• Tue, 02 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کا دعویٰ: ہندوستان نے درآمداتی ڈیوٹی کو نہ ہونےکے برابرکم کرنے کی پیشکش کی

Updated: September 02, 2025, 1:28 PM IST | Agency | Washington

ٹروتھ سوشل پرلکھے گئے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ’’(ہندوستانی پیشکش کو) اب بہت دیر ہوچکی ہے،انہیں ایسا بہت پہلے کر لینا چاہیے تھا‘‘۔

Donald Trump. Picture: INN
ڈونلڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو دعویٰ کیا کہ ہندوستان نے امریکی مصنوعات پر درآمداتی محصول کو `نہ ہونے کے برابر کرنے کی پیشکش کی ہے، لیکن اب بہت دیر ہو چکی ہے۔  پیر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں  ٹرمپ نے لکھا کہ ’’ہندوستان نے طویل عرصے سے امریکی مصنوعات پر دنیا میں سب سے زیادہ ٹیکس عائد کیا ہے اور اس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان یک طرفہ تجارت ہوئی ہے۔‘‘  انہوں نے اسے ’یک طرفہ تباہی‘ قرار دیا۔  امریکی صدر نے مزید لکھا، ’’انہوں نے (ہندوستان) اب درآمداتی ڈیوٹی کو نہ ہونے کے برابر کرنے کی پیشکش کی ہے، لیکن اب بہت دیر ہوچکی ہے۔ انہیں ایسا بہت پہلے کر لینا چاہیے تھا۔‘‘
 قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے یکم اگست سے ہندوستانی اشیا پر درآمدی ڈیوٹی بڑھا کر۲۵؍ فیصد کر دی تھی جسے۲۷؍ اگست کو دوگنا کرکے۵۰؍ فیصد کر دیا گیا تھا۔امریکہ کے اس اقدام کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تلخی آ گئی ہے۔    ٹرمپ نے کہا کہ بہت کم لوگ سمجھتے ہیں کہ امریکہ ہندوستان کے ساتھ بہت کم تجارت کرتا ہے جبکہ ہندوستان امریکہ کے ساتھ بہت زیادہ تجارت کرتا ہے۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ امریکہ ہندوستان کا سب سے بڑا گراہک ہے اور ہندوستان اسے بڑی مقدار میں سامان فروخت کرتا ہے جبکہ وہ امریکہ سے بہت کم خریدتا ہے۔ انہوں نے ہندوستان میں امریکی مصنوعات پر اعلیٰ درآمداتی محصولات کو اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا’’یہ مکمل طور پر یک طرفہ تباہی تھی۔‘‘امریکی صدر نے روس سے تیل خریدنے پر ایک بار پھر ہندوستان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا، ’’ ہندوستان زیادہ تر خام تیل اور فوجی مصنوعات روس سے خریدتا ہے، ہم سے اس کی خریداری بہت کم ہے۔‘‘ ٹرمپ نے ہندوستانی مصنوعات پر عائد۲۵؍ فیصد درآمدی ڈیوٹی کو روس سے خام تیل اور فوجی ساز و سامان کی خریداری جاری رکھنے پر تعزیری کارروائی قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK