• Tue, 13 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کی مسلم امیدوارعبدل السید پر تنقید، نام بگاڑ کر پکارا، عبدل کا جوابی حملہ

Updated: October 12, 2026, 9:04 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مشی گن سے سینیٹ کے مسلم امیدوار عبدل السید کو بار بار غلط نام سے مخاطب کرتے ہوئے ان پر جہادی اور انتہا پسند ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ عبدل السید نے ٹرمپ کے رویے کو مسلمانوں اور ان کے مذہب کو نشانہ بنانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ملک میں تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔

Donald Trump and Abdul El-Sayed. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ اور عبدل السید۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مشی گن سے سینیٹ کے امیدوار عبدل السید پر ایک بار پھر سخت حملہ کرتے ہوئے ان کا نام غلط لیا اور کہا کہ وہ ڈیموکریٹ امیدوار کو ’’جو چاہیں، وہ نام دے سکتے ہیں۔ ‘‘ٹرمپ بارہا مسلم امیدوار عبدل السید کو ’’محمد‘‘ کہہ کر مخاطب کر چکے ہیں، حالانکہ ان کا اصل نام عبدل ہے۔ ۴۱؍ سالہ ماہرِ وبائی امراض عبدل السید نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ یہ سینیٹ انتخابات ملک کے اہم ترین انتخابی مقابلوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ ٹرمپ اکثر ترقی پسند ڈیموکریٹ امیدوار پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں امیدوار کا نام تک معلوم نہیں اور انہیں ’’جہادی جنونی، جو ہمارے ملک سے نفرت کرتا ہے‘‘ قرار دیتے ہیں۔ اگر عبدل السید منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ امریکہ کے پہلے مسلم سینیٹر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے: نوبیل انعام برائے معاشیات ۲۰۲۶ء کا اعلان، رابرٹ ہال اور مائیکل ووڈ فورڈ فاتح

ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے چیخ کر کہا، ’’کسی نے کہا کہ ان کا نام محمد نہیں ہے۔ ‘‘ اس کے بعد انہوں نے دھیمی آواز میں تسلیم کیا کہ وہ ڈیموکریٹ امیدوار کا اصل نام جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ان کا نام عبدل ہے۔ ‘‘تاہم، نام درست بتانے کے باوجود ٹرمپ نے اصرار کیا، ’’میرے نزدیک تو وہ محمد ہی ہیں۔ ‘‘ انہوں نے حاضرین کی تالیوں اور نعروں کے درمیان کہا، ’’میں صدر ہوں۔ میں انہیں جو چاہوں، وہ نام دے سکتا ہوں۔ ‘‘ ٹرمپ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا، ’’میرے نزدیک وہ محمد ہے اور ایک انتہا پسند جہادی ہے۔ یہ شخص جہادی ہے۔ ‘‘ اس کے بعد انہوں نے بلند آواز میں کہا، ’’میں مشی گن سے کسی جہادی کو سینیٹر بنتے نہیں دیکھنا چاہتا۔ ‘‘ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ انہوں نے۲۰۱۶ء، ۲۰۲۰ء اور۲۰۲۴ءمیں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مشی گن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’ویسے میں نے مشی گن میں بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کیلئے آپ کا بہت شکریہ۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: روسی ڈیزل معاہدہ: ٹرمپ کو دونوں جماعتوں کی تنقید کا سامنا

ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ
جمعرات کو مائیک راجرز اور عبدل السید کے درمیان ٹیلی ویژن پر ہونے والے مباحثے کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ریپبلکن امیدوار کی تعریف کی۔ انہوں نے لکھا، ’’مشی گن سے امریکی سینیٹ کیلئے ریپبلکن امیدوار اور عظیم امریکی محب وطن مائیک راجرز نے آج رات کے بڑے مباحثے میں محمد السید کو مکمل طور پر پچھاڑ دیا۔ ‘‘ٹرمپ نے مزید لکھا، ’’اگر یہ کوئی لڑائی ہوتی تو اسے درمیان ہی میں روک دیا جاتا۔ محمد ایک جہادی جنونی ہے، جو ہمارے ملک اور ڈیٹرائٹ کے سیاہ فام شہریوں سے نفرت کرتا ہے اور امریکہ کو ناکام ہوتا دیکھنا چاہتا ہے۔ ‘‘انہوں نے عبدل السید کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ان کے بیانات جھوٹ اور فریب سے بھرے ہوئے ہیں اور وہ قد، حب الوطنی اور سچائی کے معاملے میں کمزور ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی انتخابی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشی گن میں بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی اور مائیک راجرز ہی وہاں کے عوام کے لیے موزوں امیدوار ہیں۔ ٹرمپ نے اسی روز ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی عبدل السید کا نام غلط لکھا تھا۔ انہوں نے انہیں ’’ڈیموکریٹس کا ایک خراب امیدوار‘‘ قرار دینے کے ساتھ ’’انتہا پسند‘‘ اور ’’دہشت گردوں کا حامی‘‘ بھی کہا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: روسی ریفائنریوں پر حملے روکنے کی اپیل نظرانداز، ٹرمپ کا پوتن سے ڈیزل معاہدہ

عبدل السید کا ردعمل
عبدل السید نے جمعرات کو ٹرمپ کی جانب سے نام غلط لکھے جانے والی پوسٹ پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’وہ جانتے ہیں کہ میرا نام عبدل ہے۔ وہ ہر روز میرا نام لیتے ہیں۔ لیکن وہ صرف مجھ پر حملہ نہیں کر رہے، بلکہ ہم سب کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’وہ ہمارے بارے میں انتہائی گھٹیا رائے رکھتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ وہ میرے نام اور میرے مذہب کو استعمال کرکے ہماری توجہ ان مشکلات سے ہٹا سکتے ہیں جو ان کی پالیسیوں کے باعث ہمیں پٹرول پمپ، گروسری اسٹور اور ڈاکٹر کے کلینک پر جھیلنی پڑ رہی ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں حقیقت کا شعور نہیں ہے۔ اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK