Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹور آپریٹرز کا کوٹہ اب بھی معلق، ایک ہزار کروڑ روپے بھی پھنس گئے

Updated: April 21, 2025, 12:19 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آخری امید وزیر اعظم کے سعودی عرب دورے سے۔ نسک پورٹل کھلنے کی حکومت نے اطلاع دی مگر صحیح طریقے سے کام نہ کرنے کے سبب پروسیس آگے نہیں بڑھ رہا ہے۔

Due to an 80 percent reduction in quota, tour operators will only be able to send 10,000 pilgrims. Photo: INN.
کوٹہ میں ۸۰؍فیصد تخفیف کے سبب ٹور آپریٹرز محض ۱۰؍ہزار عازمین کو ہی بھیج سکیں گے۔ تصویر: آئی این این۔

ٹور آپریٹرز کی مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ پہلے کوٹے میں ۸۰؍فیصد تخفیف کی بات کہی گئی تھی لیکن سچائی یہ ہے کہ انہیں اب تک ایک بھی سیٹ نہیں ملی ہے۔ اس سے قطع نظر حج خرچ کے لئے انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد رقم اور ایئرٹکٹنگ کے کروڑوں روپے پھنس گئے ہیں، یہ ٹور آپریٹرز کے لئے دوہری مار ہے کہ نہ کام ہوا، نہ منافع ملا اور پونجی بھی پھنس گئی۔ 
ٹور آپریٹرز کے مطابق یہ خطیر رقم ٹور آپریٹرز نے حج کیلئے بنائے گئے انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹ میں اپنے کوٹے کی مناسبت سے طے شدہ متعدد تاریخوں میں جمع کرائی تھی۔ اس میں ان عازمین کی رقم کا بڑا حصہ شامل ہے جنہوں نے پیشگی بکنگ کرائی تھی مگر ان کے حج پر جانے کا معاملہ معلق ہے، انہیں نہ رقم واپس مل رہی ہے اور نہ ہی روانگی کی تاریخ اور وقت بتایا جارہا ہے۔ ‌ صورت حال یہ ہے کہ عازمین بار بار ٹور آپریٹرز کے دفاتر کے چکر لگارہے ہیں مگر ٹور آپریٹرز انہیں تسلی دینے اور کوشش جاری ہے، کے سوا حتمی طور پر کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ 
۵۲؍ ہزار میں سے ۱۰؍ ہزار کیلئے مطلع کیا گیا
پہلے جس طرح کہا گیا تھا کہ ضابطوں کی بروقت تکمیل نہ کرنے پر ۸۰؍فیصد کوٹہ ختم کردیا گیا ہے اور محض۱۰؍ ہزار سیٹیں ٹور والوں کو ملیں گی مگر اس کی بھی کوئی صحیح اور حتمی طور پر اطلاع نہیں تھی۔ ٹور آپریٹرز کے مطابق اس کے لئے ایک خط وزارت اقلیتی امور نے بھیجا ہے اور لکھا ہے کہ نسک پورٹل کھول دیا گیا ہے اور رہنمائی کیلئے ۲؍ لوگوں کو بھی مقرر کیا گیا ہے، ٹور والے ضابطے کی خانہ پری کریں۔ مگر ٹور والوں کا کہنا ہے کہ نسک پورٹل صحیح طریقے سے کام نہیں کررہا ہے، پروسیس آگے نہیں بڑھ رہا ہے اور کوئی رہنمائی نہیں کی جارہی ہے۔ اس لئے انہیں اندیشہ ہے کہ کہیں یہ صرف خانہ پری تو نہیں کی جارہی ہے؟ 
۱۰؍ ہزار کوٹے میں سے ہر گروپ کو ۴۰۰؍سیٹیں 
ٹور آپریٹرز کو منظم طریقے سے کام کرنے کے لئے سعودی حکومت کی ایماء پر بنائے گئے گروپ جسے سی ایچ جی او ایس کہا جاتا ہے، اس کے تحت ۲؍ہزار عازمین جائیں گےاور اس میں تقریبا ۳۰؍ٹور آپریٹرز ہوں گے۔ مگر کوٹہ کم ہونے کے سبب انہیں اب ۴۰۰؍ سیٹیں ہی ملیں گی اور وہ سیٹیں ۳۰؍ٹور والوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ دیکھنا ہوگا کہ کسے کتنی سیٹیں ملتی ہیں اور کون ٹور آپریٹرز کتنی دلچسپی یا عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ 
ایک ہزار کروڑ روپے کا کیا ہوگا؟
ٹور آپریٹرز کی دوہری مشکل ان کے ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد رقم حج کیلئے کھلوائے گئے انٹر نیشنل بینک کھاتے میں جمع کرائی گئی خطیر رقم کی ہے۔ ٹورآپریٹرز کوشاں ہیں کہ اگر کوٹہ نہیں ملتا ہے اور امسال انہیں حجاج کی خدمت کا موقع نہیں میسر آتا ہے یا برائے نام ملتا ہے تو کم از کم‌ان کی رقم تو لوٹادی جائے تاکہ وہ عازمین کو لوٹا سکیں ‌، جو مسلسل ان کے دفاتر آکر مطالبہ کررہے ہیں ‌۔ 
وزیر اعظم کے دورے سے کافی امیدیں 
وزیر اعظم نریندر مودی ۲۲؍ اپریل کو سعودی عرب کے دورے پر جارہے ہیں۔ اس سے قبل ٹور آپریٹرز اور ان کی تنظیموں اور اہم شخصیات کی جانب سے کئی خطوط لکھے گئے ہیں۔ ٹور والوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دفتر کے ذریعے اسے ایجنڈے میں بھی رکھا گیا ہے۔ اس لئے امید ہے کہ اس اہم مسئلے پر دونوں ملکوں کے سربراہان کے درمیان بات چیت ہوگی اور جو بحران پیدا ہوا ہے اس سے ٹور آپریٹرز کو کسی حد تک راحت ملے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK