امریکی صدر نے دونوں ملکوں میں براہ راست گفتگوکیلئے کوشاں ہونے کا بھی دعویٰ کیا،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایسی تمام کوششوں کا خیر مقدم کیا۔
EPAPER
Updated: May 15, 2025, 2:04 PM IST | Inquilab News Network | Riyadh
امریکی صدر نے دونوں ملکوں میں براہ راست گفتگوکیلئے کوشاں ہونے کا بھی دعویٰ کیا،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایسی تمام کوششوں کا خیر مقدم کیا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ہند-پاک جنگ بندی قائم رہے گی اور ممکن ہے امریکہ دونوں ممالک کے لیڈروں کو عشائیہ پر اکٹھا کرلے۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دورہ سعودی عرب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے، ممکن ہے امریکہ ان ممالک کے لیڈروں کو ایک جگہ جمع کرلے۔ ٹرمپ نے کہا کہ کچھ ہی روز پہلے میری انتظامیہ تشدد کے بڑھتے واقعات رکوانے کیلئے تاریخی جنگ بندی میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس کیلئے تجارت کو بڑی حد تک استعمال کیا۔
صدرٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کی قیادت سے کہا کہ آئیں ڈیل کریں ، کچھ تجارت کی جائے۔ نیوکلیئر میزائل نہ چلائیں، ان چیزوں کی تجارت کریں جو آپ بہت عمدہ بناتے ہیں ۔ امریکی صدر نے اپنی بات کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس بہت طاقتور، مضبوط اور ذہین لیڈر ہیں، اس وجہ سے جنگ رک گئی ہے۔ امید ہے آگے بھی ایسا ہی رہے گا۔ اگریہ جنگ نہ رکتی تو اس میں لاکھوں لوگ مرسکتے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان کے ذریعہ اعلان کیا تھاکہ پاکستان اور ہندوستان جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔
دریں اثناسعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے امریکی صدر کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تنازعات کے حل کا وہ خیر مقدم کریں گے۔ ریاض میں گلف سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ جی سی سی خطےمیں امن کا خواہاں ہے، اسلئے ہم غزہ میں جنگ بندی پر زور دیتے ہیں۔