بھیونڈی- واڑہ شاہراہ پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھوں نے شہریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ جمعہ کو پاریوالی گاؤں کے قریب ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا
EPAPER
Updated: June 20, 2025, 10:42 PM IST | Mumbai
بھیونڈی- واڑہ شاہراہ پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھوں نے شہریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ جمعہ کو پاریوالی گاؤں کے قریب ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا
بھیونڈی- واڑہ شاہراہ پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھوں نے شہریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ جمعہ کو پاریوالی گاؤں کے قریب ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک بڑے گڑھے میں پھنس کر الٹ گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں ۴؍ سے ۵؍ کلومیٹر طویل ٹریفک جام ہو گیا جس نے نہ صرف ٹریفک کی روانی کو بری طرح متاثر کیا بلکہ اسکول جانے والے بچوں، مریضوں اور ملازمت پر جانے والے افراد کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ صبح کے وقت پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سیکڑوں افراد ٹریفک میں گھنٹوں پھنسے رہے۔ اسکول جانے والے طلبہ اپنی کلاسوں سے محروم رہ گئے جبکہ کئی ملازمین وقت پر دفتر نہ پہنچ سکے۔ لوگوں نے بتایا کہ ۲۰، ۳۰؍منٹ کا سفر آج دو سے تین گھنٹے میں طے ہوا۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہائی وے پر گڑھوں کی شکایت کئی بار کی جا چکی ہے مگر متعلقہ محکمے کی جانب سے کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کی گئی۔ سڑک کی خستہ حالی صرف آمد و رفت میں رکاوٹ نہیں ہے بلکہ شہریوں کی جان کیلئے بھی خطرہ بن چکی ہے۔حادثے کے بعد ٹریفک پولیس اور مقامی پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد ٹریفک کو بحال کیا۔ تاہم اس دوران سیکڑوں گاڑیاں، ایمبولنس، اسکول بسیں اور دو پہیہ گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔شہریوں اور مقامی سماجی تنظیموں نے انتظامیہ سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر سڑک کی مرمت کی جائے تاکہ آنے والے دنوں میں مزید حادثات سے بچا جا سکے۔