پرتاپ سرنائیک، ششانک رائو اور سینا لیڈر سنجے نروپم کے مطالبات سنیں گے۔ غیرمراٹھی ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کے حکومت کے اقدامات پر بات چیت ہوگی۔
EPAPER
Updated: April 27, 2026, 2:54 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
پرتاپ سرنائیک، ششانک رائو اور سینا لیڈر سنجے نروپم کے مطالبات سنیں گے۔ غیرمراٹھی ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کے حکومت کے اقدامات پر بات چیت ہوگی۔
رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی جاننا لازمی قرار دینے کے تعلق سے آج( پیر کو) دوپہر میں وزیر ٹرانسپورٹ کی ڈرائیوروں کی تنظیم کے نمائندوں اور شیوسینا لیڈر سنجے نروپم کے ساتھ میٹنگ ہوگی جس میں غیرمراٹھی ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کے حکومت کے اقدامات اوردیگر زاویوں پر بات چیت ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: پرائیویٹ اسکولوں میں والدین کیلئے فیس کا مسئلہ برقرار
واضح رہے کہ رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی تنظیم مزدور یونین اور شیوسینا (شندے) لیڈر سنجے نروپم نے ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی جاننا لازمی قرار دینے کے تعلق سے کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈرائیوروں کو مراٹھی سیکھنے کی مہلت ملنا چاہئے۔ ششانک رائو کا کہنا ہے کہ ڈرائیوروں اور مسافروں کے درمیان بہت زیادہ گفتگونہیں ہوتی، عام طور پر کہاں جانا ہے اور علاقے کا نام اتنی ہی بات چیت ہوتی ہے، اس لئے ڈرائیوروں کو تھوڑی مراٹھی جاننا بھی کافی ہوجائے گا۔ متذکرہ باتوں کے پیش نظر وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک آج دوپہر ساڑھے ۱۲؍ بجے مزدور یونین کے سربراہ ششانک رائو اور سینا لیڈر سنجے نیروپم کے ساتھ میٹنگ لے کر ان کے مطالبات سنیں گے۔ ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کیلئے حکومت کیا اقدام کررہی ہے وہ بتائیں گے اور اگرمتذکرہ افراد کی تجاویز عمل میں لائی جاسکتی ہے تو اس پر بھی غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی شہر شدید فضائی آلودگی کی زد میں
یاد رہے کہ یکم مئی کو یوم مزدور ہی سے پوری ریاست میں ٹیکسی اور رکشا کے ساتھ ایپ سے چلنے والی گاڑیوں اولا، اوبر، ریپیڈو اور بائیک ٹیکسی والوں کیلئے مراٹھی جاننا لازمی قرار دیا جائے گا۔ چونکہ یوپی اور بہار سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد مراٹھی نہیں جانتے اس لئے وہ اس قانون پر احتجاج کررہے ہیں کیونکہ جو افراد مراٹھی نہیں جانتے ان کے لائسنس اور بیج وغیرہ معطل کئے جاسکتے ہیں۔