Inquilab Logo

آج جارج فلائیڈ کی برسی، منی سوٹا ریاست میں مختلف تقریبات کا انعقاد

Updated: May 25, 2021, 8:16 AM IST | washington

ایک روز قبل ہی منی پولس شہر میں سیاہ فام مہلوک کے اہل خانہ، دوستوں اور سماجی کارکنان نے ریلی منعقد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا

Protesters make symbolic coffin of George Floyd (Photo: Agency)
مظاہرین نے جارج فلائیڈ کا علامتی تابوت تیار کیا تھا ( تصویر: ایجنسی)

امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منی پولس میں گزشتہ برس پولیس  کے ہاتھوں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی ہلاکت کا ایک برس آج مکمل ہو رہا ہے۔  اس موقع  پر پر مختلف ریلیوں اور تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
 اتوار کو فلائیڈ کے اہلِ خانہ نے منی پولس  میں ریلی کا اہتمام کیا جس میں فلائیڈ کے دوستوں، سماجی کارکنوں اور دیگر شہریوں نے شرکت کی۔ریلی میں پولیس انکائونٹرمیں  ہلاک ہونے والے دیگر سیاہ فام افراد کے اہلِ خانہ نے بھی شرکت کی۔منی پولس کے ڈاؤن ٹاؤن میں واقع عدالت کے باہر ریلی میں سیکڑوں کی تعداد میں لوگ موجود تھے جہاں ایک ماہ قبل جارج فلائیڈ کے قتل مقدمے کی سماعت ہوئی تھی۔ لوگوں نے نے جارج فلائیڈ، فیلانڈو کیسل اور دیگر سیاہ فام شہریوں کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں جو پولیس کی تحویل میں ہلاک ہوئے تھے۔ اس موقع پر جارج فلائیڈ کی بہن برڈجیٹ کا کہنا تھا کہ ’’یہ ایک طویل، تکلیف دہ اور میرے اور اہل خانہ کیلئے مایوس کن سال رہا ۔‘‘ریلی میں جارج فلائیڈ کے اہل خانہ کے اٹارنی بین کرمپ، سیاہ فام شہریوں کیلئے جدو جہد کرنے والے سماجی کارکن ریو الشارپٹن اور دیگر شرکا نے بھی خطاب کیا۔ 
 دوسری جانب بروکلن، نیویارک میں سیاہ فام شہریوں کیلئے جدوجہد کرنے والے سماجی کارکن ریو ال شارپٹن کی جانب سے جارج فلائیڈ کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں جارج فلائیڈ کے بھائی ٹیرینس نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ٹیرینس نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بھائی اور نسل پرستانہ تشدد کے شکار دیگر افراد کو فراموش نہ کریں۔علاوہ ازیں `جارج فلائیڈ میموریل فاؤنڈیشن کی جانب سے جارج فلائیڈ کی برسی کے موقع پر رواں ہفتے اور آئندہ ہفتے کے آغاز میں منی پولس  میں متعدد پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔
 واضح رہے کہ گزشتہ برس ۲۵؍ مئی کو جارج فلائیڈ کی ہلاکت اس وقت ہوئی تھی، جب سفید فام پولیس اہلکار ڈیرک شوون نے گرفتار کرنے کے بعد جارج فلائیڈ کی گردن پر اپنا گھٹنا رکھ دیا تھا۔ جبکہ فلائیڈ کہتے رہے کہ وہ سانس نہیں لے پا رہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق پولیس آفیسر کا گھٹنا نو منٹ تک جارج فلائیڈ کی گردن پرتھا۔  اس واقعے کے بعد پورے امریکہ میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے۔ آج یعنی منگل کو بھی بڑے پیمانے پرمظاہروں اور تقریبات کا امکان ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK