقار شکل دیتا ہے۔ اگرچہ کاغذ پر اس کا وزن ۶۲۰؍ گرام کچھ زیادہ محسوس ہوتا ہے، مگر وزن کی تقسیم اس قدر متوازن ہے کہ لمبے وقت تک ویڈیو دیکھتےیا لینڈ اسکیپ موڈ میں مطالعہ کرتے ہوئے یہ ہتھیلیوں پر بوجھ نہیںبنتا۔ البتہ ایک ہاتھ سے زیادہ دیر تک پکڑ کر استعمال کرنا آسان نہیں، لیکن اس جسامت کے زیادہ تر ٹیبلٹس کے ساتھ یہی معاملہ ہوتا ہے۔
ایکسیسریز
یہاں ایکسسریز کی سپورٹ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ریڈمی پیڈ ۲؍ پرو کی بورڈ پوگو کنیکٹر کے بجائے بلوٹوتھ کے ذریعے جڑتا ہے، اس لیےاسے یو ایس بی ٹائپ-سی کے ذریعے الگ سے چارج کرنا پڑتا ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس کی بیٹری کافی دیر تک ساتھ دیتی ہے۔ یہی بات ریڈمی اسمارٹ پین پر بھی صادق آتی ہے۔استعمال کے لحاظ سے کی بورڈ ایک مقناطیسی کور کی شکل میں ہے جو ٹیبلٹ کے ساتھ مضبوطی سے جڑ جاتا ہے۔ کی بورڈ لگانے کے بعد استعمال کا تجربہ خاصا حد تک لیپ ٹاپ جیسا ہو جاتا ہے، جو مواد تخلیق کرنے، ای میلز بھیجنے یا دستاویزات لکھنے کے دوران خاصا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے بٹن مناسب دباؤ اور اچھی دوری کے ساتھ ٹائپنگ کا خوشگوار احساس دیتےہیں، اگرچہ بیک لائٹ کی کمی محسوس ہوتی ہے۔
سافٹ ویئر اورہارڈ ویئر
سافٹ ویئرکے محاذ پر اینڈرائیڈ۱۵؍کےساتھ ہائپر او ایس ۲؍ پہلےسےانسٹال ہے۔کمپنی نے بڑےاسکرین پر ہموار تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے، اگرچہ اینڈرائیڈ ۱۵؍ خود ٹیبلٹ کیلئے کچھ حد تک مایوس کن محسوس ہوتا ہے۔ لیکن مینو تک رسائی، ایپس کھولنے اور مختلف ایپس کے درمیان تبدیلی میں کوئی روکاوٹ نہیں ہوتی۔
ہارڈ ویئر کی بات کی جائے تو ریڈمی پیڈ۲؍ پرو۵؍ جی میں اسنیپ ڈریگن۷؍ ایس جین۴؍پروسیسر دیا گیا ہے، جو درمیانی درجےکے اینڈرائیڈ ٹیبلٹ سے جس طرح کی کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے، وہ بخوبی فراہم کرتا ہے۔ ملٹی ٹاسکنگ کے دوران، خاص طور پر اسپلٹ اسکرین یا فلوٹنگ ونڈوز استعمال کرتے ہوئے، یہ ٹیبلٹ خود کومضبوط ثابت کرتا ہے۔ براؤزر اور نوٹس ایپ یا یوٹیوب کے ساتھ براؤزر کو ایک ساتھ چلانے پر بھی کوئی خاص دشواری پیش نہیں آئی۔
بیٹری
بیٹری کے میدان میں یہ ٹیبلٹ واقعی قابل دادہے۔ ۱۲؍ہزارایم اے ایچ کی بڑی بیٹری آسانی سے ۱۶؍ سے ۱۸؍گھنٹےکا اسکرین ٹائم فراہم کر دیتی ہے، چاہے استعمال مختلف نوعیت کا ہی کیوں نہ ہو۔ عام استعمال، جیسے نوٹ لینا، براؤزنگ یا ہلکے پھلکے دیگر کاموں کی صورت میںیہ کئی دن تک ساتھ نبھا سکتی ہے۔البتہ چارجنگ کا عمل کچھ سست ہے۔۳۳؍ واٹ چارجر کے ذریعے آدھے گھنٹے میں بیٹری صرف ۲۱؍ فیصد تک پہنچتی ہے، جبکہ مکمل طور پر صفر سے سو فیصد تک چارج ہونے میں تقریباً۲؍ گھنٹے۴۵؍منٹ لگ جاتے ہیں۔