۵۹؍ویں یوم تاسیس کے موقع پر سائن میں ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’کم اینڈ کِل می‘‘ تو شندے نے کہا کہ مرے ہوئے کو کیا مارنا
EPAPER
Updated: June 20, 2025, 10:38 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
۵۹؍ویں یوم تاسیس کے موقع پر سائن میں ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’کم اینڈ کِل می‘‘ تو شندے نے کہا کہ مرے ہوئے کو کیا مارنا
جمعرات کو شیوسینا کا ۵۹؍ واں یوم تاسیس دونوں خیموں ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا (ادھو ) اور ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کی جانب سے الگ الگ مقامات پر منایاگیا۔ادھوٹھاکرے کی ریلی شنمکھا نند ہال(سائن) میں جبکہ این ایس سی آئی ہال (ورلی ) میں ایکناتھ شندے کی ریلی ہوئی۔ اس موقع پر دونوں نے ایک دوسرے پر شدید تنقید کی۔ ادھو ٹھاکرے نے ایکناتھ شندے کیمپ کو للکارا کہ’آؤ اور مجھے ختم کر دو! (کم اینڈ کِل می!) لیکن آتے وقت ایمبولنس ساتھ لے کر آنا کیونکہ تم لیٹ کر ہی واپس جاؤ گے۔‘‘ ایکناتھ شندے نے اپنی تقریر میںادھو ٹھاکرے کو جواب دیا اور کہا کہ ’’مرے ہوئے کو کیا مارنا ہے۔‘‘
ادھوٹھاکرے نے بی جے پی کو سیاسی پارٹیوں کو توڑنے والی پارٹی قرار دیا ۔ جبکہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ادھو ٹھاکرے کےالزام پر کہاکہ ’’ مَیں اس بول بچن کا جواب نہیں دوں گا۔‘‘
ادھو ٹھاکرے نے اپنے والد آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے کےانداز میں اپنے تقریر کا آغاز کرتےہوئے ایکناتھ شندے کیمپ پر ’ٹھاکرے برانڈ‘کو تباہ کرنےکی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ ادھو ٹھاکرے نے ریلی سے خطاب کرتےہوئے، ۱۹۹۱ء کی ہندی فلم ’پرہار‘کے اداکار نانا پاٹیکر کے ایک مکالمے کا حوالہ دیا جس میں نانا پاٹیکر غنڈوں کے ایک گروپ کے درمیان کھڑے ہو کر انہیں للکارتے ہیں، اسی طرح مَیں بھی غداروں کو للکارتا ہوں کہ ’ ’آؤ اور مجھے ختم کر دو!(کم اینڈ کِل می!)‘‘ ادھو نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی پارٹیوں کو تقسیم کرنے والی پارٹی ہے اور بی جے پی اور شندے مراٹھی پارٹیوں کے درمیان اتحاد کو روکنے پربضد ہے۔‘‘ انہوںنے کہاکہ ’’وہ ہمیں روکنے کیلئے ہوٹل میں میٹنگ کر رہے ہیں لیکن اگر آپ ٹھاکرے برانڈ کو تباہ کرنے کی کوشش کریں گے تو ہم بی جے پی کو تباہ کر دیں گے۔‘‘
یہ ریمارکس بلدیاتی انتخابات سے پہلے ادھو کے کزن راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس)کے ساتھ ممکنہ اتحاد کی قیاس آرائیوں کے درمیان آئے ہیں۔
ادھوٹھاکرے نے شندے پر الزام لگایاکہ ’’جو اپنا باپ بدلتے ہیں اور جن کو سیاست میں کوئی اولاد نہیں ہوتی ایسے افراد گھرانے شاہی پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’ ایئر انڈیا کا طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا، ممبئی کے میٹرو اسٹیشن، ایئر پورٹ پر پانی ٹپک رہا ہے اور دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ ہو گئی ان تمام حادثات کی کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں؟‘‘انہوں نے کہا کہ’’جو پارٹی ریاست کی بہنوں اور ماؤں کو ماہانہ ۲۱۰۰؍ روپے معاوضہ دینے کاوعدہ کر کے مکر جائے وہ ہم سے کیا ہوا وعدہ کو کیا وفا کرتی؟‘‘
ادھو کی للکار کا جواب دیتے ہوئےنائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نےاپنی ریلی میں کہا کہ کسی ایسے شخص پر حملہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے جو پہلے ہی ختم ہوچکا ہے۔ مہاراشٹرکے عوام اسمبلی انتخابات میں آپ ( شیو سینا۔ یوبی ٹی )کو پہلے ہی کچل چکے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ تم نے ایسی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملا ہے جو بابری مسجد تعمیر کرنےاور آرٹیکل ۳۷۰؍ ہٹانے والی نریندر مودی اور امیت شاہ کو گالیاں دیتے ہیں۔تم تو پاکستان کے ایجنٹ ہو۔‘‘