Inquilab Logo Happiest Places to Work

ای چالان کے خلاف آج ریاست بھر کے ٹرانسپورٹروں کا آزاد میدان پر احتجاج

Updated: March 05, 2026, 5:28 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

اسکول بس مالکان کے شریک ہونے سے ۵؍اور ۶؍مارچ کو بس سروس بند رہیں گی ۔ طلبہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

E Challan.Photo:INN
ای چالان۔ تصویر:آئی این این
 محکمہ ٹریفک کے ای چالان جاری کرنے کےخلاف   جمعرات (آج) آزاد میدان پر ٹرانسپورٹروںنے احتجاج کرنےکا اعلان کیا ہے  اور حل نہ نکلنے کی صورت میں ۶؍مارچ سے غیر معینہ بند کاانتباہ دیا ہے۔ اس میں اسکول بس مالکان بھی شریک ہیںجس کی وجہ سے ۵؍اور ۶؍مارچ کو بس سروس بند رہیں گی۔ ایسےمیں جاری بورڈ امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ای چالان کے خلاف ریاست کے ٹرانسپورٹروں میں شدید برہمی ہے  ۔بدھ کو متعدد علاقوںمیں ٹرانسپورٹروںنے اپنی گاڑیوں کامسلسل ہارن بجاکر جمعرات کے احتجاج کاعلامتی اظہار کیا۔ واضح رہےکہ ٹرانسپورٹروں کی شکایت ہےکہ ٹریفک پولیس غیر قانونی طور پر ٹرانسپورٹرز کو ای چالان جاری کرتی ہے۔ اکثر اوقات پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ قانو ن کی پابند ی کے باوجود ٹریفک پولیس ای چالان جاری کر رہی ہے۔ کئی مقامات پر افسران کے بجائے دیگر ملازمین ای چالان جاری کرتے ہیں۔ جس سےٹرانسپورٹروں میں غم و غصہ پایاجارہا ہے ۔
اس ضمن میں متعدد مرتبہ حکومت کی توجہ مبذول کرائی گئی لیکن اس کاحل نہیں نکل سکاہے۔صرف وعدے کئے جاتےہیں۔مجبوراً ریاست کے ٹرانسپورٹروں نےجمعرات کو آزاد میدان میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر اس کے بعد بھی کوئی حل نہ نکلا تو جمعہ کو غیر معینہ مدت کیلئے بندکا اعلان کیا گیا ہے۔
اسکول بس مالکان کی تنظیمیں بھی اس میں حصہ لےرہی ہیں۔ریاست میں ۸؍ ہزار سے زیادہ اسکول بسیں ہیں۔ ان تمام بسوں کے مالکان اور ڈرائیور احتجاج میں شرکت کریں گے۔ اس لئےجمعرات اور جمعہ کو طلبہ کو اسکول بسوں کے بغیر اسکول جانا پڑسکتا ہے۔ چونکہ امتحانات جاری ہیں  اس لئے طلبہ کو پیدل یا دیگر نجی گاڑیوں سے اسکول جانا ہوگا۔ چھوٹے شہروں کے بچےکے اس بند سے کافی حد تک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ والدین کو اپنے بچوں کے وقت پر اسکول پہنچنے کو یقینی بنانے کیلئے سخت محنت پریشانی ہوگی۔
 
 
اسکول بس اسوسی ایشن کے صدر انل گرگ نے بتایا کہ’’ اس سے طلبہ کی پڑھائی اور اس کے نتیجے میں امتحانات متاثر ہونے کا امکان ہے۔ہم نے تمام اسکولوں کے ذمہ داران کو بھی اطلاع دے دی ہے تاکہ اگر وہ اپنے طورپر کوئی انتظام کرناچاہتےہیں تو کرلیں۔ ‘‘ انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’جمعرات کو ریاست بھر سے ایک لاکھ سے زیادہ گاڑیاں ممبئی کے آزاد میدان پرجمع ہوسکتی ہیں ۔ اگر حکومت ہماری بات نہیں مانتی ہے تو ہم جمعرات کی آدھی رات سے غیر معینہ مدت بند کااعلان کریں گے ۔ ‘‘
 
 
مہاراشٹر ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی نےکہا ہے کہ  ہر وہ شخص جو رکشا، ٹیکسی، بسیں اور ذاتی کاریں چلاتا ہے ، وہ ای چالان اور جابرانہ قوانین کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے، وہ اس میں شامل ہوسکتا ہے کیونکہ    یہ  ایک عوامی تحریک ہے ۔ اس نے تمام لوگوں سے اس احتجاج  میں شامل ہونے کی اپیل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK