Inquilab Logo

بارہ بنکی میں اندوہناک سڑک حادثہ، ۱۸؍ افراد ہلاک، ۲۵؍ بری طرح زخمی

Updated: July 29, 2021, 11:17 AM IST | Agency | Barabanki

لکھنؤ۔ ایودھیا ہائی وے پر سڑک کنارے کھڑی بس کو پیچھے سے ٹرک نے ٹکر ماردی ۔ بس میں سوار ۱۳۵؍ مسافروں کا تعلق مزدور طبقے سے تھا جو سب کے سب بہار کے رہنے والے تھے جو پنجاب اور ہریانہ سے مزدوری کرکے واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔ ۱۱؍ کی حالت انتہائی نازک۔ ٹرک اور بس دونوں کے ڈرائیور فرار

The condition of the crashed Volvo bus can be seen.Picture:INN
حادثے کا شکار ہونے والی والوو بس کی حالت دیکھی جا سکتی ہے. تصویر: پی ٹی آئی

اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ایک اندوہناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم ۱۸؍ افراد کی موت ہو گئی ہے۔ جبکہ ۱۹؍ لوگ حادثے میں زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ لکھنؤ۔ ایودھیا ہائی وے پر حادثے کا شکار ہونے والی اس بس میں زیادہ مزدور سوار تھے جن کا تعلق بہار سے تھا اور یہ پنجاب اور ہریانہ سے اپنے وطن بہار واپس لوٹ رہے تھے کہ یہ بھیانک حادثہ پیش آ گیا۔ 
 رام اسنیہی تھانہ علاقے میں والوو کی ایک بس تقریباً ۱۳۵؍ مسافروں کو لے کر بہار جا رہی تھی۔ ان میں بیشتر مزدور طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ تھے جو  پنجاب اور ہریانہ سے مزدوری کرکے اپنے گھر بہار لوٹ رہے تھے ۔ جب یہ  بس لکھنؤ۔ ایودھیا   ہائی وے پر  واقع کلیانی ندی کے پل پر یہ بس خراب ہوگئی جس کی مرمت کیلئے ڈرائیور نے مستری کو بلوایا۔ بس کی مرمت کا کام جاری تھی اس لئے کچھ بس ہی میں بیٹھے رہے جبکہ باقی لوگ بس سے اترکر یا تو ادھر ادھر ٹہل رہے تھے یا پھر بس کے آگے لیٹ گئے تھے۔ اسی دوران پیچھے ایک تیز رفتار ٹرک آئی اور اس نے بس کو پیچھے سے زور دار ٹکر ماردی۔
  قریب ہی موجود پولیس بوتھ سے اہلکار دوڑ کر جائے حادثے پر پہنچے مگر حادثہ اتنا بڑا تھا کہ وہ کچھ نہیں کر سکتے تھے ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ جمناپرساد  ریسکیو ٹیم کو لے کر موقع پر پہنچے۔ لیکن ان میں سے ۱۵؍ مسافروں کی موت موقع پر ہی ہو چکی تھی جبکہ ۳؍ لوگوں کو اسپتال پہنچنے کے بعد مردہ قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ ۲۵؍ افراد بری طرح زخمی تھے جن میں سے ۱۱؍ کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔ انہیں علاج کیلئے   لکھنؤ کے ٹراما سینٹر بھیج دیا گیا۔ 
  واضح رہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت زور دار بارش ہو رہی تھی۔  اس لئے ریسکیو آپریشن میں کافی دقتیں آئیں۔  لوگوں کو اسپتال پہنچانے  یا محفوظ لوگوںکو جائے حادثے  سے نکالنے میں کوئی ۵؍ گھنٹے کا وقت لگ گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ جمنا پرساد نے بتایا کہ   مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا  ہے جبکہ جن کی حالت زیادہ نازک ہے ان میں سے کچھ کو آپریشن کیلئے لے جایا گیا ہے۔  اس کے علاوہ  جو لوگ حادثے میں بچ گئے ہیں انہیں کسی طرح ان کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ بس اور ٹرک دونوں ہی کے ڈرائیور موقع سے فرار ہیں اور پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔  اس دوران  بارہ بنکی پولیس نے حادثے کا شکار  مسافروں کے اہل خانہ کیلئے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے:
۹۴۵۴۴۱۷۴۶۴
اس نمبر پر فون کرکے زخمیوں کی اور مہلوکین کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔ 
 مہلوکین کے نام
 پولیس نے مہلوکین کے نام جاری کئے ہیں جوسبھی بہار کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں: ا۔  سریش یادو(مدھے پورہ ، ) ۲۔  اندل مہتو (سیتا مڑھی ، بہار) ۳۔سکندر مکھیا( سہرسا ، ) ۴۔ مونو سہانی (سیتا مڑھی ،) ۵۔ جگدیش سہانی (سیتا مڑھی،) ۶۔ جے بہادر سہانی (  سیبھر )۷۔ بیج ناتھ رام( ّسپول ، بہار)۸۔ بل رام منڈل (سپول ،)۹۔ سنتوش سنگھ(ارریہ )  ۱۰۔ بووا (ارریہ)  ۱۱۔  نریش (ارریہ) ۱۲۔اکھلیش مکھیا( سیتا مڑھی)  ۱۳۔گگن دیو۱۴۔ سنیچر، ۱۵؍ مست رام ۱۶۔ راج دیو مہتو، بقیہ ۲؍  مہلوکین کے نام معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK