گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے جلد ہی یو آئی نمبر جاری کیا جائیگا۔ سرٹیفکیٹ نہ ہونے سے ٹیکسی چلانے سے محروم ڈرائیور بھی آر ٹی او میں گاڑی کے دستاویزات جمع کرکےگاڑی چلا سکتے ہیں
EPAPER
Updated: July 03, 2025, 1:10 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے جلد ہی یو آئی نمبر جاری کیا جائیگا۔ سرٹیفکیٹ نہ ہونے سے ٹیکسی چلانے سے محروم ڈرائیور بھی آر ٹی او میں گاڑی کے دستاویزات جمع کرکےگاڑی چلا سکتے ہیں
شہر اور مضافات میں چلائی جانے والی اکثر و بیشتر کالی پیلی ٹیکسیوں میں پرانے اسپیڈ گورنینزکے سبب فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔اس معاملے میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے نہ صرف یہ کہ کالی پیلی ٹیکسی چلانے والے ٹیکسی ڈرائیوروں کو راحت پہنچاتے ہوئے ٹیکسی میں نئے اسپیڈ گورنینزکے ساتھ ۱۶؍ ہندسہ کا یونک آئیڈنٹیٹی نمبر ( یو آئی این ) نمبر لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسے لگانے پر گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی فراہم کر نے کا یقین دلایا ہے ۔
شہر میں چلنے والی کالی پیلی ٹیکسیوں کے تعلق سے آر ٹی او کے ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق ایپ کے ذریعہ چلنے والی کاروں کی سروس کے باوجود شہر اور مضافات میں تقریباً ۱۸؍ ہزار کالی پیلی ٹیکسیاں اب بھی چلائی جاتی ہیں ۔گزشتہ روز ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے مذکورہ بالا ٹیکسیوں میں اسپیڈ گورنینز میں ترمیم کرنے کے ساتھ ہی ۸؍ تا ۱۵؍ سال پرانی ٹیکسیوں میں بھی یو آئی نمبر کے علاوہ فٹنس کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کو لازمی قرار دے دیا ہے ۔تاڑ دیو آر ٹی او کے مطابق شہر میں چلائی جانے والی نصف سے زائد ٹیکسی ڈرائیوروں یا ان کے مالکان کے پاس گاڑی کا فٹنس سر ٹیفکیٹ نہیں ہے جس کی وجہ سے اکثر گاڑیاں آر ٹی او میں جمع کر لی گئی ہیں یا پھر خود ڈرائیور اور مالکان نے سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر گاڑی کو سڑک پرچلانے سے گریز کیا ۔
اسپیڈ گورنینز، ۱۶؍ ہندسوں پر مشتمل یو آئی نمبر اور گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر بھرت کلاسکر جو تاڑدیو آر ٹی او کے سربراہ بھی ہیں ، نے ریاستی حکومت کی جانب سے نئے اسپیڈ گورنینز کے ساتھ ۱۶؍ ہندسوں کا یو آئی نمبر جاری کئے جانے کی تصدیق کی ۔ انہوںنے کہا کہ’’ جس طرح گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہے اسی طرح ۱۶؍ ہندسوں پر مشتمل یونک آئیڈٹیٹی نمبر لگانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ۔اسے حاصل کرنے کے لئے ڈرائیور اپنی سہولت کے مطابق تاڑدیو کے علاوہ وڈالا ، اندھیری اور بوریولی آر ٹی او سے رابطہ قائم کر سکتا ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’ فٹنس سرٹیفکیٹ اسی صورت میں فراہم کیا جائے گا جب کالی پیلی ٹیکسی کا ڈرائیور یا مالک گاڑی کے تمام دستاویزات کے ساتھ آر ٹی او میں درخواست دے گا۔‘‘
آرٹی او نے اسپیڈ گورنینزاور یوآئی نمبر نصب کرنے کیلئے جو قیمت طے کی ہے، وہ سابقہ قیمت سے دگنی ہے ۔ ذرائع کے بقول یو آئی نمبر اوراسپیڈ گورنینز نصب کرنے کیلئے اب ڈرائیور یا مالک کو خطیر رقم ادا کرنا ہوگی ۔اس عمل کو پورا کرنے کے لئے ٹیکسی ڈرائیور یا ٹیکسی مالک کو پرمٹ ہولڈر کا نام، گاڑی کا نمبر، اسپیڈ گورنر کا پرانا یو آئی نمبر جیسے دستاویزات آر ٹی او میں جمع کرانا ہوگا۔
ٹیکسی اسوسی ایشن کے رکن اقبال سنگھ نے کہا کہ ڈرائیوروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے دستاویزات ہمارے پاس جمع کرائیں تاکہ ہم اپنے لیٹر ہیڈ پر اس عمل کو جلد سے جلد پورا کرا سکیں ۔‘‘