Updated: June 20, 2025, 10:47 PM IST
| Mumbai
اورنگ آباد میں ایک ۹۳؍ سالہ شخص اور ان کی اہلیہ منگل سوتر لینے کیلئے سکے لے کر زیورات کی دکان پرگئے۔ دکاندار نے ان سے منگل سوتر کیلئے ۲۰؍ روپے لئے۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جہاں صارفین نے جوڑے کی محبت اور دکاندار کی فراخ دلی کی تعریف کی۔
اورنگ آباد کا معمر جوڑا منگل سوتر پسند کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس
ایک ۹۳؍ سالہ شخص اپنی بیوی کیلئے منگل سوتر خریدنے کیلئے سکے لے کر زیورات کی دکان پر گیا۔ دکاندار نے اس سے صرف ۲۰؍ روپے لئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر (پرانا نام اورنگ آباد) کے ایک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل جیت لئے جس میں ایک ۹۳؍ سالہ شخص اور ان کی بیوی کے خوبصورت رشتے کی عکاسی کی گئی ہے۔ یہ جوڑا دو دن قبل منگل سوتر خریدنے کیلئے گوپیکا جویلرز گیا تھا۔ دکان میں داخل ہونے کے بعد ۹۳؍ سالہ شخص اور ان کی اہلیہ نے منگل سوتر دیکھنے شروع کر دیئے۔ ایک منگل سوتر کا انتخاب کرنے کے
بعد دکاندار نے نرمی سے سوال کیا کہ ان کے پاس کتنے پیسے ہیں؟ خاتون نے ایک ہزار ۱۲۰؍ روپے کی نقد رقم نکالی۔ دکاندار نے مسکراتے ہوئے مذاقاً کہا ’’بہت زیادہ پیسے ہیں؟‘‘ معمر شخص نے یہ سوچھ کر کے پیسے کم ہیں اپنے بیگ سے سکوں کے دو بیگ نکالے اور پیسے دینے چاہے۔ تاہم، اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دکاندار نے پیسے لینے سے انکار کر دیا۔ دکاندار نے ان سے کہا کہ وہ صرف ۲۰؍ روپے لے گا، دونوں سے ۱۰؍، ۱۰؍ روپے۔ جوڑا جذبات سے مغلوب ہوگیا اور عملے کی آنکھوں میں بھی آنسو آگئے۔ ایکس پر اس ویڈیو کو ۱ء۲؍ لاکھ ویوز ملے۔ صارفین نے جوڑے کی محبت اور دکاندار کی فراخ دلی کی تعریف کی۔